وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام مچھ میں قتل ہونے والے مزدوروں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، رہنماؤں نے انسانیت سوز واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی، گزشتہ رات بلوچستان کے علاقہ مچھ میں بیدردی کے ساتھ قتل کیے جانے والے گیارہ مزدوروں کی یاد میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام شمعیں روشن کی گئی۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی رہنما علامہ قاضی نادر حسین علوی، مہر سخاوت سیال، ثقلین نقوی، ضلعی آرگنائزر فخر نسیم صدیقی، غلام عباس نقوی اور دیگر رہنماوں کا کہنا تھا کہ سانحہ مچھ ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ سانحہ مچھ میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ شرکا نے وزیراعظم عمران خان سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ آخر میں شہدا کے بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام آج پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔