وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ احمد نوری نے اسلام آباد میں سابق آئی جی سندھ، معروف تجزیہ کار، سماجی شخصیت افضل علی شگری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جی بی کے آئینی حقوق کی راہ میں حال پیچیدگیوں اور دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی نے سابق آئی جی کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہر فورم پر گلگت بلتستان کے حقوق اور مسائل حل کرنے کے لئے آواز بلند کی۔ اس اہم ملاقات میں طے پایا کہ خطے کے عوام کو محرومیوں سے نکالنے اور حقوق کے لئے تمام شعبہ ہائے زندگی اور تمام مکاتب کے ساتھ مل کر جدوجہد کی جائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آغا علی رضوی نے کہا کہ وفاقی سیاسی جماعتوں اور دیگر ذمہ داروں کی غفلت کے سبب قدرتی وسائل سے بھرپور یہ خطہ محرومیوں کا شکار ہے۔ اس خطے کی تعمیر و ترقی پر توجہ دیتے تو آج ملکی معیشت کو گلگت بلتستان سے سبنھالا دیا جاسکتا تھا، مگر آج تک کسی میگا پروجیکٹ کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ سی پیک میں بھی تاحال جی بی کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ ملاقات میں افضل علی شگری نے کہا کہ گلگت بلتستان کی اہمیت مسلمہ ہے اور پاکستان کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں اس خطے نے دی ہیں، چنانچہ اس خطے کے حقوق کے لئے مزید جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں دونوں شخصیات میں طے پایا کہ جی بی کو یہاں کی عوامی امنگوں کے مطابق حقوق دلانے کیلئے جدوجہد تیز کر دی جائے گی۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ احمد نوری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جی بی میں کبھی بھی جمہوری اقدار اور مثبت صحافت کو پنپنے نہیں دیا۔ صحافت کسی بھی معاشرہ کا چہرہ اور حکومتی کارکردگی کا آئینہ ہوتا ہے۔ معاشرہ میں موجود مسائل کی درست نشاندہی کرنے پر ہمیشہ انتقامی سیاست کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جمہوری دور میں صحافت کو ریاست کا چوتھا سکون کہا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے صحافت کو نشانے پر رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جہاں دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے مسائل کا شکار ہیں وہیں عامل صحافی اور صحافت بدترین مسائل کے شکار ہیں۔ عام عوام کے مسائل حل کرنے اور مسائل کو اجاگر کرنے کی سزا سب سے پہلے صحافیوں اور اس کے بعد اخبار مالکان کو مختلف طریقوں سے دی جاتی ہے۔ اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم سمیت دیگر قدغنوں کے ذریعے صحافت کا گلا گھونٹا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں روزنامہ سلام جیسے معتبر اخبار کا گلا گھونٹنے کی حکومتی سازش انتہائی افسوسناک اور شرمناک عمل ہے۔ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جی بی کے تمام اخبارات کو درپیش مسائل حل کریں کیونکہ خطے کی تعمیر و ترقی،کرپشن کی نشاندہی اور خطے کی سیاحتی اہمیت کو واضح کرنے میں ان کا بنیادی کردار رہا ہے۔ ان اخبارات کو ناجائز طریقے سے بند کرنے کی کوشش کرنے کی بجائے حکومت اپنی کارکردگی کو بہتر کرے۔ ہمیں اندازہ ہے کہ گلگت بلتستان میں صحافی بدترین ظلم و ستم کے شکار ہیں، تمام صحافی متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے نکل آئیں تو پوری قوم انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے کیونکہ قومی مسائل کے حل میں صحافیوں میں ہمیشہ مثبت کردار رہا ہے۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئے سال کو خوشحال سال قرار دینے کے لیے تمام ریاستی اداروں کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقننہ، عدلیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام مل کر جدوجہد کرے اور اپنے اپنے دائرے میں مثبت کردار ادا کرے تو پاکستان ہر طرح کے مسائل سے نکل سکتا ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ وطن عزیز ترقی، استحکام اور پیشرفت کی طرف گامزن ہے۔ اس کی خارجہ پالیسی اور داخلہ پالیسی آزاد و خودمختار اور نظریہ پاکستان کے تحت ترتیب دی جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اس ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ تبدیلی والے پاکستان میں گلگت بلتستان کے عوام کی نظریں بھی عدالت اور موجودہ حکومت پر ہے۔ ستر سالوں سے یہاں کے عوام آئینی حقوق سے محروم ہیں۔ گلگت بلتستان کو عوامی امنگوں کے مطابق حقوق دئیے جائیں۔ گلگت بلتستان کی ترقی و استحکام پاکستان کی ترقی و استحکام کا ضامن ہے۔ یہاں کے وسائل سے پورے ملک کا معاشی بحران ختم ہوسکتا ہے، لیکن اس خطے پر توجہ نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے عوام نہایت کسمپرسی میں زندگی گزار رہے ہیں۔ موجودہ حکومت سے عوام کی بڑی توقعات ہیں انہیں چاہیے کہ عوامی مسائل کے حل اور خطے کو محرومی سے نکالنے کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق دلانے اور محرومیوں سے نکالنے کیلئے جی بی اسمبلی سمیت کوئی بھی آگے بڑھے ہم انکے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ستر سالوں سے آئینی حقوق سے محروم گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے سب سے زیادہ وفادار شہری ہیں۔ یہاں کے عوام کا جذبہ حب الوطنی پاکستان کے حساس ترین خطے کی حفاظت و سلامتی کا ضامن ہے۔ پاکستان کے ساتھ یہاں کے عوام کی وابستگی مفادات کی بنیاد پر نہیں بلکہ نظریاتی بنیاد پر ہے جو کہ ملک دشمن طاقتوں کے لیے ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ وابستگی شعوری وابستگی ہے اور راہ میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ستر سالوں سے گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق نہ دینا سیاسی حکومتوں کی عاقبت نااندیشی ہے۔ مزید وقت ضائع کیے بغیر ضروری ہے کہ یہاں کے عوام کو ایک ایسا سیٹ اپ دیا جائے جو عوام کی امنگوں کے عین مطابق ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک یہاں کے عوام کو ایسا سیٹ اپ دیا جائے جس سے خطے میں ترقی و استحکام آئے اور عوامی خواہشات کے مطابق ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل ہدف پاکستان کا آئینی صوبہ ہے اور ہم مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھی حکومت کو سنجیدہ کوشش کرنی چاہیے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ستر سالہ محرومیوںکو مد نظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کو ٹیکس فری زون قرار دے کر ملکی اداروں میں بھرپور نمائندگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہم وفاقی حکومت سے اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ عوامی امنگوں کے مطابق گلگت بلتستان کو آئینی دھارے میںفوری طور پر شامل کرے گی۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان گلگت کے زیر اہتمام زینبِ کبرا س اکیڈمی میں، جشنِ صادقین کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقے کی خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔بچیوں نے بارگاہِ ختمی مرتبت محمد ﷺ اور امام جعفرِ صادق ع کی بارگاہ میں ہدیہ نعت اور منقبت پیش کیں۔ جسکےبعد مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان گلگت کی سیکرٹری جنرلمحترمہ سائرہ نے سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالی۔اور کمالِ اخلاق النبوی کے فضائل، بیان فرمائے۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کی رہنما اور رکن قانون ساز اسمبلی بی بی سلیمہ نے کہاکہ گلگت بلتستان کی تاریخ میں قندیل زہرا وہ پہلی خاتون ہیں جس کو ایم بی بی ایس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔اس سے ثابت ہوتا ہے کہ گلگت بلتستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے صرف نوجوانوں کو رہنمائی کی ضرورت ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبہ سندھ کے جامعات اور میڈیکل و انجینئرنگ کالجز میں گلگت بلتستان کے طلباء کا کوٹہ نہ ہونے کے برابر ہے ،اس کوٹے میں اضافے کی ضرورت ہے تاکہ گلگت بلتستان کے طلباء کو بھی آگے بڑھنے کا موقع مل سکے۔
گلگت بلتستان کی ہو نہار طالبہ قندیل زہرا نے گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار ایم بی بی ایس میں گولڈ میڈل لینے کا اعزاز حاصل کیاہے۔قندیل زہرا کا تعلق گلگت شہر کے نواحی علاقے نومل سے ہے اور ان کے والد علی حیدر ایک سیاسی اور سماجی شخصیت ہیں۔قندل زہرا نے پبلک سکول اینڈ کالج جوٹیال سے سال 2012 میں ایف ایس سی کا امتحان اعلیٰ نمبروں سے پاس کیا جس کے بعد ڈائویونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ماتحت شہید بے نظیر میڈیکل کالج میں داخلہ لیا اور سال 2017 میں ایم بی بی ایس کا کورس مکمل کرکے ہائوس جاب شروع کیا۔ڈائو میڈیکل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز نے ہونہار طالبہ قندیل زہرا کی ایم بی بی ایس میں اعلیٰ کارکردگی پر گولڈ میڈل دینے کا اعلان کردیا ہے۔