وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے جمیعت الوفاق ملی بحرین کے سربراہ علامہ شیخ علی سلمان کی غیر منصفانہ 4سال قید کی سزا کو قابل مذمت قرار دیا اور کہا کہ آل خلیفہ اقتدار کے نشے میں چور ہوکر عوامی حقوق  کی موثر آواز کو دبانہ چاہتے ہیں ، شیخ سلمان کی بلاجواز گرفتاری حریت پسند بحرینی عوام کی تحریک کے راستے کی دیوار نہیں بنے گی۔

 دوسری جانب بحرین کی جمعیت وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان نے کہا ہے کہ میں ثابت قدم رہوں گا، رپورٹ کے مطابق بحرین کی عدالت سے چار سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد شیخ علی سلمان نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے شاہی حکومت کے اقدامات پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمارا ملک ایسا ہونا چاہئے کہ جس میں عدل و انصاف اور عالمی قوانین کی بنیاد پر حکومت قائم ہو، انتخابات کرائے جائیں اور جہاں لوگوں کو شہر بدر یا ملک بدر نہ کیا جائے۔ شیخ علی سلمان نے بحرینی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لئے پرامن جدوجہد جاری رکھیں۔ قابل ذکر ہے کہ شیخ علی سلمان کو مقامی تھانے سے بحرین کی سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق جمعیت وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان کی آمد کے بعد بحرین کی سینٹرل جیل میں موجود سیاسی قیدیوں کا حوصلہ اور بھی بلند ہو گیا ہے۔

وحدت نیوز (لاہور) کراچی میں گرمی کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی کور کمیٹی کے رکن سید اسد عباس نقوی کا لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں کہنا ہے کہ ملک بھر میں شدید گرمی سے روزے دار بے حال ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث لوگ اپنی زندگیوں سے بھی ہاتھ دھو رہے ہیں جبکہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سانحہ کے بعد حکومتی عہدیداروں کی جانب سے فقط مذمت اور افسوس کے بیانات سامنے آتے ہیں، مگر عملی طور پر کچھ نہیں کیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے دعوؤں کے مطابق بجلی کا بحران ختم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ارادوں سے ایسا معلوم نہیں ہوتا کہ آئندہ آنے والے دنوں میں بھی بجلی کے بحران پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ سوئس بینکوں اور جدہ میں پڑی دولت کو واپس لا کر بجلی کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے، تاکہ بجلی کے اس شدید بحران پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کراچی میں ہونیوالی ہلاکتوں کا ذمہ دار موجودہ حکومت کو ٹھہراتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی زیادہ سے زیادہ مالی امداد کی جائے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری امور خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک بھر و بالخصوص شہر قائد میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام الناس مر رہی ہے اور نااہل حکمران اپنے پروٹوکول میں مصروف ہیں۔ سندھ حکومت کی نااہلی پہلے تھر اور اب کراچی میں کھل کے واضح ہوگئی ہے۔ پہلے لوگ بھوک سے مر رہے تھے اور اب بجلی کے تعطل سے مر رہے ہیں۔ پی پی پی کے قائدین کو ریاستی اداروں کے خلاف بیان بازی سے اگر فرصت مل جائے تو ایک نظر سندھ کی غریب عوام پر بھی ڈال لیں۔ روزانہ کی بنیاد پر کراچی میں شرح اموات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ان کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کو ذرا فکر نہیں ہے۔ مسلسل کئی سالوں سے سندھ میں ایک ہی حکومت چلتی آرہی ہے، اس کے  باوجود اب تک سندھ کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ کاش یہ حکمران کوئی عوام دوست پالیسی بنائیں، جس سے صحیح معنوں میں عوام کو ریلیف ملے۔ بدقسمتی سے یہاں پر ہر پالیسی حکمرانوں کے ذاتی مفادات کو مدنظر رکھ کر بنائی جاتی ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ جب بے رحم اور ظالم حکمران عوام پر اپنا تسلط جما لیتے ہیں تو عذاب الہی نازل ہوتا ہے۔ پاکستان بھر کے عوام اور بالخصوص سندھ کے پسے ہوئے محروم اور مظلوم عوام کو اٹھنا ہوگا، اربوں کھربوں کی مالیت کی سمگلنگ، بھتہ خوری و ٹارگٹ کلنگ کرنے والے سرمایہ داروں سے حساب لینا ہوگا، حقیقی عوامی درد رکھنے والے اور وطن دوست لیڈرشپ کا ساتھ دینا ہوگا۔ ہم اس مصیبت اور غم کے موقع پر ہونے والی ناگہانی اموات میں لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور خداوند متعال سے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔

وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے ضلعی جنرل سیکریٹری علامہ سید ساجد شیرازی نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ کے نام پر بجلی کی مسلسل بندش نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا دعوی کرنے والی حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ پچاس ارب روپے ایک میٹرو پروجیکٹ پر خرچ کرنے کی بجائے بجلی میں اضافے کے منصوبے پر خرچ کیے جاتے تو آج ہمیں اس اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔اس ملک کے لوگوں کو پُرآسائش سفر کی بجائے بنیادی سہولتوں کی زیادہ ضرورت ہے۔ پانی بجلی اور گیس کی جیسی سہولیات کی عدم دستیابی عوام کے دلوں میں حکومت کے خلاف نفرت کا باعث بن رہی ہے۔ سحری و افطاری کے اوقات میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے حکومتی اعلان پر بھی بجا طور پر عمل درآمد نہیں ہورہا۔انہوں نے کہا حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ماہ رمضان میں روزہ داروں کی سہولت کے لیے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا جائے تا کہ اس ماہ مقدس میں عبادات کے دوران پیدا ہونے والے خلل کو دور کیا جا سکے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری مالیات اور کونسلر حلقہ 12کونسلر کربلائی رجب علی نے کہا کہ موسم گرما شروع ہوتے ہی بجلی کا بحران سنگین ہوتا جارہا ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ بحران پر قابو پانے کے لیے جس حکمت عملی کی ضرورت ہے حکومتی سطح پر اس کا فقدان نظر آ رہے ہیں۔ ماہ رمضان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے ہو ا کی نظر ہو گئے۔ ہزارہ ٹاون ، کیرانی اور ملحقہ علاقوں میں کافی عرصے سے بجلی کا بحران چلا آرہاہے۔ لیکن واپڈا حکام لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں۔ جس کی وجہ بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ ٹاون اور ملحقہ علاقوں کے تین لاکھ نفوس بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اذیت ناک زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اہم مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو اس مشکل سے نجات دلائی جائے، ورنہ عوام شدید احتجاج پر ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور واپڈا احکام پر ہوگی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی ، صوبائی سیکریٹری سیاسیات گلگت بلتستان غلام عباس ، سیکریٹری سیاسیات بلتستان ڈویژن محمد علی اور ہنزہ نگر حلقہ 5 میں مرحوم کو شکست دینے والے ایم ڈبلیوایم کے نومنتخب رکن گلگت بلتستان اسمبلی ڈاکٹر رضوان علی نے پاکستان تحریک انصاف گلگت کے سنیئر رہنما، سابق ممبر جی بی اسمبلی  و نامور سیاستدان مرزا حسین کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کا شمار علاقے کی ہر دلعزیز شخصیات میں ہوتا تھا ۔وہ اپنے ملنساری کے سبب عوامی حلقوں میں بے حد مقبول تھے۔ ان کا انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔انہوں نے مرحوم کے لواحقین اور پاکستان تحریک انصاف سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree