وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےاپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ
جیو نیوز کے پروگرام “آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ” میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے 7 اکتوبر کے آپریشن “طوفان الاقصیٰ” کو دہشتگردی قرار دینا انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت اقدام ہے۔ یہ مؤقف نہ صرف صحافتی بددیانتی ہے بلکہ فلسطینی عوام کی جدوجہدِ آزادی کے خلاف کھلی جانبداری بھی ہے۔
حماس اہلِ فلسطین کی سب سے مضبوط اور منظم تحریک ہے، جو اپنے مظلوم عوام، سرزمینِ فلسطین اور مسجدِ اقصیٰ کے تحفظ کے لیے برسرِ پیکار ہے۔ ان کی جدوجہد حق، انصاف اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے اور تاریخ میں ان قربانیوں کو ہمیشہ عزت سے یاد رکھا جائے گا۔
جیو نیوز کی انتظامیہ اس مؤقف پر قوم سے معافی مانگے اور حقائق کو درست انداز میں پیش کرے۔ فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کو دہشتگردی کہنا سراسر ظلم اور سچائی سے انحراف ہے۔