وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار نقوی، سلیم عباس صدیقی اور انجینیئر سخاوت علی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر فقط بھارت یا پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک قوم کی آزادی کا مسئلہ ہے، جس کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے بھارت نے سلب کیا ہوا ہے، مگر کشمیری قوم جرات مندانہ طریقے سے اپنی آزادی کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، کشمیری قوم نے کبھی بھی بھارتی غاصبانہ تسلط کو قبول نہیں کیا، آزادی کیلئے دی جانیوالی ان کی بے شمار قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منا کر پاکستانی قوم کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی اور اپنا دینی وملی فرض ادا کر رہی ہے۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کا دکھ محسوس کرتی ہے اور ان کی آزادی کی جدوجہد میں ان کی بھرپور اخلاقی حمایت کرتی ہے۔
بھارت ریاستی دہشت گردی، بربریت اور مظالم کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز کو نہیں دبا سکتا۔ اس آواز کو جتنا دبایا جائے گا، اتنا ہی یہ آواز زیادہ گونجے گی۔ بھارت نے جس طرح غاصبانہ طریقے سے کشمیر پر قبضہ کیا تھا اسی طرح غاصبانہ طریقے سے کشمیر کو اپنا حصہ بنا کر اس کی حیثیت کو تبدیل کرنا چاہتا ہے، مگر کشمیری عوام نے اس فیصلے کو بھی قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اسی جرم کی پاداش میں گذشتہ ڈیڑھ سال سے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے۔ ضروریات زندگی اور انٹرنیٹ جیسی سہولیات سے محروم کرنے سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ اس حوالے سے اقوام عالم چپ کا روزہ توڑے اور کشمیریوں کی آزادی میں اپنا کردار ادا کرے، جبکہ اقوام متحدہ کو چاہیئے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، تاکہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت مل سکے۔