وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، کچھ نادیدہ قوتیں دونوں کے درمیان فاصلے پیدا کررہی ہیں، پاکستان کو شیعہ اور سنی نے مل کربنایا تھا ور انشاء اللہ ملک کر بچائیں گے۔ حکومت جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان میں صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپتی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، ترجمان ثقلین نقوی، سخاوت علی اور جوادجعفری موجودتھے۔ علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھاکہ آج 22جولائی کو ملک بھر میں مظلوم اور پسے ہوئے طبقات اپنے مطالبات کے حق میں شام 4بجے سے ملک بھر کی اہم شاہراؤں کو بند کردیں گے۔ علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے آٹھ اضلاع میں اہم شاہراؤں کو بند کردیا جائے گا۔ ملتان میں خانیوال روڈ پر سہو چوک کے مقام پر مین ہائی وے بند کردیاجائے گا۔ مظفرگڑھ میں منڈاچوک، رحیم یارخان میں چوک بہادر، بہاولپور میں فرید گیٹ، وہاڑی میں چیچہ وطنی روڈ، علی پور میں کالج روڈ، لیہ میں کاظمی چوک، اور ڈیرہ غازیخان میں کوٹ چھٹہ کے مقام پر دھرنے دیے جائیں گے اور مرکزی شاہرائیں بلاک کردی جائیں گی۔ علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملک میں ہر مظلوم کے حامی ہیں ، پاکستان میں حقیقی اہلسنت کو چن چن کو مارا جارہا ہے، درود سلام پر پابندی عائد کی جارہی ہے، بانیان مجالس کو بے بنیاد مقدمات میں پھنسایاجارہاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے ہمارا احتجاج جاری رکھے گا۔