وحدت نیوز(ٹیکسلا) مجلس وحدت مسلمین ، آئی ایس او اور آئی او ٹیکسلا کے زیر اہتمام مجلس عزا بسلسلہ شہادت امام علیؑ صوبائی سیکرٹری روابط ایم ڈبلیوایم برادر علی رضا طوری کے گھر منعقد کی گئی جس میں خصوصی شرکت صوبائی سیکرٹری جنرل حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ عبدالخالق اسدی صاحب اور علامہ زکریا عباس ترابی نے کی،اپنے خطاب کے دوران حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ عبدالخالق اسدی صاحب اور علامہ زکریا عباس ترابی نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورت حال پر روشنی ڈالی اور اس کا حل رہبر مسلمینِ جہاں سید علی خامنہ ای کی اقتدا میں قدم بڑھانے اور وحدت کی رسی کو مظبوطی سے تھامنے پر زور دیا،حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ عبدالخالق اسدی صاحب نے اپنے خطاب کے دوران مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک عظیم مقصد کے حصول کیلئے ایک وسیلے کی حیثیت رکھتی ہے لہٰذا قومی مفادات کے حصول کیلئے اگر کبھی تنظیم بھی آڑے آئی تو ہم اس کوبھی اس عظیم مقصد کیلئے قربان کر دیں گے لیکن الحمدللہ محرم میں راولپنڈی کے واقعات پھر بھکر اور اس طرح دیگر علاقوں میں مومنین پر زمین تنگ کی جاتی رہی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے میدان میں ثابت قدم رہ کر اپنی ملت کا بھرپور ساتھ دیا اور مشکلات میں کامیابی کے ساتھ قدم بڑھا رہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ملت کی تمام تر مشکلات کا حل سیرتِ اما م علیؑ ابنِ طالب ؑ میں پنہاں ہے ہمیں چاہئے کہ اپنے تمام ترا ختلافات کو پسِ پشت رکھتے ہوئے وحدت کا مظاہرہ کریں اور خصوصاََ قومی اور ملی مسائل میں ایک دوسرے کے دست و بازو ہیں تاکہ علیؑ ابنِ ابی طالب ؑ کے ماننے والوں کے خلاف استعمار کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے غزہ میں اسرائیلی درندوں کی جانب سے نہتے مسلمانوں کے قتل عام اور تیرہ روز میں اب تک ۴۵۰کے قریب بے گناہ معصوم بچوں ، خواتین اور جوانوں کے قتل عام کیخلاف کل بروز پیر ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کر دیا۔ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ اسرائیلی بربریت کیخلاف عرب ممالک کی خاموشی امت مسلمہ کیلئے المیہ سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ اسرائیل کیخلاف متحد ہو کر دو ٹوک موقف کا اعلان کرے، حکومت پاکستان مظلومین غزہ کے حق میں عالمی سطح پر موثر آواز اُٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ مظلومین غزہ کو درپیش صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، اسرائیل کیخلاف عملی اقدامات اُٹھائے بغیر دنیا میں امن کا قیام ناممکن ہے، امریکہ و برطانیہ اسرائیلی مظالم میں برابر کے شریک ہیں۔

وحدت نیوز(ایبٹ آباد) مجلس وحدت مسلمین یونین کونسل جھنگڑہ کے زیراہتمام یوم ضربت علی علیہ السلام کی مناسب سے مجلس عزا و افطار کا اہتمام کیا گیا، جس کا آغاز حسین علوی مشہدی نے زیارت عاشورہ پڑھ کر کیا۔ اس کے بعد ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم سید مدثرعلی کاظمی نے دعا توسل کی تلاوت کی اور شرکائے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی سیرت مقدسہ پرعمل پیرا ہونے میں ہی ہماری نجات ہے۔ علی علی کر کے جرم کرنا مولائے متقیان (ع) کو پسند نہیں۔ مولا علی (ع) اس کائنات میں انسانیت کو جرم سے چھٹکارہ دینے کے لئے آئے تھے نہ کہ مجرموں کو چھڑانے کے لئے۔ بعد ازاں حسین علوی مشہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام تقویٰ اختیار کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہترین عنایت ہے۔ اور مولا متقیان (ع) کو ماننے والا ہی متقی ہو سکتا ہے۔ جبکہ شاعر اہلبیت (ع) سید نجم الحسن کاظمی اور ایم ڈبلیو ایم یو سی جھنگڑہ کے سیکرٹری جنرل سید فراست شاہ نے بھی مولا کائنات (ع) سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ آخر میں نماز مغربین کے بعد افطاری کا اہتمام کیا گیا۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی شعبہ مالیات کے زیراہتمام ملتان میں صوبہ پنجا ب کے 12 جنوبی اضلاع پر مشتمل پانچ شعبوں (مالیات ، خیرالعمل ، روابط،یوتھ اور تنظیم سازی) کے مسؤلین کی تربیتی ورکشاپ اور افطار ڈنر کا اہتمام یوتھ ونگ کے مرکزی آفس میں کیا گیا۔مالیات کے شعبہ کولیکشن پروگرام کے مرکزی و شعبہ خیرالعمل فاونڈیشن پنجاب کے مسؤل سید مسرت حسین کاظمی،مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین ،مرکزی سیکرٹری امور جوانان و حدت سکاوٹس سید فضل عباس نقوی،مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی یعقوب حسینی،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور مسؤل امور اسیران ویلفئیر سید اسد عباس نقوی،صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی ظفر عباس چشتی،صوبائی سیکرٹری مالیات رائے نا صر،صوبائی سیکرٹری روابط علی رضا طوری،صوبائی سیکرٹری امور شہداء سید اظہر کاظمی کے ساتھ ساتھ پنجاب کے جنوبی اضلاع سے کثیر تعداد میں تنظیمی برادران نے شرکت کی۔

 

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مالیات کے شعبہ کولیکشن پروگرام کے مرکزی و شعبہ خیرالعمل فاونڈیشن پنجاب کے مسؤل سید مسرت حسین کاظمی نے مجلس وحدت مسلمین کی خودانحصاری کا مرکزی مالیاتی پروگرام پیش کیا۔انہوں نے رہبر معظم کی تقریرکا حوالہ دیتے ہو ئے کہا کہ مادی نظریات کی بنیاد پر چلنے والی دنیا میں کمزور کی موت فطری امر ہے۔اگر قوم بیدار نہیں ہوتی، خود کو طاقتور نہیں بناتی تو دوسرے آکر من مانی کریں گے۔اس کے ساتھ زور زبردستی ہو گی،دنیا کی باج خواہ طاقتیں اس سے غنڈہ ٹیکس وصول کریں گی۔اگر ان کا بس چلے تو اس کمزور قوم کی توہین کریں اور بس چلے تو اس کو کچل دیں۔مادہ پرستانہ افکار کی بنیاد پر جودنیا چل رہی ہے اس کا مزاج یہی ہے۔جو بھی خود کو طاقتور پائے گا وہ کمزور دکھائی دینے والوں پر اپنی مرضی مسلط کرے گا، خواہ کمزور نظر آنے والا کوئی فرد ہو یا قوم ۔ بقول شاعر


ہے جرم ضعیفی کی سزا مرگ مفاجات


صرف ہتھیاروں کے بل بوتے پر کو ئی قوم طاقتور نہیں ہو سکتی۔کسی قوم کو طاقتور بنانے کے لئے تین عناصر بہت اہم ہیں۔ ایک ہے معیشت ،دوسرے ثقافت اور تیسرے علم و دانش۔رہبر معظم کی خواہش کے مطابق پہلے مرحلے میں ہم مزاحمتی معیشت یعنی اپنے ملک اور اپنی عوام کے اندر موجود صلاحیتوں اور استعداد و وسائل پر انحصار کرتے ہوئے اپنی قوم کو اس عوامی معیشت سے عوامی سرمائے اور عوامی شرکت سے خود انحصاری کیطرف گامزن کیا جائے گا۔جس کے لئے مجلس وحدت مسلمین نے ایک جامع مالیاتی پروگرام تشکیل دیا ہے ۔جس کا آغاز پورے ملک میں کردیا گیاہے۔اجلاس میں موجود تمام مرکزی ،صوبائی اور ضلعی مسؤلین نے اپنے آپ کو مجلس وحدت کے ڈونر کے طور پر اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرایا۔

 

خیرالعمل فاونڈیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سید مسرت حسین کاظمی نے خیرالعمل فانڈیشن کے بارے میں بریفنگ دی، مختلف شعبوں اور طریق کار کے بارے میں بتایا۔ماہِ رمضان میں خدمات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہر ضلع اپنے وسائل کے زریعے کم از کم دو سو ضرورت مندوں تک راشن پہنچائے ، ایک مناسب مقدار میں ضروریات کی اشیا اس پیکج میں شامل ہوں ،ہم اس کام کا آغاز اپنے آپ سے کریں، پہلا راشن کا پیکٹ اپنی طرف سے دیں ، مستحقین وہ لوگ جو کسی کے آگے دستِ سوال نہیں پھیلاتے ، ہمارا ٹارگٹ ہیں ، غیر محسوس طریقے سے عزتِ نفس کو مدِ مظر رکھتے ہوئے ان تک رسائی حاصل کی جائے اور آئمہ اطہار کے پیروکار ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے کسی تشہیر کے بغیر ان کی مدد کی جائے ، یہ سلسلہ ڈونرز اور ضرورتمند کے درمیان رابطے کی صورت میں اگلے مہینوں میں بھی چلایا جا سکتا ہے ۔ رمضان کے آخری عشرے کو ایتام سے منسوب کیا جائے اور اس عشرے میں ملت کے یتیم بچوں بچیوں کی کفالت کے لئے انتظامات کئے جائیں ۔خیرالعمل فانڈیشن اس کام کا آغاز کر چکی ہے ،اس کام کو ماہِ مبارک رمضان میں مذید فعال بنایا جائے، ملت کا یہ طبقہ ہماری خاص توجہات کا متقاضی ہے، ملت کے مخیر حضرات کا ان ایتام سے رابطہ مستقل بنیادوں پر استوار کرانے میں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

 

صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور مسؤل امور اسیران ویلفئیر سید اسد عباس نقوی نے اسیران ویلفئیر کی گزشتہ سال کی کارکردگی پیش کیا اور حاضرین کو بے گناہ اسیران اور ان کی فیملیزکی مشکلات سے آگاہ کیا اور مستقبل کے حوالے بے گناہ اسیران اور ان کی فیملیز کی معاونت کے بارے اپنے پروگرام سے آگاہ کیا۔

 

مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین اور صوبہ پنجاب کے سیکرٹری روابط برادر علی رضا طوری نے شرکا ورکشاپ کو روابط کے سہ ماہی پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ تمام سیکرٹری روابط نے نہ صرف اپنے اضلاع کی تفصیلی صورتحال بیان کی بلکہ اس عزم کا اظہار کیا کہ شعبہ روابط تنظیمی ہم آہنگی اور تنظیمی روابط کو مضبوط سے مضبوط تر کرے گا اور تمام شعبہ جات کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہوئے مجلس وحدت کے کاروان میں اپنا فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔مرکزی سیکرٹری روابط نے شعبہ جاتی فعالیت کے علاوہ مجلس وحدت کی کلی صورتحال سے بھی اضلاع کو آگاہ کیا ۔ اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہم انشااللہ ناصر ملت ، قائد وحدت کی دانشمندانہ قیادت میں ولایت کے پرچم تلے وحدت و استحکام کا سفر جاری رکھیں گے اور اس کاروان کو منزل تک پہنچائیں گے۔ مرکزی سیکرٹری روابط کے معاون برادر سید ممتاز نقوی نے بھی ورکشاپ کے انعقاد میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔

 

مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی یعقوب حسینی نے اپنے شعبے کے متعلق بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ الحمدللہ پاکستان کے تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان مجلس وحدت کا تنظیمی سٹریکچرموجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ شعبہ تنظیم میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔تمام اضلاع اپنے اپنے ضلع میں یونٹ سازی کا عمل تیز کریں۔

 

مرکزی سیکرٹری امور جوانان و و حدت سکاوٹس سید فضل عباس نقوی نے ضلعی مسؤلین کے سوالات کے جوابات دئیے۔ انہوں نے مجلس وحدت کی سیاسی، تنظیمی،شعبہ جاتی پالیسیوں سے آگاہ کیا اور ملت کو درپیش ملکی اور غیر ملکی مسائل خصوصاً عراق اور فلسطین میں جاری مشکلات سے مسؤلین کو آگاہی دی ۔اجلاس میں اسرائیل ،امریکہ اور امریکی نا جائز اولاد داعش کی پر زور مذمت کی گئی۔اور یوم القدس کو بھرپور جزبے کیساتھ منانے کی پلاننگ کی گئی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی کابینہ اور صوبائی مسئولین کا اہم اجلاس علامہ ناصر عباس جعفری کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت مخالف الائنس کی تشکیل پر غور و خوض کیا گیا۔ اس موقعہ پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے زائرین کے مسائل پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نواز حکومت جعلی مینڈیٹ کے ذریعے برسر اقتدار آئی ہے۔ لہذا اس کا اقتدار غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ طاہرالقادری اور اپوزیشن کی جانب سے دی گئی دعوت پر تفصیلی غور کے بعد ایم ڈبلیو ایم نے حکومت مخالف اپوزیشن الائنس کا حصہ بننے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں پانچ رکنی کور کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ممبران علامہ محمد امین شہیدی، سید ناصر شیرازی، علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ عبدالخالق اسدی ہونگے۔ ایم ڈبلیو ایم نے تفصیلی غور و خوض کے بعد گرینڈ الائنس کے لئے پانچ نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع ملیر کے زیر اہتمام سالہائے گذشتہ کی طرح امسال بھی قرآن سیمینار و دعوت افطار کا انعقاد مقامی لان میں کیا گیا، جس میں خصوصی خطاب ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی نے کیا ، جبکہ مہمان خصوصی ایم ڈبلیوایم کی سپریم کونسل کے چیئرمین علامہ شیخ حسن صلاح الدین تھے، اس دعوت افطار میں  مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے ضلعی رہنما وں نے شرکت کی ،جن میں مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی، علامہ علی انور، مبشر حسن ،سجاد اکبر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات منظور عباس ودیگر، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر غلام مصطفیٰ و دیگر،تحریک منہاج القرآن کے ضلعی صدر غلام حسین جتوئی و دیگر رہنماوں سمیت سپریڈینڈنٹ پولیس ملیر ڈاکٹر نجیب احمد خان  اس کے علاوہ مختلف مساجد کے ٹرسٹیز، ماتمی انجمنوں کی فیڈریشن مرکزی تنظیم عزاکے ضلعی رہنما او ر دیگر علمائے کرام و ذاکرین عظام شامل تھے۔ قبل از افطا ر نماز باجماعت کا اہتما م کیا گیا، بعد از افطار علامہ اعجاز بہشتی نے معرفت قرآن کے عنوان سے خطاب کیا،طعام کے بعدضلعی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم ملیر سید احسن عباس نے تمام معزز مہمانان گرامی کی آمد پران کا شکریہ اد اکیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree