وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کی طرف سے ایم ڈبلیو ایم کے ذیلی ادارے المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل کے پلیٹ فارم سے ایک سو افراد کے لیے راشن بیگ کی تیاری کے بعد غرباء میں تقسیم کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، اس موقع پر ضلعی سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی اور سیکرٹری سیاسیات حسنین کربلائی بھی موجود تھے۔ ''وحدت نیوز'' سے گفتگو کرتے ہوئے مرزا وجاہت علی کا کہنا تھا کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح ضلع ملتان میں المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل کے پلیٹ فارم سے مستحق، غریب اور نادار افراد میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، پہلے مرحلے میں ایک سو افراد کے لیے راشن بیگ تیار کیے گئے ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے پانچ سو افراد کے لیے راشن بیگز تیار کیے جائیں گے۔
ضلعی سیکرٹری سیاسیات حسنین کربلائی نے کہا کہ جس طرح ہم کرونا وائرس سے بچاو کے لیے مسلسل مہم چلا رہے ہیں، ان شاء اللہ ہم کوشش کریں گے کہ المجلس کے پلیٹ فارم سے اُن افراد تک امداد پہنچائیں، جو اس لاک ڈاون سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ملتان، ڈیرہ غازیخان اور علی پور کے ذمہ داران احسن طریقے سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، باقی اضلاع بھی جلد المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل کے پلیٹ فارم اپنی فعالیت شروع کریں گے۔