وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے پشاور میں ائیربیس پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن دھشت گردوں کا ریاستی اداروں پر حملہ ان کی بوکھلاہٹ کوظاہر کرتا ہے۔قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے۔ اور ان شہداء کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے دھشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ دھشت گردی کے خلاف بھرپور جرئت و استقامت سے آپریشن پر پاک فوج کوپوری قوم کی تائید حاصل ہے۔قوم ملک سے دھشت گردی اور کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پردنیا بھر سے آئے ہوئے فرزندان اسلا م خوش نصیب ہیں جو ابراہیم خلیل ؑ اورقرآن کریم کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے خانہ خدا کی زیارت کے لئے جمع ہوئے ہیں، حج امت مسلمہ کی عظمت کا مظہر سیاسی عبادی اجتماع ہے۔حجاج کرام اس عظیم اجتماع کے موقع پر سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے نمرود وقت کے خلاف حق کی آواز بلند کریں، حج کے موقع پرمشرکین سے برائت ضروری ہے۔اس وقت، امت مسلمہ مسائل و مشکلات کا شکار ہے۔ عالم کفراور طاغوتی قوتوں نے جس طرح اسلام اور امت مسلمہ کے خلاف اعلان جنگ کررکھا ہے اس عالمی اجتماع کے موقع پرعالم کفر کی سازشوں اور امت مسلمہ کے مسائل پر غور و خوض کیا جائے، اور ان کے حل کے لئے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ حج وحدت امت کا عظیم مظہر ہے۔ فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے دیرینہ مسائل ہیں، جبکہ اس وقت پوراعالم اسلام امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے لگائی گئی آگ میں جل رہا ہے۔ تکفیری سوچ کے بانی اور سرپرست اسرائیلی ادارے اور صیہونی ہیں۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ اور معروف عالم دین علامہ آغا علی رضوی کو ایم ڈبلیو ایم پاکستان گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کا اضافی عہدہ دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے دورہ جی بی کے موقع پر گلگت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آغا علی رضوی کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کا اضافی چارج دینے کا اعلان کر دیا۔ آغا علی رضوی کو غیر معمولی فعالیت اور صلاحیتوں کی وجہ سے مقبولیت حاصل ہے، بالخصوص جوان طبقہ انہیں خلوص دل سے چاہتا ہے۔ آغا علی رضوی کی غیر معمولی مقبولیت اور مختلف ایشوز پر حکومت کے خلاف قیام کو بھی مزاحمت و مقاومت کی علامت کے طور پر لیا جاتا ہے، گلگت بلتستان میں ہونے والے دہشتگردی کے تمام واقعات پر انہوں نے دھرنے دیئے اور احتجاجی تحریکیں چلائیں۔ جی بی میں گندم سبسڈی کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے اٹھنے والی تحریک میں انکا کلیدی کردار رہا۔ تمام ملی اور علاقائی مسائل پر حکومت کے خلاف ڈٹ جانے کے سبب حکومتی ادارے انہیں پسند نہیں کرتے۔ نہایت اہم ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان میں انکی زندگی کو دہشتگردوں اور دیگر قومی مجرمین کی طرف سے شدید خطرہ بھی لاحق ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے رہنما نے انہیں دبے الفاظ میں حکومت کے خلاف سخت اقدامات اٹھاتے رہنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی بھی دی ہے۔

وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدارحسین نقوی ، ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی اور سیکرٹری سیاسیات انجینئرسخاوت علی نے پشاور میں دہشتگردوں کی جانب سے ایئرفورس بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد اسلام اور ملک کے دشمن ہیں جب کہ پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ملتان میں سانحہ مڈھ بیر کے حوالے سے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشتگردی کے خلاف قوم کا عزم متزلزل نہیں ہوگا، ملک سے دہشتگردی کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا جب کہ قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشتگرد اسلام اور ملک کے دشمن ہیں جب کہ ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، دہشتگرد اور ان کے حواریوں کو جلد انجام تک پہنچائیں گے۔علامہ اقتدارنقوی نے مزید کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ سے نہیں روک سکتی جب کہ حملہ ناکام بنانے پر فورسز خراج تحسین کی حقدار ہیں۔تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدارنقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مڈھ بیر ایئربیس پر حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن اسفندیار بخاری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جان کی قربانی دے کر ملک اور قوم کو بڑے حادثے سے بچالیا، حملے میں شہید ہونے والے نمازیوں اور ایئرفورس کے جونیئر ٹیکنیشن کی شہادت یقیناًرائیگاں نہیں جائے گی۔ اس موقع پر شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاکی گئی۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی، ڈویژنل سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی اور دیگر رہنماؤں نے اسکردو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو مکمل طور پر آئینی صوبہ بناکر پارلیمنٹ میں نمائندگی دی جائے، جب تک خطے کو آئینی صوبہ نہیں بنایا جائے گا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، آئینی صوبے کے قیام کیلئے بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کریں گے اور ہر فورم پر جائیں گے، وہ زمانہ اور تھا جب ہم صرف گلی کوچوں میں مظاہرے کرتے تھے اب ہماری آوازاسمبلیوں کے اندر تک پہنچ چکی ہے ۔ اسکردو میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے میں مسلم لیگ نون کی حکومت ہرگز سنجیدہ نہیں ہے، اگرسنجیدہ ہوتی تو کبھی کمیٹی قائم نہ کی جاتی، جو کام نہیں کرنا ہوتا، اس پر کمیٹیاں بٹھائی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن سے پہلے ہی کہا تھا کہ مسلم لیگ نون گلگت بلتستان کو پانچوں آئینی صوبہ بنائے ہم الیکشن سے دستبردار ہو جائیں گے، مگر آئینی حقوق نہیں دیئے گئے، اگر حقوق دینا ہوتے تو بہت پہلے دے دیئے جاتے۔ مسلم لیگ نون کی تین مرتبہ حکومت بنی ہے، آئینی حقوق کیوں نہیں دیئے گئے؟ گلگت بلتستان انتہائی حساس خطہ ہے اس کو آئینی حقوق نہ دیئے گئے تو معاملہ خراب ہو جائے گا۔ گلگت بلتستان کو آئینی حقوق سے محروم رکھنا ہرگز ملکی مفاد میں نہیں ہے، اس لئے ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ خطے کو مکمل طور پر آئینی صوبہ قرار دیا جائے اور اس خطے کے عوام کو سینٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے، آئینی حقوق سے کم کوئی چیز قبول نہیں ہوگی۔ اب ہم آئینی حقوق کے حصول کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنا کر این ایف سی ایوارڈ کا حصہ نہیں بنایا جاتا۔ خطے کے عوام کے ساتھ ماضی میں بہت ظلم کیا گیا، اکنامک کوریڈور گلگت بلتستان سے گزر رہا ہے اور فائدہ ملک کے دوسرے حصے کے لوگوں کو پہنچ رہا ہے، جو بڑا ظلم ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اکنامک کوریڈور زون گلگت بلتستان میں قائم کیا جائے اور اقتصادی راہداری کا فائدہ جی بی کے عوام کو پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 8 جون 2015ء کے انتخابات آر اوز کے الیکشن تھے، پچھلی حکومت کرپٹ تھی اور موجودہ حکومت دھاندلی زدہ ہے، اس سے کسی قسم کی خیر کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، روڈ کی خستہ حالی کے باعث تجارت تباہ و برباد ہوگئی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کرپشن کرنے والوں کو کھلی چھٹی دیدی گئی ہے، یہاں نیب غیر فعال ہے، نیب کو کارروائیوں سے خود مسلم لیگ نون کی حکومت روک رہی ہے، نیب کے احتساب کے بغیر خطے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، نیب کو کارروائیاں کرنے میں کوئی قانونی اور آئینی پیچیدگی نہیں ہے، اگر نیب کو کارروائی سے روکا گیا تو پھر یہاں اکنامک کوریڈور بھی نہیں بنایا جاسکتا، پھر بات بہت دور تک جائے گی۔ اس لئے نیب کی کارروائیوں میں خلل ڈالنے کی غلطی نہیں کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ہم نے پٹیشن دائر کر رکھی ہے، لیکن ان پٹیشنز کی ابھی تک سماعت شروع نہیں کی گئی، یہ کتنے شرم کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور عزاداروں کی جان و مال کے تحفظ یقینی بنایا جائے۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے گلگت بلتستان کا انتظامی ڈھانچہ انتہائی نامناسب اور ظلم پر مبنی ہے، صحیح طریقے سے انتظامی امور کو چلانے کے لئے انصاف کی بنیادوں پر انتظامی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں روندو بہت بڑا علاقہ ہے، جو جی بی میں موجود کئی اضلاع سے رقبے میں بڑا ہے، لیکن اسے ضلع کا دریا نہ دیا جانا ظلم ہے، اس کو فوری طور پر ضلع بنایا جائے اور برابری کی سیاست کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت ریجن میں 6 اور بلتستان ریجن میں صرف 4 اضلاع ہیں، روندو کو ضلع بنایا گیا تو کسی حد تک انصاف ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ شگر، کھرمنگ اضلاع کا قیام مستحسن اقدام ہے، ہم حکومت کے اچھے کاموں کی حمایت کرتے ہیں، کبھی بھی تنقید برائے تنقید کی سیاست نہیں کی۔ روندو کو بھی ضلع بنایا گیا تو ہم سمجھیں گے کہ حکومت نے واقعی انصاف سے کام لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور پنجاب میں ہمارے کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہم نے بار بار کہا کہ ایسا نہ کیا جائے، مگر لیگی حکومت انتقام کی سیاست کر رہی ہے۔ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ہمارے کارکنوں کو کوئی تنگ نہیں کیا جا رہا ہے، پنجاب اور گلگت بلتستان میں کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہمارے کئی کارکن اور رہنماء گرفتار کئے گئے ہیں، اگر گرفتار شدگان کو رہا نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی بی میں نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، جو ظلم ہے، نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔

وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے گذشتہ روزسکردو میں ایم ڈبلیوایم کیجانب سے قائم کردہ دارالشفاءمولاعباس ؑ اسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر چیئرمین المصطفیٰ فائونڈیشن اور ولایت ٹی وی علامہ سید ظہیر الحسن نقوی کربلائی ، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سیدناصرشیرازی ،ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ سید علی رضوی اور دیگر رہنمابھی موجود تھے، علامہ راجہ ناصرعباس نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیااور اسپتال کے توسیعی منصوبےپر جاری کام کا جائزہ بھی لیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree