وحدت نیوز (مظفرآباد) نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ ملک کو دہشت گردی و فرقہ واریت کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے مخصوص علاقوں میں ضرب عضب اور پورے ملک میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد ضروری ہے۔ لیکن نیشنل ایکشن پلان کی آڑ عزاداری کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اضلاع کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں اور اضلاع کی انتظامیہ سے بھی توقع ہے کہ عزاداری کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدام کریں گے۔ عزاداری کی مجالس کا مقصد قیام امام حسینؑ اور اتحاد بین المسلمین جیسے موضوعات کو زیر بحث لایا جائے ۔ ہر صورت میں ضابطہ اخلاق کی پابندی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ تصور حسین نقوی الجوادی نے مظفرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں سے شکایات ملی ہیں کہ انتظامیہ کے ذریعے بعض جگہوں پر نئی مجالس و جلوس ہا کے حوالے سے پابندی یا اجازت نامے کی بات کی جارہی ہے ۔ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ عزاداری کی مجالس و جلوس ہا کے انعقاد کے لیے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہے۔ انتظامیہ کو نظم و نسق کی بحالی کے لیے اطلاع دی جائے۔ عزاداران کا کام مجالس و عزاداری کا انعقاد ہے۔ اور انتظامیہ کی ذمہ داری سیکورٹی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ کسی قانون یا پلان میں یہ نہیں لکھا کہ نئی مجالس و جلوس نہ ہوں گے۔ جوں جوں آبادی میں اضافہ ہو گا علاقائی ضروریات کے پیش نظر ہر سال مجالس کی تعداد میں اضافہ ہوتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتظامیہ سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور انتظامیہ کی طرف سے بھی بھرپور تعاون کی توقع رکھتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے مثالی خطہ ہے ۔ یہاں مکاتب فکر کے درمیان ایک مثالی ہم آہنگی جسے ہر قیمت میں برقرار رہنا چاہیے ۔ امام حسین ؑ آدمیت و انسانیت کی میراث ہیں ۔ امام حسین ؑ کی قربانی بقاء اسلام کی ضامن ہے ۔ دنیا کا ہر مسلمان امام ؑ سے والہانہ عقیدت و محبت رکھتا ہے۔ اور اپنے اپنے طور پر اس کا اظہار بھی کرتا ہے ۔ لہذا کوشش کی جائے کہ ایک دوسرے کے طریقے اور روش پر بات کرنے کے بجائے امام ؑ کی شخصیت اور آپ کی لازوال قربانی پر بات کی جائے۔ تا کہ امام حسین ؑ کے اس اعلی و عرفہ ہدف و مقصد سے تمام امت مشترکہ طور پر درس لے ۔ یہ بات آج ہمارے ملک کے لیے بھی اور ہمارے دین کے لیے بھی ضروری ہے ۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین عزاداری سیل کا علامہ عبد الخالق اسدی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے زیر صدارت میں ہنگامی اجلاس،اجلاس میں پنجاب بھر میں محر م الحرام میں مجالس، جلوس ہائے عزاء اور عزاداروں کو درپیش مشکلات پر گفتگو،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام اضلاع بشمول لاہور میں مقامی پولیس و انتظامیہ کے ذریعے حکومت عزاداروں کو ہراساں کرنے میں مصروف ہے،چاردیواری کے اندر مجالس ہمارا آئینی و قانونی حق ہے،پنجاب پولیس عزاداری کیخلاف غیر قانونی و غیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، جمالی بلوچاں ضلع خوشاب میں خواتین کی چاردیواری کے اندر مجلس پر اس طرح سے دھاوا بول دیا گیا جیسے مقبوضہ کشمیر میں انتہاپسند ہندو درندے مظلوم کشمیریوں پر دھاوا بولتے ہیں،انتظامیہ کا یہ رویہ کسی بھی طور قابل قبول نہیں ، ہمیں بتایا جائے کہ آیا ہم پاکستانی شہری نہیں؟ ہم اس عاقبت نااندیشی اور تعصب بھرے عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ضلع خوشاب کی انتظامیہ کے اعلیٰ اہلکاروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ مقامی انتظامیہ کو لگام دے۔

علامہ اسدی نے تمام اضلاع کے عزاداری سیل کے اراکین کو ملکی حالات کی روشنی میں خصوصی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے اس عزم کو دہرایاکہ ملت تشیع پرامن اور وطن عزیز کی باوفا قوم ہے،ہم اس ملک کے آئین کو تسلیم کرنے اور اس پر سختی سے عمل پیرا ہیں، یہ عزاداری ،مجالس و جلوس ہائے عزا ہمارا آئینی و قانونی حق ہے اس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے،عزاداری سیل کے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ پنجاب پولیس کی جانب سے عزاداروں کو ہراساں کرنے کے عمل کو مجلس وحدت مسلمین کی لیگل ٹیم اعلیٰ عدالتوں میں رٹ کریگی،مجلس وحدت مسلمین پنجاب عزاداری سیل کے لیگل ایڈوائزر ایڈووکیٹ سجاد بیگ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں متعصب پولیس آفیسرز مسلسل عزاداروں کو پریشان کرنے میں مصروف ہیں کچھ اضلاع سے پولیس کی جانب سے رشوت اور پیسوں کا مطالبہ بھی کرنے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں ہم تمام حقائق کو اپنی رٹ کا حصہ بنائیں گے،اجلاس میں درج ذیل قراداد متفقہ طور پر منظور کئے گئے۔

1 ۔عزاداری نواسہ رسولﷺ کو محدود کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، 2 ۔پنجاب پولیس کے ذمہ داران ضلعی پولیس افسران کی افسر شاہی کا نوٹس لیں بصورت دیگر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے ذمہ دار متعلقہ انتظامیہ پر ہوگی،3 ۔علماء و ذاکرین پر ضلع بندیاں ناقابل قبول ہیں،ذکر محمد وآل محمدؑ پر پابندیاں آئین و قانون کی کھلی خلاف ورزی اور ریاستی جبر ہے، 4 ۔ایمپلی فائر ایکٹ کے ناجائز استعمال کو روکا جائے،5 ۔مجالس ،جلوس ہائے عزاء کو مکمل فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مقامی انتظامیہ ہمارے سامنے کسی کالعدم گروہ و ملک دشمنوں کو نا بٹھائے ہم ملک دشمنوں کیساتھ بیٹھنا آئین و قانوں کی خلاف ورزی اور ملک سے غداری کے مترادف سمجھتے ہیں۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے قمراہ میں نامور عالم دین، ایم ڈبلیو ایم قم کے سربراہ حجت الاسلام علامہ شیخ غلام محمد فخرالدین کی شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حجت الاسلام علامہ شیخ غلام محمد فخرالدین ملت اسلامیہ کا عظیم سرمایہ تھے، انکی زندگی جہد مسلسل سے عبارت تھی، وہ گلگت بلتستان میں مقاوت و مجاہدت کی مثال تھے، انہوں نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی سربلندی اور اسلامی اقدار کو احیاء کرنے کے لئے صرف کی۔ وہ بلند پایہ خطیب، عالم مبارز، مجاہد، محقق اور بلند پایہ معلم تھے۔ انکی المناک شہادت سے گلگت بلتستان میں جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پر کرنا محال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ غلام محمد فخرالدین کی المناک شہادت پر امام دوراں،ؑ رہبر معظم، اہلیان گلگت بلتستان بالخصوص لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور لواحقین کو صبر و شکر کی تلقین کے ساتھ ساتھ تبریک بھی پیش کرتے ہیں، کیونکہ شہادت خدا کی جانب سے ایک عظیم تحفہ ہے جو وہ اپنے مقرب بندوں کو عنایت کرتا ہے۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور اراکین مرکزی کابینہ علامہ امین شہیدی ،علامہ شفقت شیرازی،علامہ حسن ظفرنقوی، علامہ اعجاز بہشتی،علامہ احمد اقبال رضوی او رابوذرمہدوی، ناصرشیرازی ،صوبائی سیکریٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی، سیکریٹری جنرل سندھ علامہ مختارامامی،سیکریٹری جنرل خیبر پختونخواعلامہ سبطین حسینی، سیکریٹری جنرل گلگت بلتستان علامہ شیخ نیئر عباس، سیکریٹری جنرل بلوچستان علامہ مقصودڈومکی اور سیکریٹری جنرل ریاست جموں کشمیرعلامہ تصور جوادی نے ایم ڈبلیوایم شعبہ قم المقدس کی سیکریٹری جنرل علامہ ڈاکٹرشیخ غلام محمد فخر الدین کی سانحہ منیٰ میں المناک شہادت پر اپنے مشترکہ بیان میں دلی رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ فخر الدین کی شہادت نا فقط اہل بلتستان بلکہ پوری ملت تشیع کا عظیم نقصان ہے،علامہ فخر الدین کی شہادت سے ملت تشیع ایک بڑے مدبر،شجاع ، نڈر، خطیب بے مثال اور مدافع ولایت سے محروم ہوگئی ہے، شہید کی پوری زندگی جہد مسلسل سے عبارت تھی، عہد شباب سے ہی شہید نے انقلاب اسلامی او رمقام معظم رہبری کی عملی اتباءاو ر پیروی کا آغاز کیا،ملک کے گوش وکنار میں حقیقی نظام ولایت کی سفیر بن کر گئے،یہاں تک کہ حج بیت اللہ کے موقع پر بھی وہ اپنی شرعی ذمہ داریوں سےکما حقہ عہدہ برآں ہوتے رہے ،دوران حج حکم امام خمینی کی تعمیل میں خود بھی برائت ازمشرکین کیلئے صف اول میں دکھائی دیتے بلکہ دیگر حجاج کو بھی اس عمل خیر کی تاکید کرتے،شہید کی غریب الوطنی اور دیار غیر میں شہادت پوری امت مسلمہ بالعموم اور مجلس وحدت مسلمین کیلئے بالخصوص بار گراں ہے،آغائے فخر الدین جیسے گوہر نایاب صدیوں میں جنم پاتے ہیں،اس عظیم سانحے پر ہم امام زمانہ عج، رہبر معظم انقلاب اور شہید خانوادے کی خدمت میں ہدیہ تعزیت اور تسلیت عرض کرتے ہیں ،ساتھ ہی پسماندگان کیلئے اس دکھ اور الم کی گھڑی میں خداسے خصوصی صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں ، خدا ہمیں شہید کے مشن کی تکمیل کی توفیق عنایت فرمائے۔

وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سبطین حسین الحسینی نے پشاور میں منعقدہ شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعۃ الشہید عارف حسین الحسینی شہید قائد کی یادگار ہے، لہذا ملت کو دین کی بہتر رہنمائی اور معارف و تعلیمات آل محمد (ع) سے آشنا کرانے کے لئے ضروری ہے کہ جامعۃ الشہید کی سرپرستی میں مرکز تبلیغات اسلامی کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا جائے۔ اس ادارے کا ایک الگ تشخص ہو اور یہ ادارہ علوم و معارف اہل بیت (ع) کی ترویج و تبلیغ کے لئے ایک منظم انداز میں کام کرےاور اس سلسلہ کو آگے بڑھائے۔ رہنما ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء صبر و استقامت کے پہاڑ تھے ، انہوں نے راہ حسین (ع) پہ چل کے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے اور شمع فروزاں بن کر ملت کو صبر و استقامت کا درس دیتے رہے۔ ہم بھی شہدا کے راہی ہیں اور زمانہ کے تمام تر ستم کے باوجود یاد و فکر شہدا زندہ ہے اور ہم اسے تابندہ رکھیں گے۔ 27 سال گزر جانے کے باوجود شہید قائد کی یاد اور دیگر شہدا ملت کا تذکرہ شہدا کی قربانیوں اور ان کے اخلاص کا نتیجہ ہے۔ ہم اس سفر کو جاری رکھیں گے اور تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے یاد شہدا کو زندہ رکھیں گے۔

وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام شیخ نیئر عباس مصطفوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محرم حق و صداقت کی فتح اور ظلم و سرکشی کے زوال کا مہینہ ہے، ہر دور کے ظالم و جابر حکمران اپنے اقتدار کے چھن جانے کے خوف سے ماہ محرم میں بیجا پابندیاں عائد کرکے اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا والوں تک پہنچانے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے رہے ہیں، لیکن یہ خون حسین علیہ السلام کی تاثیر ہے کہ آج پوری دنیا حسین کے عشق میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم صبر و استقامت، فداکاری اور ایثار و قربانی کا مہینہ ہے اور محرم کی مجالس میں شرکت کرکے اپنی زندگی کو بابرکت بنایا جاسکتا ہے۔ یہ ایسا بابرکت مہینہ ہے جس میں نواسہ رسول ؐ نے اپنے پورے خاندان کو دین اسلام کی آبیاری کیلئے خدا کی راہ میں قربان کر دیا اور رہتی دنیا تک ظلم و بربریت اور ناانصافی کے خلاف انسانیت کو استقامت و جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرنے کا درس دیا، آج کوئی اسلام اور انسانیت کی بات کرتا ہے تو یہ خون حسین کا صدقہ ہے۔

شیخ نیئر عباس مصطفوی نے تمام خطباء، علمائے کرام اور ذاکرین عظام سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تقاریر اور وعظ و نصیحت کی محافل و مجالس میں واقعہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ امن، محبت اور بھائی چارگی کے سنہرے اصولوں پر اظہار خیال کریں۔ تمام اسلامی مسالک کے مابین فروعی اختلافات کو موضوع بحث نہ بنائیں بلکہ مشترکات کے تذکرے سے مسالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی بھرپور کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں ہمارے اتحاد سے خوف زدہ ہیں اور نت نئی سازشوں کے ذریعے اسلامی مکاتب فکر کے درمیاں اختلافات کو ہوا دیکر فتنہ و فساد برپا کرنا چاہتی ہیں۔ لہٰذا علمائے کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے علاقے میں پائیدار امن کیلئے اپنی توانائیوں کا بھرپور استعمال کریں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree