وحدت نیوز (گلگت) سات دہائیوں سے گلگت بلتستان کے عوام اپنے ہی حکمرانوں کے مظالم کا شکار ہیںآج تک کسی کو ہماری مظلومیت پر ترس نہیں آیا ۔آج بھی حقوق دینے کی بات ہورہی ہے تو پڑوسی ملک چین کے اقتصادی راہداری میں درپیش مشکلات کی بنا ء پر ہورہی ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری سیاسیات غلام عباس نے اتحاد چوک پر منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ احتجاجی جلسہ گلگت بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے جملہ حقوق کی خاطر منعقد کیا گیا تھا جس میں عوام کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس احتجاجی جلسے سے عوامی ایکشن کمیٹی میں شامل تمام اپوزیشن جماعتوں اور مقامی تنظیموں اور انجمنوں کے سرکردہ اراکین نے شرکت کی۔

احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری سیاسیات نے وفاقی حکمرانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے حقوق کسی غیر نے نہیں بلکہ اپنے ہی حکمرانوں نے غصب کئے ہیں ۔آج ان لوگوں کو جی بی کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے جو بقول وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن گلگت بلتستان کے نام سے واقفیت نہیں رکھتے تھے۔کتنی ستم ظریفی ہے کہ گلگت بلتستان کے مستقبل کا فیصلہ ہورہاہے اور یہاں کے عوام اور ان کے نمائندوں کو کچھ معلوم ہی نہیں۔انہوں نے کہا کہ جس کمیٹی میں گلگت بلتستان کی نمائندگی نہ ہو ان کے فیصلے یہاں کے عوام کسی طور قبول نہیں کرینگے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران حکومت کی جانب سے اقتصادی راہداری کے ضمن میں 51 منصوبوں کی فہرست میں گلگت بلتستان کو نظرانداز کرنے پر سخت احتجاج کیا اور خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ہمیں نظر انداز کرکے سی پیک پر کام شروع کیا تو اس خطے کے عوام سراپا احتجاج ہونگے اور یہ اہم منصوبہ تعطل کا شکار ہوگا۔لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ اس خطے کے مستقبل کیلئے بنائی گئی کمیٹی میں گلگت بلتستان اسمبلی کی نمائندگی دی جائے اور عوامی خواہشات کے مطابق فیصلے کئے جائیں۔انہوں نے گلگت بلتستان کو تقسیم کرنے کی خواہش کو دیوانوں کا خواب قرار دیا اور کہا کہ گلگت بلتستان ایک اکائی ہے جس کو تقسیم کرنے والوں کو اس سرزمین دفن ہونے کیلئے بھی جگہ نہیں ملے گی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے سانحہ چارسدہ کے شہداء کی یاد میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے میں شمعیں روشن کی گئیں۔ شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ علی شیر انصاری نے دہشتگردی کے اس بدترین واقعہ کی مزمت کی، ان کا کہنا تھا کہ جب تک نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا اس وقت تک دہشتگردی کے آسیب سے باہر نہیں نکلا جاسکتا۔ علامہ اصغر عسکری نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور ہمددوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔ اس موقع پر شہداء کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختارامامی نے کہاہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجودپاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہ ہوناافسوسناک ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے دنیابھرکے ممالک میں پیٹرول کے نرخوں میں کمی کردی گئی ہے لیکن یہ امرافسوسناک ہے کہ پاکستان میں تاحال پیٹرول کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی اورعوام نہ صرف مہنگے داموں پیٹرول اورڈیزل خریدنے پر مجبورہیں بلکہ بجلی کے نرخ بھی بڑھے ہوئے ہیں۔انہو ں نے مزیدکہاجب بھی عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتاہے تو پاکستان کی آئل اینڈگیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے فوری طورپرقیمتوں میں اضافہ کردیاجاتاہے لیکن جب عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے تواوگراکی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جاتی اورعوام کوکوئی ریلیف نہیں دیاجاتااوروہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے رہتے ہیں۔علامہ مختار امامی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ پیٹرول کی قیمتوں میں فی الفور کمی کی جائے اورعوام کوریلیف دیاجائے۔

وحدت نیوز (لاہور) دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ان سہولت کاروں اور سیاسی سرپرستوں پر ہاتھ ڈالنا ہو گا،انتہا پسند گروہ اب بھی سرگرم ہے،مصلحت پسندی اور سیاسی مفادات کے لئے ملکی سلامتی کو داوُ پر لگا دیا گیا ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کر رہی ہے،جنوبی پنجاب میں دہشتگرد وں کیخلاف کاروائی کا نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے شہدائے باچا خان یونیورسٹی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے بلائے گئے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ عزائم ہمیں جھکا نہیں سکتے،اسلام کے نام پر بربریت اور ظلم کی تاریخ رقم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،ملک پر مٹھی بھر مخصوص نظریہ اور سوچ حامل گروہ کو مسلط نہیں ہونے دینگے،اسلام آباد میں داعش کے حامیوں کیخلاف سینٹ میں پیش کردہ ثبوت پر حکومت کاروائی کرے،وزیر داخلہ کے مبہم اور غیر ذمہ دارانہ بیانات سے عوام ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہے،انہوں نے کہا کہ ہم باچا خان یونیورسٹی شہداء کے لواحقین کے درد کو محسوس کر سکتے ہیں،اس دہشت گردی کی عفریت نے ہمارے چوبیس ہزار سے زائد پیاروں کو ہم سے چھین لئے،لیکن انصاف کے حصول کے لئے مظلوموں کی فریاد کے باوجود حکمرانوں کی کان پر جوں تک نہیں رینگی،دہشت گردوں کیخلاف فوجی عدالتوں میں کاروائی کو تیز کیا جائے ،اور ان درندوں کو سر عام چوراہوں پر لٹکا کر عبرت کا نشاں بنایا جائے۔

علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں داعش کے بڑھتے اثر رسوخ سے پنجاب حکومت آنکھ چرا رہی ہے،پنجاب کے متنازعہ وزیر قانون کے ہوتے ہوئے دہشتگردوں کیخلاف کاروائی کی امید رکھنا ایک حماقت سے کم نہیں،جن کے روابط ایسے گروہوں سے ہوں ان سے خیر کی امید رکھنا ممکن نہیں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امورتعلیم نثارعلی  فیضی نے سانحہ چارسدہ کے حوالے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد قوتیں تعلیمی اداروں پر حملے کر کے ہمارے نوجوان نسل کو تعلیمی عمل سے دور کر نا چاہتی ہیں۔ اس کی طرح کی بزدلانہ کاروائیاں طلباء کے مضبوط ارادوں اور استقامت کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔ علم کا نور جہالت کے اندھیروں پر ہمیشہ حاوی رہے گا۔الیکٹرانک میڈیا کے مختلف نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ تعلیمی اداروں میں سیکورٹی کے نظام کو موثر بنائیں۔ ہر انسان کی جان وہ قیمتی سرمایہ ہے جس کے ضیاع کی تلافی ممکن نہیں۔ دہشت گرد عناصر بغیرکسی معاونت کے اس طرح کی کاروائیوں میں کامیابی حاصل نہیں کر سکتیں۔ ان مخفی عناصر کو بھی بے نقاب کر کے عبرت ناک سزا دی جانی چاہیے جو ملک دشمن قوتوں کے حامی و مددگار ہیں ان مدارس پرفوری پابندی لگائی جائے جن کے منتظمین کے کالعدم جماعتوں سے رابطے ہیں۔نثار فیضی نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک حکومت اپنی صفوں سے ان کے سہولت کاروں کو باہر نکال نہیں پھینکتی۔

وحدت نیوز (چوک اعظم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان چوک اعظم کے سیکرٹری جنرل مصور خان نے باچا خان یونیورسٹی پر علم دشمن دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قومی معماروں کی شہادت پر یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکے،باچا خان یونیورسٹی پر حملہ پاکستان کی سالمیت و استحکام کے خلاف گناونی سازش ہے،قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی نقصان اور قومی سانحہ ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کے خلاف کاروائی کر کے پاکستانی قوم کی جرات کو شکست نہیں دی جا سکتی ،ان اداروں کا فوری محاسبہ کیا جائے جن کے تعلقات کالعدم جماعتوں سے قائم ہیں،وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے تمام شہروں میں فوجی آپریشن کیا جائے،مصورخان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب سمیت ملک بھر سے عالمی دہشت گرد گروہ داعش سے وابسطہ افراد کی گرفتاری پر حکمرانوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب دہشت گردوں کا دوسرا وزیرستان بنا ہوا ہے،مصلحت پسندی اور سیاسی وابستگی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،دہشت گردوں کے سیاسی سرپرست اور سہولت کار اب بھی آزاد ہیں،دہشتگرد کالعدم جماعتیں نام بدل کر مکمل آزادی سے اپنے مذموم کاروائیوں میں مصروف ہیں،نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کیا جا رہا ہے،کرم ایجنسی پاراچنار دھماکے کرنے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف بھر پور کاروائی ہوتی تو آج کا یہ المناک سانحہ نہ ہوتا،دہشتگردی کے شکار شہدا میں تفریق کا عمل دہشت گردی کیخلاف جنگ کو مشکوک بنانے کے مترادف ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree