وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے، دشمن اس وقت پاکستان کو نیچا دکھانے کے لیے کوشش کر رہا ہے، ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے، جنہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ امت مسلمہ کے خلاف ہے، جس کی زندہ مثال کشمیر، فلسطین سمیت دیگر مسلم ممالک اور وطن عزیز پاکستان میں بھارتی جارحیت ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو جائے اور اسوہ شبیری کا کردار ادا کرے، پوری پاکستانی قوم ملک کے دفاع کے لئے حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بھارت نے اگر کوئی مذموم حرکت کی تو وطن کے دفاع کے لئے اپنا تن من دھن قربان کر دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن بی زیڈ یو کے صدر محمد حر غوری کے والد استاد نذر حسین غوری مرحوم کی قل خوانی کے ایک بڑے اجتماع میں خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں مولانا مختیار حسین نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرائی، قل خوانی میں مخدوم سید محمد علی شاہ، کیپٹن (ر) ناصر مہے، علی شیر بوسن، ملک نور حسین ڈیہڑ، مخدوم سید حامد رضا شاہ، مخدوم سید شیر شاہ، ملک ریاض حسین گھاگھرہ، مخدوم مبارک شاہ، نذیر احمد ہمڑ، ملک شبیر چوہان، ملک لیاقت میتلا، خالد بچہ، غلام حسین بچہ، اے ڈی بلوچ، سید محی الدین شاہ و دیگر نے شرکت کی، علامہ اقتدار حسین نقوی نے مزید کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔