The Latest

وحدت نیوز(کراچی) سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے، طالبان کو اپنا بھائی کہنا 60 ہزار شہدائے پاکستان کے خانوادوں سے غداری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے وحدت ہاوس سے جاری ایک بیان میں کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قیام کا بنیادی مقصد ایک ایسی ریاست کا حصول تھا، جہاں اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی گزاری جاسکے، لیکن مفاد پرست حکمرانوں نے اقبال کے خوابوں کی تعبیر کو وہ بھیانک رنگ دیا، اب تو میڈیا نے اس حقیقت کو آشکار کر دیا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں جہاد کے نام پر پوری دنیا سے لوگ شام منتقل کئے جا رہے ہیں۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ نجدی و امریکی مفادات کے حصول کے لیے طالبان نے بیگناہ انسانی جانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے کی جو مشق شروع کر رکھی ہے، اس کا شریعت سے کوئی تعلق نہیں، جماعت اسلامی کے امیر منور حسن دہشتگردی کا نشانہ بنے والے 60 ہزار شہدائے پاکستان کے قاتلوں کو اپنا بھائی کہہ رہے ہیں جس کی مذمت ملک کی 18 کروڑ عوام کرتے ہیں۔

وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبہ میں شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین الحسینی نے پودا لگا کر موسم بہار کی آمد کے موقع پر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا وطن عزیز اس وقت مختلف مسائل میں گھرا ہوا ہے، دہشتگردی، معاشی مشکلات اور سماجی مسائل کے علاوہ ماحولیاتی آلودگی بھی کسی مصیبت سے کم نہیں۔ دنیا بھر سمیت پاکستان میں آئے روز جنگلات محدود ہوتے جارہے ہیں اور شہری و دیہی علاقوں میں درختوں کی تعداد روز بروز کم ہوتی جارہی ہے۔ ایسے میں ہر پاکستانی شہری کا فرض بنتا ہے کہ وطن عزیز کو ہرا بھرا کرنے اور ماحولیاتی آلودگی سے بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ قوم کو متحد ہوکر ان تمام چیلنجز کا مقابل کرنا ہوگا۔ علامہ سبطین الحسینی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی کی صورت میں درپیش ہے۔ ملک کے ارباب اختیار اس مسئلہ سے ملک کو نجات دلانے کیلئے سنجیدہ اور فوری اقدامات کرنے چاہیئں۔

وحدت نیوز(قم المقدسہ) دفتر قم المقدسہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے حوزہ علمیہ قم میں پاکستانی طلاب کے ایک گروہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شیعہ قوم کی بقاء اور سربلندی کی خاطر مجلس وحدت مسلمین نے الیکشن میں آنے کا بڑی سوچ و بچار کے بعد فیصلہ کیا۔ قم المقدسہ میں مدرسہ امام مہدی کے پرنسپل حجتہ الاسلام ملک محمد اشرف کے گھر عشائیہ پر طلاب کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایک دوسرے کو برداشت نہ کرنا معنویت اور دینداری کے فقدان کا نتیجہ ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ شمالی علاقہ جات میں ہونے والے انتخابات میں بھرپور شرکت کریں گے اور سامنے آنے والی ہر طاقت کو مکتب اہل بیت کے ماننے والے سرنگوں کر دیں گے۔

اسلام آباد(وحدت نیوز) مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ قانون وحدت لائرز فورم پاکستان اور راولپنڈی اسلام آباد کی مقامی تنظیموں کے شب وروز محنت سے بالآخر سانحہ عاشورہ میں گرفتار بے گناہ 66اسیروں میں سے اب تک 12اسیروں کی ضمانت کی درخواست منظور ہو چکی ہے، جبکہ مذید 25اسیروں کی درخواست ضمانت جمع کروادی گئی ہے، اب تک جن اسیروں کی رہائی ممکن ہو سکی ہے ان میں امجد کاظمی ، سلطان علی، عدیل شہزاد، سبطین کاظمی، عاطف حسین ، ملک قمر، طیب شکیل ، فیضان ، یاسر علی، کامران، محمد اقبال اور اصغر علی ہمدانی شامل ہیں ، واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین گذشتہ چار ماہ سے مسلسل اسیران سانحہ عاشورہ کی رہائی کے لئے احتجاجی تحریک کا آغاز کئے ہو ئے ہے، اس کے ساتھ ہی وحدت لائرز فورم سیدین زیدی ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ان اسیروں کے کیسوں کی پیروی کے ساتھ ساتھ ان کی رہائی کے لئے بھی مسلسل کوشاں ہے۔

وحدت نیوز(لاہور) یوم قراردادِ پاکستان بیاد 23مارچ  1940مینار پاکستان لاہورمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، ایم ڈبلیوایم اسلام آباد کے زیر اہتمام مقامی ہو ٹل میں استحکام پاکستان سیمینار منعقد کیا گیا جس میں علامہ امین شہیدی ، عمر ریاض عباسی ، سجاد بخاری سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیاجب کہ شہدائے وطن کی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا، فیصل آباد پریس کلب میں ایم ڈبلیوایم کے زیراہتمام سیمینار منعقد کیا گیا، جس کے بعد صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی نے پرچم کشائی کی ، وحدت ہائوس مظفر آباد میں وحدت اسکائوٹس کی جانب سے سلامی دی گئی اور صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ تصور جوادی نے پرچم کشائی کی ، ایم ڈبلیو ایم پنجاب سیکریٹریٹ میں استحکام پاکستان سیمینار منعقد کیا گیا جس میں الحاج حیدر علی مرزا، علامہ امتیاز کاظمی، اسد عباس نقوی اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ سیمینار کے اختتام پر علامہ امتیاز کاظمی نے پرچم کشائی کی، مجلس وحدت مسلمین ضلع چکوال نے یوم پاکستان کے دن دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سویلین اور فوجی شہداء پاکستان کی قبروں پر حاضری دی اور شہداء کو مملکت خداداد کی حفاظت پر سلام پیش کیا-اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم ضلع چکوال کے سیکریٹری جنرل حجتہ الاسلام مولانا اعجاز نقوی کی قیادت میں ایک وفد نے چکوال کے نواحی قصبہ بھون میں شہداء پاکستان کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی اس موقع پرایم ڈبلیو ایم چکوال کی ضلعی کابینہ اور مقامی انجمنوں کے ذمہ دران بھی موجود تھے-

وحدت نیوز(مظفرآباد) پاکستان ایک آزاد خود مختار ریاست ہے،ہمیں اسکی خود مختاری کرتے ہوئے آج کے دن یہ عہد کرنا ہوگاکہ وطن عزیزکی خاطر اپنی جان تک قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔وطن عزیز میں امن کی خاطر متحد ہو کر وطن عزیز کی خدمت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصورحسین نقوی الجوادی نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ سکاؤٹس آزادکشمیر کے زیر اہتمام پرچم کشائی کی تقریب کے بعد استحکام پاکستان عزم نو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔



انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،ہر مشکل گھڑی میں باہم ملکر وطن عزیز کو درپیش خطرات کامرد میدان بن کر مقابلہ کریں گے،وطن عزیز اس وقت نازک مرحلے میں ہے، دہشتگردی،انتہاپسندی،مہنگائی اور کرپشن جیسے مسائل نے وطن عزیز میں انارکی کا ماحول بنا رکھا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے وطن عزیز پاکستان کو درپیش مسائل کیلئے قوم کو ایک پیج پر آنا ہوگا،ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔23مارچ یوم قراردادپاکستان ہے،یوم تجدید عہد ہے،آج کے دن کے منانے کا مقصد ہی ہر فرد کو اس عہد کی تجدید ہو سکے کہ مملکت خدادادپاکستان کو جسطرح ملکربنایا تھااسی طرح ملکر بچائیں گے۔ہرخطرہ چاہے وہ داخلی ہو یا خارجی،پرچم پاکستان کے سائے تلے ایک ہوکر مقابلہ کریں گے۔ایم ڈبلیوایم وطن عزیز کے تحفظ و سلامتی کیلئے مسلح افواج اور پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ ہے،کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کرتے ہوئے آئین پاکستان کے مخائر اقدام اٹھانے والے کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی،ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدون کی محافظ رہے گی۔



انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے اورہمیں کسی کے سامنے جھکنے کی بجائے پوری قوت کیساتھ وقار ملت کی خاطرہر طرح کی ملک دشمن قوتوں کے مقابلے میں سینہ سپررہنا چاہیے۔پاکستان ایٹمی ملک ہونے کی وجہ سے اسلامی دنیا میں ایک ممتاز مقام رکھتا ہے لہذا پاکستان کو امت مسلمہ کی رہبری کا فریضہ سرانجام دیتے ہوئے اسلامی ممالک کے درمیان اخوت و بھائی چارے کے فروغ اور اختلافات کے خاتمے کیلئے کردار اداکرنا چاہیے۔مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے زیر اہتمام 23مارچ یوم قردادپاکستان کی مناسبت سے استحکام پاکستان عزم نو کے عنوان سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور جوادی اور چیف سکاؤٹس سیدانصرنقوی نے پرچم کشائی کی، وحدت سکاؤٹس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی دی۔تقریب میں سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی، سیکرٹری آفس سید سجاد حسین سبزواری، سیکرٹری ویلفےئر سید محسن رضا سبزواری ایڈوکیٹ،ضلع مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل مولانا طالب حسین ہمدانی،آئی او آزادکشمیر کے صدر سید اشتیاق حسین سبزواری، ڈویژنل صدر آئی ایس او سید وقار حسین کاظمی ، خالد محمود عباسی، مرزا رحیم بیگ ،عابد حسین قریشی اور دیگررہنماؤں نے شرکت کی۔

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم پنجاب میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب کے مہمان خصوصی الحاج حیدر علی مرزا جبکہ صدارت علامہ امتیاز کاظمی نے کی۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین یوتھ کونسل اور ضلع لاہور کے کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے ایم ڈبلیو ایم لاہور کے رہنمائوں آغا زاہد حسین قزلباش، علامہ محمد اقبال کامرانی، سید فصاحت حسین بخاری نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے۔ جس دن برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ مملکت خداد پاکستان کیلئے قراداد منظور کرکے وطن عزیز کی بنیاد رکھ دی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان آج ان کے ہاتھوں یرغمال ہے، جنہوں نے قیام پاکستان کے وقت کہا تھا کہ شکر ہے کہ ہم پاکستان بنانے کے گناہ میں شامل نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وارثان پاکستان کا گلی گلی کوچہ کوچہ قتل عام کیا جا رہا ہے۔ پاکستان دشمن قوتیں اس ملک کے سالمیت کے درپے ہیں، ایسے میں وطن  عزیز کے باوفا بیٹوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس مملکت خداداد کی حفاظت کیلئے میدان میں نکلیں اور اپنے آباو اجداد کے اس ورثے کی حفاظت کریں۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الحاج حیدر علی مرزا کا کہنا تھا کہ مملکت خداداد پاکستان کی بنیادوں میں ملت جعفریہ کا سرمایہ اور خون شامل ہے۔ پاکستان کی یہ باہمت اور شجاع قوم ملک کو مٹھی بھر شرپسندوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دے گی۔ تقریب کا اختتام صوبائی سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا۔ یوم پاکستان کے تقریب میں مجلس وحدت مسلمین لاہور ڈویژن کی آرگنائزنگ باڈی کا بھی اعلان ہوا، جس میں شیخ عمران علی آرگنائزر لاہور ڈویژن، سید حسین زیدی سیکرٹری سیاسیات لاہور ڈویژن اور سید فصاحت بخاری سیکرٹری فلاح و بہبود مجلس وحدت مسلمین لاہور ڈویژن متخب ہوئے، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال کامرانی نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے حکم پر 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تمام ہیڈکوارٹرز میں ''تقریب پرچم کشائی''منعقد ہوئی۔ ملتان میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی یوتھ سیکرٹریٹ میں ''تقریب پرچم کشائی '' منعقد ہوئی، تقریب کی صدارت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی نے کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے میڈیاکوارڈینیٹر محمد ثقلین، مولانا عمران ظفر، غلام قاسم خان، مہر سخاوت علی، سید دلاور عباس زیدی، مرزا وجاہت علی سمیت وحدت اسکائوٹس کی رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عباس صدیقی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی محب وطن مذہبی و سیاسی جماعت ہے، مجلس وحدت مسلمین نے پاکستان کے استحکام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اُنہوں نے کہا کہ آج ہم یوم پاکستان منا رہے ہیں لیکن دوسری طرف لاشیں اُٹھا رہے ہیں، آج شہداء کے ورثاء اس دھرتی سے تقاضا کررہے ہیں کہ پاکستان اسی مقصد کے لیے بنایا گیا تھا۔ آخر میں ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کی دعا کی گئی۔

وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوم پاکستان یوم تجدید عہد ہے اور یوم ایفائے عہد ہے۔ یوم پاکستان ہمیں وطن کی سربلندی اور استحکام کی خاطر سرگرم عمل رہنے اور اقبال و قائد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا حوصلہ بخشتا ہے۔ پاکستان میں بسنے والے غیور اہل سنت اور اہل تشیع نے اپنا سب کچھ لٹا کر اس مملکت کو حاصل کیا ہے اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کریں۔ پاکستان اس وقت نرغہ اعداء میں ہے۔ ہنود، یہود اور سعود کی مداخلت سے دہشت گردوں نے ریاستی اداروں کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے اور پاکستان کے محب اور حقیقی فرزندوں کے لیے جینا دوبھر کر دیا ہے۔ اب پاکستان کے غیور اور محب وطن شیعہ و سنی جماعتوں کو 1940ء کے جذبے کے تحت متحد ہو کر دہشت گرد اور تمام ملک دشمن عناصر کا گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ جب تک دہشت گردی کی عفریت سے ملک کو نجات نہیں ملتی مقصد حصول فراہم ہونا محال ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک کے انتظامی اداروں میں موجود دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے والے افراد کو واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں اور ریاستی دشمنوں کا گھیرا تنگ کریں اور حقیقی محب وطن شہریوں کو تعصبات کی بنیاد پہ الجھانے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم اس وطن کے باوفا بیٹے، حقیقی فرزند اور اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں محافظ ہیں۔ ہماری حب الوطنی کو مشکوک نگاہ سے دیکھا جانا وطن عزیز سے خیانت کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی بہتری، شہریوں کی فلاح، وحدت کے فروغ اور ملک کے استحکام کے لیے ہم جانوں کا نذارانہ پیش کرنے کے لیے آمادہ ہیں۔

وحدت نیوز(خوشاب) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام علامہ عبدالخالق اسدی نےضلع خوشاب کا دورہ کیا، علامہ عبدالخالق اسدی نے خوشاب کے نواحی علاقے نیتری میں دریائے جہلم کی جانب سے ملحقہ آبادی کے کطرے کے حوالے سے وزٹ کیا اور حالات کا جائزہ لیا علاوہ ازیں صوبائی سیکرٹری جنرل نے ضلع خوشاب کی ضلعی کابینہ کے وفد سے بھی ملاقات کی اور اجلاس میں پاکستان کے حالات کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہونے چاہیئے مگر طالبان سے مذاکرات شہدا ء کے خون کے ساتھ دھوکا ہےاور اس وقت پاکستان کے جو اہم اداروں کی نجکاری کی بات چل رہی ہے یہ پاکستانی معیشت کے اٹھتے ہوئے تابوت میں آخری کیل گاڑنے کے مترادف ہو گا اجلاس میں صوبہ پنجاب کے سیکرٹری شعبہ جوانان علامہ حسن رضا ہمدانی نے بھی شرکت کی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree