وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری کی کال پر گزشتہ روز ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا، لاہور، اسلام آباد، کراچی، ملتان، فیصل آباد سمیت جنوبی پنجاب بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاج مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ ملتان میں نماز جمعہ کے اجتماعات میں قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کی گئی اور عیدالفطر کے لانگ مارچ کی مکمل حمایت بھی کی گئی۔ دریں اثناء جامع مسجد الحسین گلشن مارکیٹ میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، مولانا عمران ظفر نے خطاب کیا۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطبہ جمعہ اور بعدازاں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو عید کے بعد عظیم الشان لانگ مارچ کریں گے اور ان غاصب اور جابر حکمرانوں سے اپنے حقوق چھین لیں گے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں سمیت جنوبی پنجاب میں بھی لانگ مارچ کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں اور انشاء اللہ 12جون کو چوک گھنٹہ گھر میں قائد وحدت سے اظہار یکجہتی اور اپنے مطالبات کے حق احتجاجی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں میں عوام کوئی قدروقیمت نہیں ہے۔ اس موقع پر اُنہوں نے جنوبی پنجاب کی عوام سے اپیل کی کہ ملک میں جاری دہشت گردی، فرقہ واریت، کرپشن، بدعنوانی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کا ساتھ دیں ہم کسی ملک میں ظالم کے خلاف اور مظلوموں کے حامی ہیں۔