وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کا دو روزہ تنظیمی وتربیتی اجلاس صوبائی شوریٰ سبزہ زار کالونی میںعلامہ سید اقتدار حسین نقوی کی زیرصدارت جاری ہے، اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی قائدین کی شرکت اور خطابات، تفصیل کے مطابق اجلاس میں جنوبی پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے سیکرٹری جنرل اور رہنما شریک ہیں، تمام اضلاع اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے، اجلاس میں خصوصی طور پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، مرکزی سیکرٹری یوتھ علامہ ڈاکٹر یونس حیدری، معاون سیکرٹری تنظیم سازی آصف رضا ایڈووکیٹ شریک ہیں۔
اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل انسانی حقوق کی پامالی کررہا ہے، پاکستان اس وقت فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، ہمیں دشمن بنانے کی بجائے دوستوں کی ضرورت ہے، حکومت عوام سے کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرے، ہتھکڑیوں میں جکڑے ایک اُستاد کی موت پوری قوم کے لیے افسوسناک ہے، اس وقت کرپٹ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے لیکن احتساب بلاتفریق کیا جائے، عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں ۔
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس بھی ملتان پہنچ گئے ہیں ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری دورہ ملتان کے دوران مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے، وہ سورج میانی ملتان میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کریں گے، سہہ پہر 4بجے ملتان میں دیگر عمائدین ، مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔