وحدت نیوز (بلتستان ) گلگت بلتستان کے ہر دلعزیز عالم دین امام جمعہ و جماعت مرکزی جامع مسجد امامیہ گلگت علامہ آغا راحت حسین الحسینی نے اپنے دورہ بلتستان کے موقع پر سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن علامہ آغا علی رضوی سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔ علامہ آغا علی رضوی نے اپنے احباب سمیت ان کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ آغا مظاہر حسین موسوی سمیت دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں علاقہ کے جوانوں نے بھی علامہ راحت حسین الحسینی سے ملاقات کی اور ان کو بلتستان کی سرزمین خوش آمدید  کہا۔ اس موقع پر علامہ آغا راحت حسین الحسینی نے اپنے خاص رفیق کار سابق سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین  بلتستان  علامہ شیخ حافظ حسین نوری مرحوم کی قبر پر حاضری دی اور ان کے گھر جا کر اہل خانہ کوتعزیت بھی پیش کی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری فلاح بہبود اور مسؤل خیر العمل فاؤنڈیشن پاکستان نثار علی فیضی نے کہا ہے کہ اگر ہم ماضی سے سبق سیکھتے تو سیلاب کے نقصانات کو کم کرنے کے قابل ہوتے، بدقسمتی سے ہمارے حکمران بیانات دینے، تصویریں بنوانے اور ڈونرز کانفرنس منعقد کرنے کے سوا کچھ نہیں کرتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل کے ایگزیکٹو  اراکین کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھو ں نے مزید کہا کہ اگر 2010ء کے سیلاب کے بعد ہم نے ڈزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے کوئی ٹھوس پالیسی بنائی ہوتی تو اس بار سیلاب کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے بہتر اقدامات کر پاتے۔ حالیہ سیلاب نے پورے ملک میں ابتک تقریبا 3 لاکھ 96 ہزارا فراد کو متاثر کیا ہے جبکہ 1096 دیہات زیر آب آئے ہیں۔ پورے ملک کو پہلے کی طرح امدادی سرگرمیوں کے لیے آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیر العمل فاؤنڈیشن کے رضاکار پہلے بھی مشکل گھڑی میں قوم کے ساتھ تھے اور اب انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کونسل کے دیگر عہداروں سے کہا کہ وہ فی الفور ریلیف کے کاموں کو آگے بڑھایں۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں امداد کی حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔

وحدت نیوز (لاہور)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بلدیاتی الیکشن کے غیر جماعتی بنیادوں کرانے کیخلاف لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں مسلم لیگ نون کی جانب سے پنجاب میں غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے کے اعلان کی سخت مخالفت کی گئی۔ کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نمائندگی ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد اصغر عسکری نے کی۔ آل پارٹیز کانفرنس میں نون لیگ کے علاوہ تقریباً تمام سیاسی جماعتیں شریک تھیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنماء علامہ محمد اصغر عسکری نے پارٹی موقف دیتے ہوئے کہا کہ جماعتی بنیادوں پر الیکشن جمہوریت کی روح ہیں، غیر جماعتی بنیادوں پر منتخب ہونے والے لوگ مقتدر حلقوں کے حامی بن جاتے ہیں، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور اختیارات کی تقسیم میں جمہوریت کی مضبوطی ہے۔

انہوں نے کہا جمہوریت کا یہ حسن ہے کہ قانون کی تشکیل میں تمام جماعتوں کی مشاورت شامل ہو اور یہی اصل جمہوری راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر جماعتی الیکشن عوامی امنگوں کی درست ترجمانی نہیں، ایم ڈبلیو ایم نے اتحاد و وحدت کے حوالے سے بھرپور جدوجہد کی ہے، اگر اپوزیشن جماعتیں اس سلسلے میں کوئی متفقہ احتجاج کا راستہ اپناتی ہیں تو مجلس وحدت مسلمین بھی اس کا حصہ بنے گی۔

وحدت نیوز (سرگودھا)   مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی و امور خارجہ سید شفقت شیرازی نے ایم ڈبلیو ایم سرگودھا دفتر کا دورہ کیا اور تنظیمی مسئولین سے خصوصی نشستیں کیں۔ انہوں نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سرگودھا ڈویژن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیمی فعالیت کو بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں آئی ایس او مضبوط اور فعال ہے وہاں پر ایم ڈبلیو ایم مضبوط ہے۔ انہوں نے حالات حاضر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام میں حالات بشار الاسد حکومت کے حق میں جا رہے ہیں۔ میں دیکھ رہا ہوں کہ شام ان بحرانوں سے نکل کر اسلامی جمہوریہ ایران کی طرح زبردست قوت بن کر ابھرے گا۔ انہوں نے شامی جوانوں کے حوصلوں کو داد دیتے ہوئے کہا کہ ان جوانوں میں حزب اللہ کی تصویر نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی جوانوں کے جذبات شامی جوانوں کے حوالے سے قابل داد ہیں لیکن شامی عوام بیداری کی طرف جا رہے ہیں اور جلد بحران پر قابو پاکر دشمن کو عبرت ناک شکست دیں گے۔

 ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ نے کہا کہ مصر میں اخوان المسلمون حکومت بری طرح ناکام ہوچکی تھی اور انہوں نے عوامی امنگوں کا جنازہ نکال دیا تھا۔ جس کے نتیجے میں ان کو حکومت سے ہاتھ دھونے پڑے۔ انہوں نے ساری صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصری عوامی کو حق دیا جانے چاہیے کہ وہ اپنی مرضی کی حکومت منتخب کرسکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران کی نومنتخب حکومت انقلاب کو مزید تقویت دے گی اور جس طرح انتخابات میں سامراجی قوتوں کے دانت کھٹے کئے تھے، دیگر مذموم عزائم میں بھی سامراج کو ناکامی ہوگی۔

وحدت نیوز (اسلام آباد)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری (حفظ اللہ )نے وزیراعظم نواز شریف کے قوم سے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پوری قوم کو خوابوں اور خیالوں کی دنیا میں الجھائے رکھا اور قوم کے سامنے کوئی پائیدار حکومتی پالیسی نہیں رکھی۔ حکومت کی طرف سے دہشتگردی، بجلی بحران، بے روزگاری اور مہنگائی پر قابو پانے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے ارادے کا اظہار کیا گیا مگر اس کا کوئی فریم ورک قوم کے سامنے نہیں رکھا گیا۔ دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے بغیر پائیدار امن کی باتیں خام خیالی ہیں، جب تک جزا و سزا کے قانوں پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا، ملک میں دہشت گرد دھندناتے پھریں گے۔ انہوں نے نواز شریف کے مذاکرات کی بات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کے خطاب نے ثابت کر دیا ہے کہ انہیں جس چیز کا مینڈیٹ دیا گیا ہے وہ اس پر من و عن عمل پیرا ہیں۔ کیا دہشت گردوں اور قوم کے قاتلوں سے مذاکرات ہوسکتے ہیں۔؟
 
علامہ ناصر عباس جعفری(حفظ اللہ )  نے کہا کہ قوم کو بتایا جاتا کہ اتنے عرصے میں اگر مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو دہشتگردوں کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کردیا جائیگا، لیکن ایسی کوئی بات نہیں کی گئی۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ توانائی بحران پر جتنے دعوے کیے گئے اس میں یہ بحران حل ہوتا دکھائی نہیں دیتا، وزیراعظم نواز شریف نے نصف گھنٹے کے خطاب میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بات نہ کرکے ثابت کیا ہے کہ انہوں نے امریکی دباؤ کو قبول کرلیا ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ اس منصوبے پر عمل کرکے ملک کو توانائی بحران سے مختصر مدت میں نجات دلائی جاسکتی ہے، لیکن نواز شریف نے اپنے دوستوں کے دباوُ میں آکر اس معاشی شہ رگ منصوبے کو نظر انداز کرکے مسائل کے حل میں اپنی عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی طرف سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیاہ کو سیاہ اور سفید کو سفید کہنے کے عزم کا اظہار اچھی بات ہے، مگر انہیں چاہیے تھا کہ بلوچستان میں جاری کشت و خون کو روکنے کے لیے اپنی حکومت کے اڑھائی ماہ کے اقدامات سے قوم کو آگاہ کرتے۔ نواز شریف کو چاہیے تھا کہ وہ فقط ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر حملے کی نشاندہی نہ کرتے بلکہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے عملی اقدامات سے آگاہ کرتے اور قوم کو بتاتے کہ انہوں نے آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں۔ بلوچستان میں اب تک شہید ہونے والے محب وطن شہداء کے لواحقین کی اشک شوئی کیلئے بھی کچھ نہیں کیا گیا۔
 
ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کی طرف سے ملک کی خارجہ پالیسی پر نظرثانی کرنے اور اسے ازسر نو تشکیل دینے کا اظہار تو کیا گیا مگر بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے سدباب کی بات نہیں کی گئی۔ کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ بھی قرا ر دینا اور جس خونخوار بھیڑے نے اس کو دبوچ رکھا ہے اس سے یکطرفہ مذاکرات کی بات دو متضاد چیزیں ہیں۔ قوم نے میاں صاحب کو بھارت کی بالادستی قبول کرنے کا مینڈیٹ نہیں دیا۔ وزیراعظم نے قومی مسائل پر بحث کی لیکن ان کا حل پیش نہیں کیا، مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم نے گوادر سے کاشغر تک شاہراہ کے قیام کو خوش آئند قرار دیا، تاہم انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو منسوخ کیا گیا تو عوام اپنی طاقت سے اس منصوبے پر عمل کرائیں گے اور نواز حکومت کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔

وحدت نیوز ( اسلام آباد ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما و سیاسی امور کے سربراہ سید ناصر عباس شیرازی نے وزیراعظم کی جانب سے سزائے موت کے قانون پر عملدرآمد کے التوا پر اپنے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سزائے موت کے قانون پر عمل درآمد کو روکنا قرآن وسنت کی رو سے انصاف کا قتل ہے، سینکڑوں معصوم بے گناہ محب وطن شہریوں کے قاتلوں، مغریبی ممالک اور ان کے آلہ کار این جی اوز کی خواہشات پر قصاص جیسے اسلامی قانون سے روگردانی اسلامی نظام اور آئین سے غداری کے مترادف ہے۔

ان کا کہنا تھا دہشت گردوں کو جب تک تختہ دار پر لٹکایا نہیں جاتا ملک میں جاری بدامنی اور قتل غارت کو روکنا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان استعماری طاقتوں کو کبھی گوارا نہیں، اسی لئے مغربی ممالک دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ نون لیگ کا پنجابی طالبان کے خلاف کارروائی سے گریز کرنا بہت سے سوالات کو جنم دے رہا ہے، ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ جنوبی پنجاب میں کالعدم دہشت گرد گروہ صف بندیوں میں مصروف ہیں، اسلام آباد بارہ کہو کا خودکش حملہ آور وزیرستان سے نہیں آیا تھا بلکہ تخت پنجاب کی رعایا میں سے تھا۔

سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ یہاں ہم یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ پنجاب میں گذشتہ پانچ سالہ حکومت اور موجودہ دور میں دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہوتی رہی اور اس کی ایک زندہ مثال آج سزائے موت کے قانون پر عملدر آمد سے معذوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سانحہ ڈھوک سیداں کے درجنوں بے گناہ محب وطن شہدا کے قاتلوں کی عدم گرفتاری اور کیس کو داخل دفتر کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس شرمناک حکومتی اقدام کو ہم ہر فورم پر اٹھائیں گے اور یہ یاد رکھیں حکومت کفر سے تو باقی رہ سکتی ہے مگر ظلم سے نہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree