وحدت نیوز: مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے وزیراعلٰی پنجاب کے مشیر ممبر صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری سے اُن کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، صوبہ جنوبی پنجاب کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے جاوید اختر انصاری نے کہا کہ انشاءاللہ جولائی تک ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام ہو جائے گا اور جنوبی پنجاب کے لوگوں کو لاہور جانے کی بجائے ملتان سے ہی سہولیات فراہم کی جائیں گی، ساتھ ہی انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مذہبی رواداری کیلئے ایم ڈبلیو ایم کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کی محرومیوں کا خاتمہ الگ صوبے سے ہی ممکن ہے، اس خطے کی عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل ضروری ہے، موجودہ حکومت جس طرح کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے، اسی طرح عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی تیزی سے عملدرآمد کی ضرورت ہے۔