وحدت نیوز(اسلام آباد) ساہیوال واقعہ کے متاثر ین کے ساتھ ہیں، حکومت سی ٹی ڈی کے طریقہ کار کو تبدیل کرے، یہ واقعہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سےجاری بیان میں کیا ۔انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی نے جو کچھ ساہیوال میں کیا اور اس کے بعد جو وضاحتیں دی جا رہی ہیں وہ نہایت شرم نا ک ہیں ،اس ادار ے کی ماورائے عدالت کاروائیوں کی داستانیں زبان زد عام ہیں ۔ساہیوال واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔اس سے پہلے بھی سی ٹی ڈی نے بے شمار لوگوں کو اپنے ظلم کا نشانہ بنایاہے اور بے گناہوں پر ایف آئی آرز کاٹیں ہیں ۔ایسا لگتا ہے کہ سی ٹی ڈی کا ادارہ حکومت کے ماتحت نہیں بلکہ شتر بے مہار آزاد ہے اور اسکا جو جی میں آئے کر گزرتا ہے ۔حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ساہیوال واقعے کی شفاف انکوئری کروائی جائے ، مجرمان کو قرارواقعی سزا دی جائے اور حکومت واقعے میں متاثرہ بچوں کی مکمل کفالت کرے ۔