وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام راولپنڈی میں کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں اور عزاداری میں حکومتی رکاوٹوں کے خلاف ملک بھر سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع شیخوپورہ،گجرانوالہ،چینوٹ، فیصل آباد،راولپنڈی ،ننکانہ صاحب،بہاولپور،بہاولنگر،سیالکوٹ،اٹک،گجرات، جہلم،ملتان،جھنگ، میانوالی،راجن پور،حافظ آباد،خانیوال کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے لاہور میں شباب چوک سمن آباد پر احتجاجی مظاہرے کو اقبال ٹاوُن کی انتظامیہ نے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جس پر کارکنان نے وحدت روڈ کو بلاک کر کے مظاہر ہ کیا ۔

 

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر حسین حسینی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ملت جعفریہ کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا جواب ہم انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے دینگے حکمران سن لیں جب اس قوم کو دیواروں میں چن لیا جاتا تھا تب بھی ذکر امام مظلوم کو کوئی روک نہیں سکا یہ ان کی بھول ہے کہ وہ عزاداری کو محدود کرینگے ہم عزاداری سید شہداء پر کسی بھی قدغن کو برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ نے ہمیشہ استحکام وطن اور وطن عزیز کی سرحدوں کادفاع کیاہے تاریخ گواہ ہے کہ اس مکتب کے ماننے والوں پر دہشت گردی ،انتہا پسندی حرام ہے آج اسلام دشمن پاکستان دشمن دہشت گردوں کی خوشنودی کے لئے محب وطن قوتوں کو دیوار سے لگانے کی سازش کی جا رہی ہے اور یہ استعماری قوتوں کا مرتب کردہ سکرپٹ ہے جسے ہم کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔

 

مظاہرے سے امامیہ سٹوڈنٹس آگنائزیشن پاکستان کے رہنما شرجیل حسین نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہا ہمارا جرم یہ ہے کہ ہم انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ہے آج پاکستان میں مخصوص سوچ رکھنے والے حکمران اپنے بیرونی آقاوُں کی شہ پر ملت تشیع کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں راوالپنڈی میں ہمارے بے گناہ کارکنوں کو گرفتار کر کے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ہمارا یہ علامتی احتجاج ان ظالم حکمرانوں کے لئے وارننگ ہے اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم دس محرم عاشور کو ملک بھر کے جلوس ہائے عزا میں اس ظلم و بربریت کیخلاف منظم احتجاج کریں گے مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنما سید حسین زیدی،شیخ عمران علی،نقی مہدی،رانا ماجد علی، رائے ناصر علی سمت دیگر عہدیداران شریک ہوئے۔

وحدت نیوز(بدین) بدین کی تحصیل کھوسکی میں تکفیری دہشت گرد عبد اللہ کھوسکی کی ایک مومن کے گھر پر نصب علم حضرت ابولفضل العباس علیہ السلام کی بے حرمتی کی کوشش کے خلاف ایم ڈبلیوایم کا بدین کی تمام شاہراہوں پر دھرنا، پولیس سے عبد اللہ سندھی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق کھوسکی کے علاقے نندوولیج میں ماہ محرم کے آغاز پر ایک مومن نے اپنے گھر پر شبہہ علم حضرت عباس ع نصب کیا تو علاقے میں رہائش پزیر تکفیری جماعت کےدہشت گرد عبد اللہ سندھی نے اس کے گھر پرہلہ بول دیا اور علم مبارک اتارنے کا کہا اور سنگین نتائج کی دھمکی دی، یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے ضلع میں پھیل گئی ، اس وقت ضلع بدین کی تمام اہم شاہراہوں پر ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نے دھرنا دے دیا ہے، بدین کراچی ہائی وے، بدین حیدر آباد ہائی وے، بدین بواب شاہ ہائی وے اس وقت ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند ہے، جبکہ مرکزی بائی پاس بدین  پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما یعقوب حسینی دھرنے کی قیادت کر رہے ہیں ،ایم ڈبلیوایم کے رہنماوں نے متعلقہ پولیس حکام سے رابطہ کیا تو انہوں نے عبد اللہ سندھی کے خلاف کوئی کاروائی کرنے کے بجائے علم مبارک تو بارہ محرم تک اتارے کا مشورہ دے دیا، جس پر مومنین میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عالم کربلائی نے کراچی سمیت اندرون سندھ کا ہنگامی دورہ کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ اراکین صوبائی کابینہ حیدر زیدی ،آصف صفوی ،علامہ عبداللہ مطہری اور مولانا نشان حیدر ساجدی بھی موجود تھے اس موقع پر انہوں نے امام بارگاہوں کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سننے ، منتظمین مجالس و جلوس نے دوران مجالس بجلی کی لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عالم کربلائی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کے الیکٹرک، ہیسکو ،واپڈا کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سندھ بھر میں محرام الحرام میں مجالس کے وقت لوڈشیڈنگ سے گریز کریں،رات کے وقت لوڈشیڈنگ دہشتگردوں کو دہشتگردی کا مواقع فراہم کرتی ہے اگر سندھ بھر میں کسی جگہ بھی دوران مجالس و جلوس عزا لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ دار کے الیکٹرک، ہیسکو اور واپڈا کے اعلیٰ حکام ہونگے۔ مرکزی عزاداری سیل سے جاری اپنے بیان میں عالم کربلائی نے کہا کہ دوران مجالس عزا لوڈشیڈنگ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،حکومت سندھ لوڈشیڈنگ کا سنجیدگی سے نوٹس لے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شاید حکومت سندھ کے اعلیٰ عہدیداران عزاداروں کو تحفظ اور سہولیات فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں، اس ہی لئے سندھ بھر میں مختلف شہروں میں مرکزی مجالس عزا کے دوران سڑکوں پر نکاسی آب کا کوئی انتظام نہیں ہے، جبکہ جعفرطیار سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں سیوریج کے پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ عالم کربلائی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ ہنگامی سطح پر امام بارگاہوں اور اس کے اعتراف میں سڑک کا مرمتی کام انجام دیا جائے اور سیوریج کے پانی کی نکاس کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کیجانب سے کالعدم تنظیموں کے خلاف کاروائی کے حوالے سے گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئےایم ڈبلیوایم کوئٹہ ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ ولایت جعفری نے کہا ہے کہ جس طرح شہر میں بےگناہ اور معصوم انسانوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور ظلم اور بربریت کی بدترین مثالیں قائم کی جا رہی ہے۔ جہاں ذریعہ معاش اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے اپنے گھروں سے نکلنے والے مزدوروں کو بدترین دہشتگردی کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور معصوم انسانوں کو قتل کرنے کے بعد اُسکی ذمہ داری قبول کی جاتی ہے۔ اُس کی چھوٹی سی مثال بھی کسی مہذب معاشرے میں نہیں ملتی اور یہ سلسلہ کئی سالوں سے جاری ہے۔ جہاں ایک ہی مقام پر درجنوں واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ اسی لئے صوبے اور بالخصوص کوئٹہ شہر میں دہشتگردی پھیلانے والے انتہاء پسند عناصر کے خلاف کاروائی کا مطالبہ ایم ڈبلیوایم کئی عرصے سے کر رہی ہے۔ انہوں نے گورنر بلوچستان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ بیان اُس وقت عوام کیلئے باعث اطمینان ہوگا، جب وہ اُن دہشتگردوں کے خلاف عملی طور پر کاروائی ہوتا ہوا دیکھیں گے۔

 

انہوں نے مذید کہا ہے کہ دہشتگردوں نے اُن سے اُنکے پیارے چھین لئے ہیں اور دہشتگردی کو کنٹرول کرنے کا واحد راستہ بھی صرف اور صرف آپریشن ہے کیونکہ ہر واقعے کے بعد جس دلیری سے دہشتگرد گروہ ان واقعات کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ کسی ریاستی عمل داری کو قبول نہیں کرتے۔ کھلے عام اسے چیلنج کرتے ہیں جبکہ ریاست کی پہلی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے عوام کے جان و مال کی حفاظت کرے اور ایسے عناصر کی بیخ کنی جو سینکڑوں انسانوں کے قتل میں ملوث ہیں۔ ریاست کا فرض ہے اور اگر ریاست اپنے عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو اس کا اعلان کیا جائے کہ ہر شخص اپنی حفاظت کا خود ذمہ داری ہے تو پھر عوام ان دہشتگردوں کو بتائے گی کہ کس طرح وہ اُن کو قتل کرکے آرام سے فرار ہوتے ہیں۔

وحدت نیوز (کراچی) نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام کا ظلم و ظالم کے خلاف قیام آفاقی پیغام ہے، آپ بلا رنگ و نسل تمام بنی نو انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے ،محرم ظلم کے خلاف احتجاج کا نام ہے ۔محرم الحرام نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام اور بہتر شہداء کربلا کی یاد میں عزاداری کی جاتی ہے ۔ عزاداری کسی کی محتاج نہیں عزاداری کا سلسلہ دنیا بھر میں صدیوں سے جاری ہے، ایام عزاء کے دوران شہر میں موجود تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ محرم الحرام میں اپنے احتجاج ملتوی کردیں ۔ حکومت اور سکیورٹی ادارے محرم الحرام میں مساجد و امام بارگاہوں کی سکیور ٹی کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آتے ڈسٹرکٹ ملیر اور ایسٹ میں سکیورٹی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں جبکہ ڈسٹرک ملیر میں موجود کئی مساجد و امام بارگاہوں کی سڑکیں سیوریج کے پانی سے ڈوبی ہوئی ہیں جس کی صفائی نہ کرانا در اصل سیاسی انتقام لینا ہے ،سندھ حکومت فوری مساجد و امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے نفری لگائے اور صفائی سترائی کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس و حدت مسلمین کے صوبائی سیکر ٹری جنرل علامہ مختار امامی نے و حدت ہاؤس کراچی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کیا، اجلاس میں حسن ہاشمی، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن ،علی حسین نقوی،اصغر عباس زیدی،حیدر زیدی، احسن عباس رضوی ،انجینئر رضا نقوی، ڈاکٹر مدثر سمت دیگر رہنماء موجود تھے۔

 

 علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کسی کی محتاج نہیں صدیوں سے مجالس و جلوس عزاء کا سلسلہ جاری ہے جو در اصل خود ظلم اور ظالم کے خلاف احتجاج ہے،احتجاج سیاسی جماعتوں کا حق ہے مگر عشرہ محرم الحرام کے احترام میں تمام سیاسی جھگڑوں سے بالا تر ہو کر سو چنا ہوگا،نواسہ رسول کا نام لینے والوں کو ان کے ماہ محرم الحرام کے احترام میں اپنی سیاسی رنجشوں کو بالا طاق رکھتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جس سے شہر میں کشیدگی پیدا ہو اور عزاداران کو مجالس وجلوس عزاء میں شریک ہونے میں پر یشانی ہو۔اجلاس میں ایم ڈبلیوایم مرکزی عزاداری سیل کے زیر نگرانی ڈسٹر ک کے تمام عزاداری سیل میں موجود ذمہ داران کی کار کردگی کا جا ئزہ لیا گیا اور شہر بھر میں جاری مرکزی مجالس عزاء کی موجودسکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ کے سربراہی میں امام بارگاہ ولی عصر ہزارہ ٹاؤن میں فاتحہ کیلئے آئے ہوئے حکومتی وفد کی موجودگی میں ایم ڈبلیوایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا کا کہنا تھا کہ مٹھی بھر دہشت گرد گروہ قتل و غارت میں ملوث ہے حکومت کچھ نہیں کر رہی، ہمیں مزید کتنی لاشیں اٹھانی ہونگی۔وزیراعظم نواز شریف واضح کریں کہ وہ دہشتگردوں کیساتھ ہیں یا پاکستان کیساتھ، سید محمد رضا نے کہا ہے کہ گذشتہ دو دہائیوں سے بےگناہ افراد کو قتل کیا جا رہا ہے اور اسے بعد میں فرقہ واریت کا نام دیا جاتا ہے، جو کہ سراسر غلط ہے۔ اس ملک میں شیعہ سنی بھائی کی طرح زندگی گزار رہے ہیں لیکن مٹھی بھر دہشت گرد گروہ قتل غارت میں ملوث ہے۔ حکومت کچھ نہیں کر رہی، ہمیں مزید کتنی لاشیں اٹھانی ہونگی۔ ہم صدیوں سے آباد اس شہر میں پُرامن طریقے سے رہ رہے ہیں۔ آج تک ہماری طرف سے ایک پتھر نہیں پھینکا گیا لیکن مٹھی بھر دہشتگردوں نے پورے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو اپنا موقف واضح کرنا چاہیئے کہ وہ دہشتگردوں کے ساتھ ہیں یا وطن عزیز کے ساتھ۔؟ جبکہ حکومت کو اپنی پالیسی واضح کرنی چاہیئے کہ آیا ہم پاکستانی ہیں یا نہیں۔؟ قتل ہمیں کیا جا رہا ہے، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ہمارے لوگوں کو نہیں دیا جا رہا بلکہ اذیت کی جاتی ہے اور بار بار دفتروں کا چکر لگوایا جاتا ہے۔ آخر میں وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بڑا دکھ ہوا کہ بےگناہ اور معصوم سبزی فروشوں کو شہید کیا گیا۔ حکومت 48 گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائے گی اور جلد اپنی رپورٹ آپ تمام ہزارہ اکابرین کو پیش کریگی۔ علاوہ ازیں محرم الحرام کے سلسلے میں آپ سے مکمل طور پر تعاون کیا جائیگا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree