وحدت نیوز(بہاولپور) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے قائم مقام سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی نے صوبائی سیکرٹری تربیت سید وسیم عباس زیدی کے ہمراہ بہاولپور کا دورہ کیا، دورے کے دوران بہاولپور کے ضلعی سیکرٹری جنرل سید اظہر حسین نقوی اور کابینہ کے رہنمائوں سے ملاقات کی، اس موقع پر صوبائی رہنمائوں نے 13 ،14 جنوری کو ملتان میں ہونے والے ''مہدی برحق تنظیمی و تربیتی ورکشاپ ''کی دعوت دی اور ضلع کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سلیم عباس صدیقی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین 25دسمبر کو قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر ''یوم قائداعظم'' شایان شان طریقے سے منائے گی، جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں مختلف نوعیت کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے، اُنہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قائداعظم کے پاکستان کا مطالبہ کر رہی ہے، دشمن ہمیں تقسیم کرنا چاہتا ہے، ہم اتحاد بین المسلمین کے ذریعے دشمن کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔