وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے افغانستان اور سعودی عرب میں شیعہ نسل کشی کے دل دھلادینے والے سانحات پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش اور العوامیہ میں سعودی افواج کے ہاتھوں شیعہ نسل کشی پر عالمی قوتوں کی خاموشی قابل مذمت ہے،افغانستان کے علاقے میرزا اولنگ میں داعشیوں کے ہاتھوں شیعہ ہزارہ شہریوں کا بہیمانہ قتل عام انسانیت کی تذلیل ہے، نہتے شیعہ شہریوں کو گولیوں سے بھونا گیا، انہیں دروں سے نیچے پھینکا گیا ان کی خواتین کو اغواء کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ افغانستان اور سعودیہ میں جاری انسانیت سوز مظالم نا قابل بیان ہیں ، کیایہ سب ظالمانہ اقدامات عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی نہیں، افغانستان میں جاری شیعہ نسل کے اصل ذمہ دار وہاں کی حکومت، انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور دہشت گردی کے نام نہاد مخالف امریکہ اور اس کے حواری ہیں۔ میرزا اولنگ کے والی نے مرکزی حکومت کو پیشگی آگاہ کیا تھا کہ یہاں داعش اور دیگر دہشت گرد گروہ پنپ رہے ہیں فوری اقدامات کیئے جائیں لیکن کابل حکومت نے اس پر توجہ نہیں دی اور ایک انسانی المیئے نےجنم لیا ۔

علامہ راجہ ناصرعباس نے العوامیہ میں آل سعود کی جارح افواج کے ہاتھوں بے گناہ شیعہ شہریوں کے قتل اورمساجد وامام بارگاہوں کی توہین کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور انہوں نے کہا کہ آل سعود مظلوم عوام کا کشت وخون کرکےقہر الہیٰ کو دعوت دے رہے ہیں ، انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی جانب سے افغانستان ، سعودیہ، یمن، بحرین ، کشمیر اور دیگر علاقوں میں انسانیت سوز مظالم پر مجرمانہ خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان تمام ملکوں کے مظلوم عوام کے ساتھ ہیں اور ان پر ہونے والے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔وہ وقت دو رنہیں کے جب ان بے گناہ شہداءکو پاکیزہ لہو رنگ لائے گا اور آل سعود کے ناپاک اقتدار کے زوال کا باعث بنے گا اور یہ ظالم خدا کے قہر اور انتقام کا شکار ہوں گے ۔

وحدت نیوز(سکردو)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے سکردو میں حالیہ سیلاب کے متاثر ین کے مسائل کے حوالے سے  ڈی سی سکردو سے ملاقات کی اور متاثرین کی امداد کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سکردو میں مختلف مقامات جن میں سدپارہ، رگیول، حسین آباد، روندو اور دیگر مقامات شامل ہیںپر سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے حکومتی اقدامات کو ناکافی قرار دیا اور زور دیا کہ سیلاب زدگان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔

اس موقع پر ڈی سی سکردو نے سیلاب زدگان کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی ، اور کہا بند روڈز کو دو دن کے اندر بحال کیا جائے گا، پانی کی فراہمی کے لیے بھی فوری طور پر عوام کے تعاون سے فوری طور پر کام شروع کیا جائے گا۔ جبکہ لاپتہ افراد کی بحالی کے لیے پہلے سے ہی ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔اس موقع پر متاثرین کی مکمل بحالی کے لیے معاوضہ سمیت دیگر اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) بجلی لوڈشیڈنگ کا درد ناک عذاب،وزیراعظم آزاد کشمیر واپس آ کر عوام کی خبر لیں۔ بیس گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت اقدام ہے، واپڈا ہوش کے ناخن لے ۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیرسید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے وحدت میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا ۔

 انہوں نے کہا کہ کاروبار زندگی بری طرح سے متاثر ہے۔ گرمی کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ کا عذاب بری طرح مسلط کر دیا گیا ہے۔پچھلے دنوں سینئر وزیر اور وزیر برقیات کی جانب سے ایک ریاستی اخبار کو اشتہار دیا گیا ، جس میں حکومت کے سال مکمل ہونے کے بعد بتایا گیا کہ آزاد کشمیر کو سو فیصد بجلی فراہم کی جارہی ہے ۔ جو کہ ریاست کی عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق تھا۔ وزیراعظم اور وزراء نواز شریف کو جہلم سے ہی رخصت کر کے دارالحکومت واپس آکر سو فیصد بجلی فراہمی کا بندوبست کریں ۔ نہیں تو عوام سے معافی مانگیں ۔

 سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا سبزواری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ واپڈا جیسے بے لگام ہاتھی کا بندوبست کرتے ہوئے بجلی بلاتعطل فراہم کی جائے۔ آزاد کشمیر کی ضرورت ساڑھے تین سو میگاواٹ جبکہ پیداوار چودہ سو سے زائد ہے۔ مزید نئے منصوبوں کو ملا کے یہ پیداوار ڈبل ہو جائے گی۔ ایسی صورت میں بجلی بنا کے دینے والے خطے کوہی بجلی سے محروم رکھنا ظلم عظیم ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فوری طور پر وزیر اعظم پاکستان کے ذریعے اس معاملے کو حل کرنے لیے قدم اٹھائیں ۔ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اپنی مختصر مدت میں اس اہم مسئلے کو حل کریں ہم اسے کارنامہ شمار کریں گے اور شکر گزار ہوں گے۔ انہوں نے کہا دردناک لوڈشیڈنگ کے عذاب کے خلاف انجمن تاجران یا کوئی بھی سیاسی جماعت کوئی تحریک شروع کرتی ہے تو مجلس وحدت مسلمین اس عوامی حق کے لیے ان کے شانہ بشانہ ہو گی۔

وحدت نیوز(لاہور) پنجاب حکومت نااہل نوازشریف کی ناکام ریلی کو چھوڑ کر پنجاب کے ہسپتالوں میں سسکتے بلکتے مریضوں کا خیال کرے،ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات پر فوری مذاکرات کرکے غریب عوام کے صحت کو درپیش مشکلات کا فوری حل نکالا جائے،وائی ڈی اے کے ہڑتالی ڈاکٹر ز سے بھی گذارش ہے کہ وہ خدمت خلق کو ملحوظ خاطر رکھیں،ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے برابر ہیں،نااہل حکمرانوں سے تصادم میں خدمت خلق جیسے عظیم عبادت کو ترک کرنا کسی بھی صورت درست نہیں،بحثیت مسلمان ہمیں انسانیت کی خدمت اور بقا کے لئے بغیر کسی لالچ کے خود کو وقف کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری سیاسیات سید حسن کاظمی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں سیاسی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔

 انہوں نے کہا ن لیگ کے نااہل وزیراعظم کی ناکام ریلی اس بات کی غمازی ہے کہ عوام نے لٹیروں کو مسترد کر دیا ہے،اب ن لیگ اور اسکے گارڈ فادر کو احتساب سے کوئی نہیں بچا سکے گا،شہباز شریف نا اہل بھائی کی ناکام ریلی کو چھوڑ کر پنجاب کے بنیادی صحت کے سہولیات سے محروم عوام پر توجہ دیں،پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں،اور ن لیگی حکومت ہٹ دھرمی سے کام لے رہی ہے،سید حسن کاظمی نے کہا کہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزراء شرم کریں اور سیلاب سے بری طرح سے متاثر عوام کی احوال پرسی کو پہنچیں،اعلیٰ عدلیہ کیخلاف نوازشریف کی ہرزہ سرائی قابل مذمت ہے،نواز شریف اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرکے سیاسی شہید بننے کے خواہشمند ہے ،انشااللہ کرپٹ مافیا اسی خواہش کو لے کر اڈیالہ روانہ ہونگے۔

وحدت نیوز(بدین) تین برس قبل شب عاشور کے جلوس عزاء میں تکفیری عناصر کے حملے اور بعد ازاں عزاداروں پر درج مقدمے میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل برادر یعقوب حسینی اور دیگر 60سے زائد عزداران ، معززین اور رہنماوں کو سیشن کورٹ بدین نے باعزت بری کردیا، تفصیلات کے مطابق تین سال قبل ڈسٹرکٹ بدین کے تحصیل تلہار کے قریب یوسی پیرو لاشاری میں 9 محرم کے دن  جلوس عزا  میں تکفیری انتہاپسند عناصر نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر جلوس عزاءپر حملہ کردیا تھا بعد ازاں ان تکفیری دہشت گردوں نے عزداران کے خلاف مقدمہ بھی درج کروادیا تھا اور پولیس نے جلوس عزاءبرآمد کرنے پر پابندی عائد کردی تھی، تین برس تک عدالت میں کیس چلنے کے بعدآج سیشن کورٹ بدین کے جج  نے مقدمے کا حتمی فیصلہ سنادیا فیصلے میں  مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری بردار آغا یعقوب حسینی سمیت تمام محبان اھلبیت کو باعزت بری کر دیا گیا اور کورٹ نے جلوس حسب دستور اپنے مقررہ روٹ کے مطابق  وہیں نکلنے کا بھی حکم نامہ جاری کردیا ۔

وحدت نیوز(سدپارہ) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کےسیکریٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی کا ضلع سکردو کے سیکریٹری جنرل شیخ فدا علی زیشان اور دیگر رہنماوں کے ہمراہ سدپارہ میں لینڈسلائڈنگ سے متاثرہ علاقوں اور شاہراہوں  کا ہنگامی دورہ کیا، انہوں نے ملبے تلے دبے شہریوں کونکالے کے امدادی کاموں کا جائزہ لیا اور ہلاک شدگان کے پسماندگان سے تعزیت  کااظہار کیا، واضح رہے کہ کئی شہری لینڈ سلائڈنگ کے باعث ملبے تلے دب کر ہلاک ہو چکے ہیں اور متعدد ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں  اور کوئی حکومتی اہلکار یا وزیر اب تک متاثرین کی  داد رسی کو نہیں پہنچا ،ریسکو اہلکاروں اور جدید مشینری کی کمی کے باعث امدادی سرگرمیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، لینڈ سلائڈنگ کے باعث سڑکیں بلاک کے باوجود آغا علی رضوی اور ایم ڈبلیوایم کے رہنماؤں نے کئی کلومیٹر پیدل سفر طے کیا اور متاثرین کو ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree