وحدت نیوز(وہاڑی) مجلس وحدت مسلمین ضلع وہاڑی کے سیکرٹری جنرل علی عابد چوہدری ایک ماہ کے بعد بے بنیاد دہشت گردی کے مقدمے ضمانت پر رہا ہو گئے۔ علی عابد چوہدری کو 20 اپریل کو سی ٹی ڈی نے وہاڑی سے ایک دہشت گردی کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد علی عابد چوہدری کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
مجلس وحدت مسلمین ضلع وہاڑی کے سیکرٹری علی عابد چوہدری نے کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ میں محبت اہل بیت (ع) میں جیل میں گیا ہوں، میرا اور قصور نہیں تھا مجھ پر بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا اور آج اللہ نے سُرخرو کیا اور ضمانت پر رہا ہوگیا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں یوم احتجاج کے موقع پر نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی عابد چاہدری کا مزید کہنا تھا کہ جیلیں، مقدمے اور صعوبتیں ہمیں کمزور نہیں طاقتور بناتی ہیں۔ میں حکومت سے کہتا ہوں ہمارے خلاف جتنے زیادہ ظلم کرو گے اُتنی جلدی ہی خاتمہ تمہارا مقدر بنے گا۔ اس موقع پر علی عابد چوہدری نے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، محمد عباس صدیقی اور دیگر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی رہائی میں کردار ادا کیا۔
وحدت نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب کی سیکیورٹی ایجنسی ہمارے رہنمائوں اور کارکنوں کو بے بنیاد مقدمات میں پھنسا رہی ہے۔