وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلائو کا سبب کوئی ایک بھی زائرنہیں بلکہ حکومت کی ناقص حکمت عملی  کے باعث یہ ملک کے مختلف حصوں میں پھیلاہے ۔ زائرین کے بارے میں گمراہ کن پروپیگنڈے اور میڈیا ٹرائل کے ذریعے کی گئی کردار کشی متعصبانہ عمل ہے ۔ اس ناانصافی و بددیانتی کے خلاف اگر کوئی زائر عدالتی چارہ جوئی کرے گا تو مجلس وحدت مسلمین اس کے ساتھ کھڑی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کے آغاز سے ہمارے فقہا اور مجتہدین عظام نے حکومتی اور طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کرنے کو واجب قرار دیا تھا۔اگر کوئی شخص اس وبا کاشکار ہے اور دانستہ طور پر کسی کو اس مرض کا شکار کرتا ہے تو وہ نہ صرف ملک  وقوم کا مجرم ہے بلکہ سخت ترین گنہ گار بھی ہے۔ایران سے براستہ سڑک آنے والے زائرین  ایران میں اپنی قیام کی مدت پورے کرنے کے بعد پاکستان میں داخل ہوئے جنہیںتفتان میں موجود قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا۔ بد قسمتی سے تفتان کے قرنطینہ سینٹر کا ماحول اور انتظامات کورونا وبا سے بچائو کی ضروری  احتیاطی تدابیر سے مطابقت نہیں رکھتے تھے۔وہاںاکیس روز تک تمام افراد کو ایک جگہ رکھا گیا اور اس حقیقت کو دانستہ طور پر نظرانداز کیا گیا کہ یہ وبا ایک دوسرے سے فوراََ پھیل سکتی ہے۔ متعلقہ حکام کی اس سنگین  مجرمانہ غفلت کی اصل ذمہ داری وزیر مملکت ظفر مرزا پر عائد ہوتی ہے جن کی ناقص حکمت عملی کے باعث یہ وبا بے قابوہوتی چلی گئی۔قرنطینہ سینٹر سے ان زائرین کو صوبائی حکومتوں کے حوالے کر دیا گیا ۔وہاں اپنی مدت پوری کرنے کے بعد انہیں ضلعی قرنطینہ سینٹرز میں بھیج دیا گیا۔ایران سے آنے والے ہر زائر نے چھ چھ ہفتے سے زائر عرصہ مختلف قرنطینہ سینٹر میں گزارا اور متعلقہ  ادارے سے اجازت کے بعد اپنے گھرروانہ ہوئے۔ حکومت کے کچھ ذمہ داران اپنی ناکامیوں اور نااہلیوں کو چھپانے کے لیے زائرین کو نشانہ بنا کر مذہبی منافرت پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وائرس کا تعلق کسی بھی مذہبی طبقے سے جوڑ کرقوم کے درمیان فاصلے بڑھانا پاکستانی قوم کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے ۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں حکومت کے وسائل کی کمی کو قومی یکجہتی سے دور کیا جا سکتا ہے تاہم آج اس یکجہتی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے یک جاں ہونے کی بجائے سیاسی بیان بازی  اور مخالفتیں عروج پر نظر آ رہی ہیں جن کے نتائج کس بھی اعتبار سے حوصلہ افزا ثابت نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس مشکل سے نکالنے کے لیے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں اور قوم کومشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے کہا ہے کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔مشکل کی اس گھڑی میں مخیر حضرات پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ضرورت مند افراد کی ہر ممکن مدد کریں۔مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن نے اپنے ذیلی ادارے المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کے زریعہ نادار افراد تک مہینے بھر کا راشن پہنچانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس نے اپنے دوسرے مرحلے کو مکمل کر کے متعین اہداف حاصل کر لیے ہیں۔جبکہ اگلے اہداف کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہیں جس کے تحت مخیر حضرات اور دیگر آرگنائزیشنز و ورکنگ گروپس کے اشتراک سے عوام کے گھروں میں راشن کی تقسیم، گنجان آباد علاقوں میں سپرے مہم اور ممکنہ بگڑتی صورت حال کے دوران ہنگامی حکمت عملی جیسے مسائل کو ضلعی انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کر کے حل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے لاک ڈاون کے سبب شہرقائد کے متاثرہ ڈیلی ویجز ملازمین کیلئے راشن بیگز کی فراہمی میں اب تک ضلع وسطی، غربی،جنوبی، شرقی، ملیر، لانڈھی کورنگی کے پانچ ہزارسے زائد متاثرہ خاندانوں میں بلاتفریق رنگ ونسل مذہب ومسلک تقسیم یہ راشن بیگز تقسیم کیئے گئے ہیں۔ الحمد اللہ راشن بیگز کی تقسیم کے تیسرے مرحلے کی تیاریوں آغاز بھی کردیا گیا ہے، مخیرحضرات زیادہ سے زیادہ مالی تعاون فرماکر اس کارخیرمیں بھرپورحصہ لیں۔

وحدت نیوز(ڈی آئی خان) قرنطینہ سینٹر ڈیرہ اسماعیل خان میں مقیم 121 زائرین کوروناٹیسٹ منفی آنے پر اپنے اپنے گھروں کو روانہ کردیئے گئے ہیں ۔ قرنطینہ سینٹر ڈیرہ اسماعیل خان سے فارغ ہوکر جانے والے زائرین کا تعلق اسلام آباد، راولپنڈی، ڈیرہ اسماعیل خان، پاڑاچنار، ہنگو، کوہاٹ، بنوں، مردان، چارسدہ، پشاور، مانسہرہ، صوابی، ہری پور، ایبٹ آباد، اپردیر، مالاکنڈ، سوات، کراچی، گجرانوالہ، گجرات، جھنگ ، منڈی بہاؤالدین سے ہے ۔ قرنطینہ میں موجود باقی زائرین کے رزلٹ منفی آنے کے بعد وہ بھی اپنے گھروں کو روانہ ہو ں گے ۔

مجلس وحدت مسلمین ڈیرہ اسماعیل خان کے سیکریٹری جنرل علامہ سید غضنفرعباس نقوی نےزائرین کو الوداع کرتے ہوئے کہاکہ ہم ڈیرہ کی ضلعی انتظامیہ، سٹیشن کمانڈر ڈیرہ ،کمشنر ڈیرہ ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ،آر پی او ڈیرہ ،ڈی پی او ڈیرہ،ڈاکٹرماجد خان اورمیڈکل سٹاف کا شُکریہ ادا کرتے ہیں ،قرنطینہ سینٹر ڈیرہ اسماعیل خان میں زائرین کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہوئی ۔

انہوں نے کہاکہ زائرین کو بہترین کھانا،بہترین رہائش، بہترین صفائی ، میڈسن وقت پر دی گئی ۔ میں اپنی پوری ٹیم کا بھی شکر گُزار ہوں کہ مومنین کے تعاون سے زائرین تک کپڑے، دودھ،فروٹ ،صابن شیمپو،بچوں کے کھلونے وغیرہ قرنطینہ سینٹر پہنچانے میں مدد کرتےرہے۔


انہوں نے مزید کہاکہ قرنطینہ سینٹر میں موجود باقی زائرین کی خدمت المجلس ڈیزاسٹرمینجمنٹ سیل جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ زائرین ڈیرہ انتظامیہ اور ڈیرہ کے مومنین کی محبت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔

وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے 10 شعبان المعظم یوم ولادت با سعادت حضرت علی اکبر ع اور یوم جوان کی مناسبت سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت علی اکبر ع اپنی پاکیزہ سیرت اور حسن کردار کے باعث نوجوانوں کے لئے آئیڈیل شخصیت ہیں آپ اخلاق و کردار اور صورت و سیرت میں سیدالانبیاء ص سے شباھت رکھتے تھے اس لئے آپ کو شبیہ پیغمبر کہا گیا۔  آج ہمارے جوانوں کو حضرت علی اکبر ع کی سیرت اپنا کر حق کی سربلندی کے لئے میدان عمل میں رہنا چاہیے۔ حضرت علی اکبر ع کا صبر و حوصلہ شجاعت و معرفت  اور راہ خدا میں ھجرت و جہاد اور امام زمانہ ع کی اطاعت و نصرت ہمارے لئے رہنما اصول ہیں۔

انہوں نےکہا کہ مشکل ترین حالات میں المجلس ڈزاسٹر مینجمنٹ سیل کے دوستوں کی گرانقدر خدمات لائق صد تحسین ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہمارے نوجوانوں نے قومی امور میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔ ہمارے جوانوں کو تعلیمات محمد ص و آل محمد ع کے سائے میں اپنے کردار کو مثالی بنا کر وطن عزیز پاکستان کے سبھی جوانوں کے لئے رہنما بننا چاہئے۔

وحدت نیوز(لاہور) سینئر ممبر پولیٹکل کونسل پنجاب مجلس وحدت مسلمین ,انچارچ المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل لاہور و ساہیوال ڈویژن سید حسین زیدی نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور ڈاکٹر حسین مودود سے ہنگامی بنیادوں پر میٹنگ کی اورکارونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے سبب حلقہ NA. 120کے 175 ضرورت مندخاندانوں کے لیے راشن (مکمل کریانہ + سبزیاں ایک ماہ کا ) موصول کر کے متعلقہ حلقہ کے یونٹ سیکرٹری جنرل خرم نقوی کے سپرد کر دیا ہے جو کہ جلد از جلد میرٹ کی بنیاد پر ضرورت مند افراد کے حوالے کر دیا جائے گا. اس کے علاوہ اور مزید راشن کی دستیابی کے لئے کوششیں جاری ہیں ہم سینئر ممبر پولیٹکل کونسل پنجاب سید حسین زیدی صاحب کی کاوشوں کو سہراتے ہیں ۔

وحدت نیوز(کوہاٹ) المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل ذیلی ادارہ مجلس وحدت مسلمین ضلع کوہاٹ کی جانب سے مختلف علاقوں میں کورونا سے بچاو کیلئے حفاظتی سپرے کیا گیا اور عوام میں سینٹیلائزر تقسیم کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے ضلع کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں 30 سے زائد مساجد، امام بارگاہوں اور زیارات میں جراثیم کش سپرے کئے گئے۔

 اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنماء قاسم علی، ضلعی رہنماء سید اسماعیل، قاصد علی اور وجاہت حسین موجود تھے۔ علاوہ ازیں عوام میں 600 بوتلیں سینیاٹائرز بھی تقسیم کئے گئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر سے بھی آگاہ کیا۔

Page 4 of 210

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree