وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آل سعود نے جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں آل رسول ؑ کے مقدس مزارات کی بے حرمتی کی جس کے باعث کروڑوں مسلمانوں کے دل رنجیدہ ہیں۔ 8 شوال یوم انہدام جنت البقیع وہ المناک دن ہے کہ جب اھل بیت اطہار صحابہ کرام اور امہات المومنین کے مقدس مزارات کو ڈھا کر دنیائے اسلام کو غمزدہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج آل سعود کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے امریکا اور اسرائیل کی غلامی اور سرزمین وحی حجازمقدس کے عزت و احترام کی پامالی کے باعث آج آل سعود دنیا بھر میں رسوا ہو چکے ہیں۔ آج دنیا بھر کے اہل ایمان آل سعود کے کردار کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یمن میں مظلوم مسلمانوں کا قتل عام اسکول اور شادی کی تقریب پر بمباری کرکے معصوم بچوں اور خواتین کو قتل کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بن سلمان کی جانب سے سرزمین وحی پر اصلاحات کے نام سے دین اسلام کی تعلیمات سے بغاوت کی گئی اور جوا کے اڈے قائم کر کے حجاز مقدس کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ آل سعود خاندان کے درمیان اقتدار کی رسہ کشی اور اس رساکشی میں شاہی خاندان کا آپس میں دست و گریباں ہونا اب صیغہ راز نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تعالی جنت البقیع عنقریب خدا کے صالح بندوں کے پاکیزہ ہاتھوں سے تعمیر ہوگا۔