وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ 12ربیع الاول تا17ربیع الاول ہفتہ وحدت و اخوت منائیں گے، مجلس وحدت مسلمین کے تمام صوبائی و ضلعی دفاتر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی اور میلاد کے جلوس میں شریک ہوں گے۔ملت تشیع کی طرف سے میلاد کے جلوسوں کے راستوں میں سبیلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نقوی نے کہا کہ آج بارہ ربیع الاول کو امام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ کے سامنے استقبالیہ کیمپ، شربت اور چائے کی سبیل لگائی جائے گی، استقبالیہ کیمپ میں تمام مذہبی رہنما اور سیاسی شخصیات شرکت کریں گے، قبل ازیں اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلاد النبی(ص)میں تمام مسلمانوں خصوصا تمام مومنین اور تنظیمی عہدیداران سے اپیل کرتا ہوں کہ پورے پاکستان میں جشن عید میلاد النبی ص کو شایان شان طریقے سے منائیں جلوس کے رستوں میں سبیلیں اور نیاز کا اہتمام کریں ساری دنیا دیکھ لے کہ نبی ص کے عاشق متحد اور خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔آئین پاکستان کو ہر طریقے سے پامال کیا جا رہا ہے۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کولاہور واپڈا ٹان سے پولیس کی وردی پہنے افراد نے یکم نومبر کی شب اغوا کیا۔ اس واقعہ کو ایک ماہ گزر چکا ہے اور ان کا تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکے۔حکومت الزام لگاتی ہے کہ انہیں ہمارے مخالف اداروں نے اغوا کیا ہے ہمارا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں جبکہ اداروں کی طرف سے بھی مسلسل لاعلمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ناصر شیرازی کے معاملے میں ہم حکومت کا تعاقب کرنا نہیں چھوڑیں گے۔ 10دسمبر کو لاہور میں بھرپوردھرنا دیا جائے گا۔