The Latest
وحدت نیوز(ملتان) مرکزی معاون مسئول مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین خانم شاداب تغزل کی زیر صدارت ملتان کی تنظیمی خواتین ممبران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم شعبان المعظم کو ملتان میں ایک بھرپور اجتماع منعقد کرایا جائے ۔اس اجتماع میں خواہرسیدہ زہراء نقوی مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کو مدعو کیا جائے گا ۔اور اس اجتماع میں صوبہ جنوبی پنجاب اور ملتان کے(صوبائی اور ضلعی سیٹ اپ ) کوتشکیل دیا جائے گا ۔ اس پروگرام کی باقاعدہ منظوری صوبہ جنوبی پنجاب کےشورائی اجلاس جو شعبان سے پہلے منعقد ہو نے جا رہا ہے سے لی جائے گی تاکہ کسی قسم کی تنقید ،اختلاف اور تنظیمی مشکلات سے بچا جا سکے اور اس طرح ایک بہتر ہم آہنگی اور کوارڈینیشن بھی ایجاد ہو گی ۔یہ اجلاس رات ۱۰ بجے تک جاری رہا ۔اجلاس میں ملتان کی تنظیمی خواہران نے محترمہ شاداب تغزل معاون مسئول شعبہ خواتین اور بی بی سلیمہ ممبر جی بی اسمبلی کا تہہ دل شکریہ ادا کیا اور خواہش ظاہر کی کہ آئندہ بھی یہ رفت وآمد سلسلہ جاری رہے گا ۔
وحدت نیوز (ملتان) ولادت باسعادت حضرت فاطمۃ الزہراء (س) کی مناسبت سے جامعۃ خدیجۃ الکبریٰ اور جامعہ شہید مطہری ملتان کے باہمی اشتراک سے خواتین کا اجتماع بعنوان مودت صدیقہ الکبریٰ سیمینارمنعقدہوا جس میں جنوبی پنجاب کی 2000 سے زائد خواتین نے شرکت کی اس پروگرام کی میزبانی علامہ قاضی شبیر علوی بانی جامعہ شہید مطہری ؒ اور محترمہ تصدق زہراء پرنسپل جامعہ خدیجۃ الکبریٰ ملتان کررہے تھے جبکہ پورے اجتماع کے انتظامات قاض نادر علوی پرنسپل جامعہ شہید مطہری ملتان کے ذمے تھے ،خواتین کے اس اجتماع سے مجلس وحدت مسلمین کی رکن گلگت بلتستان اسمبلی محترمہ بی بی سلیمہ ، ایم ڈبلیوایم کی مرکزی رہنما محترمہ تغزل شاداب اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
محترمہ بی بی سلیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم حضرت سیدہ فاطمہ زہراء (س) کی سیرت پر عمل پیرا ہو جائیں تو اپنی مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں اور ہماری خواتین ہر میدان میں کامیاب ہو سکتی ہیں ۔ سیرت اہلبیت ؑ اپنانے سے ہی وطن عزیزکو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ کیا جا سکتا ہے ۔ ملک میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت ،دہشت گردی اور ناامنی ،ہماری توجہ کو اس طرف مبذول کرارہی ہے کہ ہم نے سیرت اہلبیت ؑ پر عمل کرنے کہیں کہیں کوتاہی ضرور کی ہے اور سیرت آل محمد ؑ کے ساتھ ساتھ قرآن پاک سے بھی راہنمائی لینی چاہئے تاکہ ہم صحیح معنوں میں فرمان پیغمبر اکرم ﷺ پر عمل کر سکیں جس میں آپ نے فرمایا : میں تمہارے درمیان دو گرانبہا چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں ایک قرآن اور دوسری میری اہلبیتؑ ۔حضرت رسول پاک ﷺ اپنی امت کو واضح اور شفاف انداز میں یہ بتا کرگئے ہیں کہ آپ کے پاس نجات کا راستہ صرف صرف قرآن پر صحیح معنوں عمل اور اہلبیت ؑ کی سیرت میں پنہاں ہے۔ آج جس ہستی کی ولادت باسعادت کا دن ہے اس کی سیرت ہم سب کے لئے خصوصا خواتین کے ایک مشعل راہ ہے ۔ ہمیں ان کی سیرت پر عمل کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنی اولاد ،خاندان اور معاشرے کی صحیح تربیت کرسکیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملکی سطح پر بھی معاشرے کی فلاح و بہبود اور بچوں کی نشوونما اور تربیت کے لئے این جی اوز کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہیں ۔لیکن اصل مسئلہ ہمار غفلت ہے ۔ آج بھی ہم سمجھ جائیں اور تعصبات سے بالا تر ہو کر سیرت اہلبیت ؑ پر عمل کر لیں تو ہمیں کسی این جی اوز یا خیراتی اداروں کی ضرورت نہیں رہے گی کہ وہ آئیں اور ہمارے وطن عزیز میں کبھی صفائی ۔تو کھبی صحت اور کبھی تعلیم کے لئے فنڈ زخرچ کریں ۔ اسلام ہمیں گھر سے ہی پاکیزگی ، طہارت ، صحت کے اصولوں پر عمل کرنا اور اپنے ماحول کو صاف کرنے کا درس دیتا ہے اور یہ سب کچھ سیرت آل محمد ؑ اور آج جس شخصیت کا یوم میلاد ہے انہیں طفیل ہم تک پہنچا ہے ۔ صرف عمل کرنے کی ضرورت ۔ سرزمین ملتان پاکستانی ثقافت کا علاقہ سمھجاجاتا جس میں پاکستان کی رچ اور غنی ثقافت اپنے عروج پر رہی ۔آج بھی اس علاقےکو اسی میدان میں برتری حاصل ہے ۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی اسلامی روایات اور ثقافت سے ہم آہنگ رہیں ورنہ دشمن تو ہمیں اپنی فرہنگ سے دور کرتا جارہا ہے ۔
انہوں نے مذید کہا کہ آج آپ خواتین کی ذمہ داری دوسرے مکتب فکر کے مقابلےمیں بہت زیادہ ہے اور اپنے آ پ کومحدود نہ کریں ۔ کوشش کریں سچائی ،ایمانداری ، اخلاص اور محبت کے ساتھ اپنے کاموں کو انجام دیں ۔آج آپ کے پاس الحمدللہ مجلس وحدت مسلمین کی صورت میں ایک پلیٹ فارم موجود ہے۔ جس کی سربراہی ایک بہترین مدبر اور عالم باعمل کے ہاتھ میں ہے آئیں میدان آپ کے لئے موجود ہے ۔کام کرنے کے مواقع بھی ہیں ،مجھے دیکھیں میں بھی آپ کی طرح اسی معاشرے کا حصہ ہوں ، میں نے ہمت کی اور مجلس وحدت مسلمین کی محنت اور کوشش سے آج آپ بہنوں کی آواز بن کر ریاست کے اعلیٰ فورم پر ترجمانی کررہی ہوں ۔ آپ میں سے بھی کئی بہنوں میں یہ ساری صلاحیتیں موجود ہیں آگے بڑھیں اور اپنا وظیفہ احسن طریقے سے نبھائیں تاآپ بھی اس ملک کی سالمیت ،فرقہ واریت ،دہشت گردی اور ناامنی سے نجات میں مثبت رول ادا کرتے ہوئےاپنا حصہ ڈال سکیں ۔
وحدت نیوز (پنجاب) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی سیکرٹری جنرل خانم زہرہ نقوی نے مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی مسؤل شعبہ تعلیم و تربیت خانم نرگس سجاد کیساتھ ۳ روزہ(۱۱/۱۲/۱۳مارچ) صوبہ پنجاب کا تنظیمی اور تربیتی دورہ کیا جہاں مختلف اضلاع اور یونٹز کی خواہران سے ملاقات اور کارگردگی کا جائزہ لیا۔منڈی بہاؤالدین اور کمالیہ کی خواتین کیساتھ تنظیم سازی کے سلسلے میں تفصیلی ملاقات کی گئی اور ملک میں ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کے مختلف شعبہ جات اور اہداف کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
تلہ کنگ کی ضلعی کابینہ اور تنظیمی عہداران کیساتھ تنظیمی اور تربیتی حوالے سے میٹنگ کی گئی اور ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین تلہ کنگ کی خواتین کی فعالیت مزید بہتر کرنے کے حوالے سے مختلف پروگرامز ترتیب دئے گئے۔اسکے علاوہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگ میں بھی تنظیم سازی کے حوالے سے وہاں کی فعال خواہران کیساتھ میٹنگ کی گئی جسکے بعد وہاں ۵ رکنی ورکنگ کمیٹی تشکیل دی گی۔ ضلع جہلم میں شھزادی کونین بی بی فاطمہ(ع) کے حوالے سے اور شھید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی برسی کے حوالے سے خواتین کا پروگرام امام بارگاہ سیداں میں منعقد کیاگیا۔جس سے خطاب کرتے ہوئے مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی سیکرٹری جنرل خانم زہرہ نقوی نے شھزادی کونین بی بی فاطمتہ الزہرہ کی زندگانی بطور اسوہ اور شھید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے افکار و خیالات پر مفصل روشنی ڈالی۔ مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی شعبہ تعلیم و تربیت کی مسؤل خانم نرگس سجاد نے اپنے خطاب میں جنابِ سیدہ بی بی فاطمتہ(ع) بطور محافظہ راہِ ولایت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اسکے علاوہ توسیع و تنظیم کے حوالے سے ضلع جہلم کے عہدےداروں سے بھی خصوصی نشست ہوئی، ضلع جھنگ میں یومِ مادر،بی بی سیدہ(ع) اور بی بی ام البنین کے حوالے سے خواتین کیلئے ایک کانفرنس امام بارگاہ قصرِ زہرہ میں منعقد ہوئی۔جسمیں خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین خانم زہرہ نقوی نے ملت میں خواتین کی فعالیت کی اہمیت و افادیت اور بلخصوص شعبہ سیاسیات میں خواتین کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل خانم سیدہ زہرا نقوی نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ دور حاضر میں خواتین کی جملہ معاشرتی مشکلات کی بنیادی وجہ تعلیمات اسلامی سے دوری ہے،عورت بیک وقت تین مناسبتوں (ماں ،بہن ،بیٹی اور بیوی ) کی صورت میں معاشرے میں زندگی بسر کرتی ہے ، تمام رشتوں میں توازن بہترین زندگی گزارنے کے لیئے ضرور ی ہے ، چودہ سوسال سے لے کر اس ماڈریٹ زمانے تک ایک کامل بیٹی ،بیوی اور ماں انسانی تاریخ میں فقط سیدہ فاطمہ زہراؑ کی ذات اقدس گزری ہے ، لہذٰا مغربی ثقافتی یلغار کے مقابلے میں افت وپاکدامنی کا درس حاصل کرنے کیلئے تمام خواتین کو بلاتفریق رنگ ونسل، مذہب ومسلک سیرت دختر رسول (ص)حضرت فاطمہ زہرا(س)کا مطالعہ کرنا ہو گا اور اسے اپنی زندگی میں عملی کرنا ہو گا،غربی ثقافتی یلغارکے مقابل ایک پاکدامن عورت کے پاس سیرت حضرت فاطمہ زہراؑہی بہترین ہتھیارہے ،حقوق نسواں کیلئے متحرک عالمی اداروں کو بھی چاہئے کے جناب فاطمہ زہرا (س)کےحیات مبارکہ کے ظاہری اور پوشیدہ پہلووں کا جائزہ لیں اور اسے اپنے نصاب کا حصہ بنائیں ۔
وحدت نیوز (جھنگ) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع جھنگ کی جانب سے ایامِ فاطمہ(ع) کی مناسبت سے ضلع جھنگ میں مجالس کا انعقاد کیا گیا جسمیں سیدہِ کونین کا اسوۂ مبارکہ بطور مدافع ولایت اور عصری تقاضے کے عنوان سے خواتین کو شعور اور آگہی دی گئ۔اسکے علاوہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شھید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی لئے دعائے صحت کی گئ۔اور ملک و ملت کی ترقی اور سلامتی کیلئے اجتماعی دعا کرائی گئ۔اسکے علاوہ ضلع جھنگ کی جنرل سیکرٹری کی جانب سے ضلع جھنگ کے 4 مختلف تحصیلوں کی خواہران کے ساتھ ایک تنظیمی نشست بھی رکھی گئ جسمیں تنظیمی و تربیتی حوالے سے مختلف پروگرام تشکیل دئیے گئے۔ ضلع جھنگ کے 4 تحصیلوں کی کابینہ کی تقریبِ حلف برداری بھی ہوئی۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی کی جانب سے محفلِ دعا و مناجات کا انعقاد کیا گیا اور جسکے بعد تمام اضلاع کی مسؤلین و خواهران سے روزِ مادر کے حوالے سے میٹنگ کی گئی. نشست کا باقائده آغاز دعأ و مناجات سے کیا گیا. تلاوتِ دعائے توسل خواہر نایاب (ڈپٹی سیکرٹری ضلع وسطی) نے کی ، جسکےبعد حالاتِ حاضره پر خواہر ندیم زہرہ (مسؤل شعبہ تعلیم و تربیت ضلع وسطی) نے خطاب کیا۔بعد از خطاب سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم آزاد کشمیر علامہ تصور جوادی انکی اہلیہ اور ت سهون، لاهور، پشاور اور دیگر سانحات میں زخمی ہونے والوں کی جلد شفا یابی کیلئے دعا کی گئی، اس کے بعد سورۃ فاتحہ برائے بلندی درجات تمام شهداء ملتِ جعفریہ و شهداء سہیون و لاہور و پاکستان کی گئی اسکے بعد میٹنگ بمناسبت "میلاد خاتونِ جنت(ع) اور بچت بازار"کا آغاز خواہر بنین زہرہ معاون مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے کیا۔جس میں میلاد و جشن، اور بیتِ زہرہ(ع) و بچت بازار کے حوالے سے امور کو حتمی شکل دی گئی اور نشست کا باقائدہ اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ عج اور ملتِ تشیع کی صحت و سلامتی کی دعا سے کیا گیا۔
وحدت نیوز (ساہیوال) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری روبط خواہر لبانہ کاظمی اور مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود خواہرفرحانہ گلزیب کی سربراھی میں خوہران کے ایک وفد نے شہید ڈاکٹر قاسم کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے اور شہید کی بلندی درجات کے لئے دعائے مغفرت اور پسماندگان کے صبر جمیل کی دعا ہے ۔ شہید کے اہلخانہ نے مجلس کی خواہران کا شکریہ ادا کیا اور کہا دشمن یہ سمجھتا ہے کہ اس طرح سے ہمارے حوصلے پست ہو جائیں گے ۔ یہ دشمن کی بھول ہے ۔شہید کا خون رائیگان نہیں جاتا ہم پہلے سے زیادہ مضبوط ہونگے ۔ قربانی تو اخلاص کا نام ہم سب کی دعا ہے اللہ اپنی بارگاہ میں ہمارے شہید کی قربانی قبول فرمائے ۔ ہم پہلے سے زیادہ مضبوط اور کامیاب ہونگے ہمیں خوشی اس بات کی ہے کہ ہم حق پر ہیں ورنہ ہم کبھی ان تکفیری دشمنوں کا نشانہ نہ بنتے ۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی امان زمانہ عجج کے صدقے میں مجلس کے تمام لوگو ں کی حفاظت فرمائے اور انہیں دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے ۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل خانم سیدہ زہراء نقوی نے اپنے وفد کے ہمراہ قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ مفتی جعفر حسین مرحوم کی صاحبزادی کے انتقال پر لاہور میں ان کے گھر جاکر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے تعزیت پیش کی ہے اور مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت کی ،مرحوم مفتی جعفر حسین کی بیٹی پروفیسر نرجس خاتون کا 19 فروری کو انتقال ہوا تھا اور 21 کو مرحومہ کا قل تھا ۔ مرحومہ کی فیملی نے خانم سیدہ زہراء نقوی کا شکریہ ادا کیا اور مجلس وحدت مسلمین کے کردار کی تعریف کی اور اسے ملت پاکستان کےلئے ایک امید کی کرن قرار دیا،مرحومہ کےخاوند نے علا مہ راجہ ناصر عباس جعفری کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں اپنی حفظ و امان میں رکھے جس طرح وہ شیعہ اور سنی وحدت پر دن رات کام کررہے ہیں در حقیقت مفتی جعفر حسین کا بھی یہی خواب تھا ۔ ہم سب کی دعائیں علامہ راجہ ناصر عباس کے ساتھ ہیں ،اللہ انہیں دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے۔
وحدت نیوز (گلگت) مظفر آباد میں علامہ تصور حسین جوادی پر قاتلانہ حملہ ، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور سیہون شریف میں بیگناہ عوام کی شہادتوں سے ایسا محسوس ہورہا کہ حکومت دہشت گردوںکے آگے بے بس ہوچکی ہے ۔جب بھی کوئی بڑا واقعہ رونما ہوتا ہے تبھی حکومت حرکت میں آتی ہے اور پکڑ دھکڑ شروع کردیتی ہے اور عام حالات میں سب اچھا کا رٹ لگاتی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی کوارڈینیٹر سائرہ ابراہیم نے لاہور ،کوئٹہ ،پشاور اور سیہون شریف میں دہشت گردی کا شکار ہونے والوں کے ورثاء سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صحیح سمت میں دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرتی تو شاید آج یہ دن دیکھنے نہیں پڑتے اور سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع نہ ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری عناصر اور کالعدم جماعتوں کے ساتھ حکمرانوں کے روابط واضح ہیں اور تکفیری سوچ رکھنی والی سیاسی و مذہبی جماعتیں حکمرانوں کے اتحادی ہیں ۔نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے جبکہ دہشت گرد محفوظ ہیں اور وہ جہاں چاہیں آزادانہ نقل و حمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف حکومت کسی ایکشن سے خوفزدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج واحد امید کی کرن ہے جس سے امیدیں وابستہ ہیں ،پورے ملک میں بلاتفریق فوجی آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک تکفیری سوچ کا خاتمہ نہیں ہوتا تب تک دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا ممکن نہیں،اس کے لئے لازم ہے کہ اس سوچ کو پروان چڑھانے والے مدارس اور دینی مراکز کے خلاف کاروائی کی جائے۔دہشت گردی کی جڑوں کو باقی رکھ کر صرف شاخیں کاٹنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔انہوں نے مظفر آباد میں علامہ تصور جوادی اور ان کی اہلیہ پر قاتلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سز ا دی۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) مظفرآباد قاتلانہ حملہ میں زخمی ہونے والے ایم ڈبلیو ایم آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ تصور جوادی اور ان کی اہلیہ کی عیادت کے لیے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تربیت سیدہ نرگس سجاد جعفری کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم کی خواتین رہنماؤں کا ایک وفد مظفرآباد پہنچ گیا ۔ ایم ڈبلیو ایم راولپنڈی کی سیکرٹری جنرل سیدہ قندیل زہراکاظمی اورخیبر پختونخواہ کی روبینہ واجد بھی وفد کے ہمراہ ہیں۔سید ہ نرگس نے کہا ہے کہ یزیدیت کے اوچھے ہتکھنڈوں سے ہمیں مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔حق و باطل کی یہ جنگ چودہ سو سالوں سے جاری ہے۔ہم حسینی ہیں اور یزیدیت کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے آزاد کشمیر کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ علامہ تصور جوادی اوران کی اہلیہ کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات دینے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
سیدہ قندیل زہرا نے کہا ہے کہ ملک سے انتہا پسندی کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشت گردوں کے خلاف حکومت کا دوہرا معیار ہے۔اچھے اور بُرے طالبان کے نام پر حکمرانوں نے من پسند انتہا پسندوں گروہوں کو تحفظ فراہم کیا جس کے نتائج پوری قوم بھگت رہی ہے۔دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارے کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل کرتے ہوئے کالعدم مذہبی جماعتوں اور ان کے سہولت کاروں پر آہنی ہاتھ ڈالنے ہوں گے۔دہشت گردی کا خاتمہ محض بلند و بانگ دعووں سے نہیں ہو گا اس کے لیے سیاسی ضرورتوں سے بالاتر ہو کر فیصلہ کن اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
خیبر پختونخواہ کی سیکرٹری جنرل روبینہ واجد نے کہا کہ پارہ چنار بم دھماکہ ، سانحہ لاہور اور اب مظفرآباد میں دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ سیکورٹی ملک میں امن و امان کی بدحالی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔اس طرح کے واقعات عدم تحفظ کے احساس کو تقویت دے رہے ہیں۔عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑنے والی حکومت اقتدار میں رہنے کا جواز کھو چکی ہے۔انہوں نے کہا مظفرآباد جسیے حساس شہر میں دہشت گردوں کی موجودگی تشویشناک ہے۔ایم ڈبلیو ایم خواتین کے وفد نے علامہ تصور جوادی کی اہلیہ کی عیادت کی اور دہشت گردی کے خلاف ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔