وحدت نیوز (ڈی جی خان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ڈیرہ غازیخان کے زیراہتمام ملک گیر یوم احتجاج کے موقع پر ضلع کے دو مقامات پر نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ اور ریلی نکالی گئی۔ نماز جمعہ کے بعد مرکزی امام بارگاہ حیدریہ دربار سخی سرور سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مولانا ظفر عباس اور ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ٹکٹ ہولڈر خادم حسین، ضلعی سیکرٹری میڈیا سیل جہانزیب حیدر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینزر اور کتبے اُٹھا رکھے تھے، جن پر دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ اور جبری گمشدگیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج علامہ راجہ ناصر عباس عباس جعفری کی اپیل پر شہدائے کوئٹہ ہزار گنجی، شہدائے اوماڑہ سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم احتجاج منایا جا رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سانحہ نیوزی لینڈ پر یقیناً ہر دل غمزدہ ہے، لیکن منافقت کی انتہا ہے، جب پاکستان میں اُسی طرح کا واقعہ پیش آیا تو اسے مذہبی رنگ دے کر آنکھیں بند کرلیں، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم چاہے غیر مسلم تھی، لیکن درد دل رکھتی تھی، ہمارے حکمران چاہے وہ سابق ہوں یا موجودہ، تکفیریت کے غلام بنے ہوئے ہیں، اُنہیں اس بات کی پرواہ نہیں کہ ملک میں مسلسل ایک سازش کے تحت نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔ رہنمائوں نے اپنے خطاب کے دوران وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور اُن شہداء کیلئے پیکج کا اعلان کرے اور بلوچستان میں کھلے عام فرقہ واریت کا بیج بونے والے دہشتگردوں کا قلع قمع کرے۔ دوسرا احتجاجی مظاہرہ نماز جمعہ کے بعد بستی سرور آباد ملکانی میں کیا گیا، مظاہرے کی قیادت مولانا آصف مہدی نے کی۔ مظاہرے کے شرکاء نے حکومت اور دہشتگردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔