The Latest

وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کا ایک اہم اور خصوصی اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں جی بی کے سیکرٹری جنرل مولانا شیخ نیئر عباس مصطفوی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی، ڈویژنل، ضلعی عہدیداران اور یوتھ نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں 3 نومبر کو ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام گلگت شہر میں منعقد ہونے والے "دفاع وطن کنوشن" کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور پروگرام کی کامیابی کیلئے مشاورت اور اہم فیصلہ جات کئے گئے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مرکزی رہنمامجلس وحدت مسلمین و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی کا نماز جمعہ کے خطبے میں نمازیوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ اسلام امن پسند مذہب ہے اور امن کی بات کرتا ہے۔ اسلام دہشت گردی کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ مسلمانوں کو امن پسندی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ مسلمان اپنی قوت کو پارہ پارہ ہونے نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا حجاج کے نام دیئے گئے پیغام پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے واضح طور پر مسلمانوں کے دشمن امریکہ و اسرائیل کی نشاندہی کی ہے۔ لہذا آپس میں اختلافات کی بجائے ہمیں اتحاد و اتفاق سے رہ کر مشترکہ دشمن سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

علامہ سید ہاشم موسوی کا مزید کہنا تھا کہ مفتی اعظم سعودی عرب شیخ عبد العزیز آل الشیخ کا موجودہ دور میں مسلم اُمہ کو درپیش مسائل کے موقع پر خطبہ حج میں‌ واضح موقف اپنانا، مسلمانوں کے اتحاد و اتفاق کا باعث بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید قربان ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ ہم تمام تر ذاتیات سے بالاتر ہوکر صرف اللہ تعالٰی کی خوشنودی کیلئے اپنے ہر عمل کو سرانجام دیں۔

وحدت نیوز(بلتستان)  نئی حکومت بھی عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہے، ان کی پالیسیاں عوام دوست نہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے دعوے کھوکھلے نظر آ رہے ہیں، کشکول گدائی توڑنے کی باتیں عوام کے ساتھ دھوکہ ثابت ہوا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے تنظیمی کارکنان سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت موجودہ حکومت میں نظر نہیں آتی، حکومت اپنے اوائل میں ہی ناکامی کا شکار ہے اور حکومت مکمل طور پر یا تو کنفیوژن کا شکار ہے یامکمل بیرونی پالیسیوں کے مطیع ہے جس کے نتیجہ میں ملک مزید عدم استحکام کے راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ موجودہ حکومت جن حکومتوں کو نجات دہندہ سمجھ کے ان کے در پر حاضریاں دے رہی ہیں وہ سارے پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں، بالخصوص پاکستان کو بحرانوں میں ڈالنے والا ملک امریکہ ہے لیکن غلطیوں پہ غلطیاں کرنا حکومت کا وطیرہ چلا آ رہا ہے۔ وہ امریکہ جس نے 67سالوں سے پاکستان کے اندر خانہ جنگی کی کیفیت پیدا کرنے، قرضوں کے بوجھ تلے ملکی معیشت کو تباہ کرنے اور اپنی جنگیں پاکستان سے لڑوانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا اس حکومت سے مزید خیر کی توقع عبث ہے۔ حکومت کو اب بھی دوست اور دشمن کی شناخت کر کے ملکی خارجی پالیسی میں بڑی سطح پر تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ موجودہ امریکہ نواز خارجہ پالیسی سے ملک کو بحرانوں سے نکالنا ممکن نہیں۔

وحدت نیوز(مظفرگڑھ) خیرالعمل فاونڈیشن پاکستان کی طرف سے عید کے  موقع پر صوبہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ ضلع مظفرگڑھ کے علاقہ رنگ پور میں متاثرین میں خوراک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ سیلاب سے متاثرہ 55 خاندانوں میں راشن کے پیکٹ تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی صوبائی کابینہ کے رکن اور خیرالعمل فاونڈیشن جنوبی پنجاب کے کوارڈینٹر علی رضاطوری تھے۔ تقریب کی صدارت مولانا زکریا عباس سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع مظفرگڑھ نے کی۔ تقریب میں کثیر تعداد میں معززین علاقہ اور میڈیا کے افرادنے شرکت کی۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے علی رضا طوری نے خیر العمل فاونڈیشن کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی سے آگاہ کیا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ خیر العمل فاونڈیشن پاکستان ملک میں دکھی انسانیت کی بلا تفریق مذہب وملت خدمت کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایتام کی کفالت، تعمیر وطن پروگرام کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مکانات کی تعمیر، ملک بھر میں مساجد کی تعمیر اور پسماندہ علاقو ں میں ڈسپنسریوں کا قیام اور اسی طرح ناگہانی آفات سے مقابلہ کرنے کے لیے شعبہ ڈیزاسسٹر مینجمینٹ ہر وقت تیار ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا زکریا عباس نے خیر العمل فاونڈیشن کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیرالعمل فاونڈیشن پاکستان معاشرے کے پسے ہوئے افراد کے لئے ایک امید کی شمع ہے جس کا واحد مقصد صرف اور صرف انسانیت کی خدمت ہے۔

وحدت نیوز(کراچی ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلوچستان کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کراچی کے علاقے حسین ہزارہ گوٹھ میں انجمن حسینی کے صدر سمیت مرکزی مسجد کے ٹرسٹیز حضرات سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم پی اے سید محمد رضا نے بلوچستان کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کی اور شرکاء کو نشتر پارک کراچی میں منعقدہ عظمت ولایت کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈویژنل سیکریٹری تنظیم سازی میثم عابدی، ڈسٹرکٹ سیکریٹری جنرل عباس اشرف، ڈپٹی سیکریٹری جنرل محسن طفیل سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز(سرگودہا) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے متنبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے بھکر میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ نہ روکا تو پورے ملک کا ماہ محرم الحرام متاثر ہوگا۔ میڈیا کلب سرگودہا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ محرم الحرام میں انتظامیہ کو دہشت گردوں کی بجائے عوام کا ساتھ دینا ہوگا، اگر قانون شکنوں کی حوصلہ افزائی کی گئی تو حالات خراب ہوسکتے ہیں، جس کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پنجابی طالبان بہت سرگرم ہیں اور کئی سانحات وقوع پذیر بھی ہوچکے ہیں لیکن صوبے میں سکیورٹی کے موثر انتظامات نظر نہیں آ رہے جو کہ عوام کے لئے تشویشناک امر ہے۔

 

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ سرگودہا ڈویژن کی انتظامیہ نے اگر بھکر میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ نہ روکا اور حلال پور میں جلوس عزاداری کو پرامن طریقے سے نہ گزرنے دیا تو پورے ملک کا ماہ محرم الحرام متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم مذہبی اور سیاسی جماعت ہے، اسے فرقہ وارانہ گروہ کے ساتھ بیلنس کرنے کی سازش کسی طور کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سرگودہا ڈویژن امن و امان کے حوالے سے مثالی رہا لیکن تاحال یہاں کی انتظامیہ نے ضلعی اور ڈویژنل سطح پر عوام کے حقیقی نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا اور نہ ہی ان کے ساتھ میٹنگ کرکے کوئی باقاعدہ پالیسی تیار کی ہے۔

وحدت نیوز(ٹیکسلا)  القائم کمپلیکس ٹیکسلا میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ خیرالعمل فاؤنڈیشن کے مسؤل اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود نثار فیضی، علامہ امیر حسین جعفری، مولاناسبطین حسینی، مولانا مہدی شیرازی، مولانا تجمل حسینی، ناظم جعفریہ یوتھ ٹیکسلا اعجاز نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں نثار فیضی کا کہنا تھا کہ خیرالعمل کے تحت فلاح بہبود کا کا م زور و شور سے جاری ہے۔ خیبر پختون خوا میں زیادہ کام ڈی آئی خان اور پارا چنار میں ہوا۔

نثار فیضی کا کہنا تھا کہ پاراچنار میں خیر العمل کے تحت دو مساجد مکمل ہو چکی ہیں۔ ڈی آئی خان میں دو کروڑ کا امدادی سامان دیا جا چکا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہی تیس گھروں پر مشتمل ہاؤسنگ کالونی مکمل ہو چکی ہے۔ ایتام کی کفالت کے سلسلہ میں چھ سو بچوں کی نگہداشت کے لئے خطیر رقوم خرچ کی جارہی ہیں۔ ڈی آئی خان، لیہ، جھنگ میں سیلاب زدگان کے لئے ہاؤسنگ کالونیاں تعمیر کی جارہی ہیں۔ مسجد کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود کا کہنا تھا کہ فکر خمینی کے مطابق مسجد کو علوی معاشرہ میں مرکزکی اہمیت حاصل ہے۔ حضرت علی علیہ السلام اپنی حکومت کا نظام و نسق مسجد کوفہ سے ہی چلایا کرتے تھے۔

وحدت نیوز(کراچی)27 اکتوبر کو نشتر پارک میں عاشقان ولایت اپنے بھر پور ولائی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کر کے ولایت سے تجدید عہد کریں گے ، انشاء اللہ یہ اجتماع عوامی شرکت کا رکارڈ قائم کرے گا ، ایک لاکھ سے زائد فرزندان ولایت کی شرکت متوقع ہے۔ عظمت ولایت کانفرنس کی انتظامی کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ کی کابینہ اور ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژنل کونسل کے اراکین کا مشترکہ اجلاس منعقد ہو ا، صوبائی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس سولجر بازار میں جاری اجلاس میں خطاب کر تے ہو ئے صوبائی سیکریٹری جنرل عالم کربلائی نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں تشہیری مہم اختتامی مراحل میں ہے جب کہ عوامی رابطہ مہم بھر پو ر انداز میں جاری ہے ، سندھ بھر سے قافلے 26اکتوبر کی شب سے کراچی پہنچنا شروع ہو جائیں گے ، جلسہ گاہ کے اطراف میں دو ہزار وحدت اسکاؤٹ اور وحدت یوتھ کے جوان سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے ۔

اجلاس میں علامہ صادق رضا تقوی ، علامہ دیدار جلبانی سمیت صوبائی رہنمایعقوب حسینی ، ظہیر حیدر، ناصرحسینی ، ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی ، علی حسین نقوی ،رضا نقوی شریک تھے جب کہ مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد مہدی عابدی نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی ۔

وحدت نیوز (اوچشریف) مجلس وحدت مسلمین اوچشریف یو نٹ تنظیم نو کا عمل مکمل کر لیا گیا جس میں ڈسٹر کٹ علی پور کے  ڈپٹی سیکر ٹری جنرل خواجہ فضیلت علی جعفری،ضلعی سیکرٹر ی شعبہ نشرواشاعت خواجہ قمر عباس جعفری نےخصوصی  شر کت کی، اجلاس میں اراکین نےاکثریت رائے سے برادر   احسن علی جعفری کو اوچشریف یو نٹ کا نیاسیکرٹری جنرل منتخب  کر لیا ۔ضلعی ڈپٹی سیکر ٹری جنرل خواجہ فضیلت علی جعفری نے نو منتخب یونٹ  سیکریٹری  جنرل برادر احسن رضا جعفری سے حلف لیا ۔

وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم المقدسہ کی جانب سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری اور طلاب گرامی کے اعزاز میں عید ملن پارٹی اور ظہرانے  کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب سے حجت الاسلام والمسلمین سید شفقت شیرازی مسئول امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین اور مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری امور خارجہ حجت الاسلام والمسلمین شفقت شیرازی نے شام کی موجودہ صورتحال کے بارے میں مفصل گفتگو کی اور کہا کہ آج شام میں بشار الاسد کی حکومت نے اپنی مقاومت سے ثابت کر دیا ہے کہ دنیا کی استکباری طاقتوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شام کی اس فتح سے درس حاصل کرنا چاہئیے اور دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات والے مذاق کو ختم کرکے آہنی ہاتھوں سے پیش آنا چاہیئے۔

 

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں طلاب کو عید قربان کے حوالے سے خصوصی مبارک باد دی اور کہا کہ عید کا دن ہمیں حضرت ابراہیم (ع) کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں اس دن سے یہ سبق حاصل ہوتا ہے کہ اپنی قوم، ملت اور خدا کی خاطر اپنی عزیز ترین چیز بھی قربان کرنی پڑے تو قربان کر دینی چاہیئے۔ انہوں نے ولایت فقیہ کو زمین پر خدا کا نظام حکومت قرار دیا اور کہا کہ جو لوگ ولایت فقیہ کے نظام کے بارے میں شکوک اور شبہات رکھتے ہیں وہ عملاً سیکولر، فاشسٹ، استکباری اور غیر اسلامی نظاموں کو اپنی زندگیوں میں قبول کر لیتے ہیں، لیکن ایک فقیہ دین اور باعمل شجاع رہبر کے نظام کے بارے میں مشکوک رہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ نظام ولایت فقیہ عقل اور نقل دونوں طریقوں سے ثابت ہے اور صرف جن کے پاس عقل نہیں ہے، ان کو اس بارے میں شک رہتا ہے۔

 

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی صورتحال کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں عوامی تحریک اور امت کی بیداری کے ذریعے اپنے حقوق کو حاصل کرنے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان میں امام خمینی (رہ) کے نظام فکر کے تحت ہم بھی سیاسی جدوجہد کے ذریعے ملت کے حقوق کو محفوظ بنا رہے ہیں۔ پروگرام کے آخر میں سوال و جواب کی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ غیر اسلامی نظام میں سیاسی جدوجہد میں شرکت کرنا فقہ کی باب تزاحم کے مطابق ہے، بعض اوقات دو احکام میں تزاحم پیش آجاتا ہے، مثلاً ملت کے حقوق کا تحفظ اور غیر اسلامی نظام میں شراکت تو ایسے مواقع پر اہم شے کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

 

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا بعض اوقات کہا جاتا ہے کہ اب سیاسی مسائل میں فقہا اور مجتہدین کی طرف رجوع کیا جا رہا ہے جبکہ یہ ایسا نہیں ہونا چاہئیے تو ہم یہ کہتے ہیں کہ افعال یا خدا کی جانب سے ہوتے ہیں اور یا مکلفین یعنی انسانوں کی جانب سے۔ خدا کے افعال کو علم کلام میں بحث کیا جاتا ہے جبکہ مکلفین کے اعمال کو فقہ میں۔ الیکشن میں حصہ لینا بھی مکلفین کے احکام میں سے ہے، جس کو فقہ میں بحث کیا جاتا اور اس بارے میں فقہا کے فتاویٰ واضح ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کے فتویٰ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے فرانس کے الیکشن میں حصہ لینے کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ آپ اہل امیدواروں کو ووٹ دیں جبکہ یہ ایک کافر ملک ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree