وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی دو روزہ تربیتی و تنظیمی ورکشاپ جامعہ شہید مطہری ملتان میں اختتام پذیر ہوگئی، ورکشاپ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی اور مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ورکشاپ میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع بشمول ملتان، مظفرگڑھ، علی پور، لیہ، بھکر، رحیم یارخان، میانوالی اور لودھراں کے سیکرٹری جنرل اور ضلعی کابینہ کے افراد نے شرکت کی۔ بعدازاں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کی، اجلاس میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، محمد اصغر تقی، سیکرٹری تنظیم سازی ناصر عباس، سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، سیکرٹری تربیت سید وسیم عباس زیدی، سیکرٹری فلاح و بہبود سید زعیم زیدی، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی، ندیم عباس کاظمی، سید عدیل زیدی، مولانا ہادی حسین ہادی اور اظہر کاظمی موجود تھے۔
اجلاس میں خصوصی طور پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کے مختلف ایشوز پر اظہار خیال کیا گیا، اس موقع پر علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم کی بلوچستان میں سیاسی کامیابی تاریخ ساز ہے، خدا نے اہلیان کوئٹہ اور مظلومین پاکستان کو آغا رضا کی شکل میں عزت سے نوازا ہے، اُنہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں اور شہروں میں عوام کو اپنی طاقت کا احساس کرنا چاہیے، اگر اہلیان علمدار روڈ اپنی طاقت کے ذریعے سے پارلیمنٹ میں اپنی آواز پہنچا سکتے ہیں تو باقی لوگ کیوں نہیں؟۔ اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اگلے الیکشن میں قوم سے توقعات وابستہ ہیں، سانحہ قصور جیسے واقعات حکومت اور حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، حکومت میں موجودکرپٹ وزراء اور مشیر ملک میں جاری بدامنی کے ذمہ دار ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر سانحہ ماڈل ٹائون کے شہدا ء کو انصاف ملتا تو شاید قصور میں زینب کی عصمت دری نہ ہوتی۔