وحدت نیوز(لیہ)مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے ضلع لیہ کا ایک روزہ دورہ کیا، دورے کے دوران المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے زیراہتمام جاری فلاحی سرگرمیوں کا جائزہ لیا، اس موقع پر صوبائی کوارڈینیٹر المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل جنوبی پنجاب سید زعیم حیدر زیدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
علامہ اقتدار حسین نقوی نے ضلع لیہ کی کابینہ کے اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور ملک بھر سمیت جنوبی پنجاب میں ہونے والی فعالیت پر گفتگو کی۔ اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل صفدر حسین خان مورانی، مولانا ساجد اسدی، صفدر خان، جمیل حسین خان، ساجد خان اور دیگر رہنما موجود تھے۔
بعدازاں علامہ اقتدار حسین نقوی نے سابق ضلعی سیکرٹری جنرل ڈیرہ غازیخان کی زیرسرپرستی میں چلنے والے الحجت سکول کا دورہ بھی کیا اور اس کاوش کو سراہا۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ الحمداللہ دیگر اضلاع کی طرح لیہ میں بھی فلاحی اُمور کی انجام دہی خوش آئند ہے، کرونا جیسی وبا کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، اس مشکل کی گھڑی میں باہمی اتحاد اور وحدت کے ساتھ عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر آگے بڑھنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت لاک ڈاون کا حکم تو جاری کرتی ہے لیکن اس لاک ڈاون سے متاثرین کے لیے امدادی پیکج سست روی کا شکار ہے، مہنگائی کا طوفان حکومت کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، ماہ رمضان کے شروع میں ہی ذخیرہ اندوزوں نے مارکیٹ سے اشیائے خوردونوش غائب کر دی ہیں جس کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔