پوری انسانیت کی فلاح و نجات کے ضامن امام عصر عج کے عالمی انقلاب کیلئے میدان میں حاضر رہنا ضروری ہے،علامہ راجہ ناصرعباس

03 جون 2015

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےسربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نےمرکزی سیکریٹریٹ سے جاری پیغام میں عالم اسلام کو وارث زمانہ امام العصر عجل اللہ فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالم بشریت تشنہ عدالت ہے جس کی تشنگی عدل کی شراب طہور سے ہی بجھ سکتی ہے۔بشریت کو خدا اور اس کا نظام عدل چاہیے اور پندرہ شعبان المعظم کادن عدل کی روشنی میں حق دار کو اس کے حق لوٹانے کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں درس دیتا ہے کہ ہم عدالت، انسانی حقوق، مظلوموںکی حمایت، حاکموں کے رعیت اور رعیت کے حاکموں پر حقوق کی ادائیگی کا درس دیتا ہے۔ کیونکہ اس دن جو ہستی اس دنیا میں تشریف لائی وہ عدل الٰہی کی مظہر ہے اور جب وہ غیبت کبریٰ کے خاتمے کے بعدحکم خدا سے ظہور کرے گی تو اس دنیا کو عدل و انصاف سے ایسے بھر دے گی جیسے یہ دنیا ظلم و جور سے بھر چکی ہو گی۔

 علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ نظام الٰہی چاہے تو تکوینی نظام کائنات ہو یا تشریعی نظام دونوں کی اساس اور بنیاد عدل پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدا وند کریم نے انسانیت کی ہدایت کے لئے اپنے عدل کے مظہر معصوم انبیاء اور آئمہ طاہرین کو بھیجا جن کی زندگیاں معاشرے سے ظلم و بربریت اور نا انصافی کے خاتمے اور عدل و انصاف کے قیام کے لئے صرف ہوئیں۔ اسلام نے جو ضابطہ حیات دنیا کو دیا اس کی بنیاد بھی عدل ہے۔ ابو الآئمہ حضرت امیر المؤمنین علیہ السلام کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے مولائے کائنات سے پوچھا کہ عدل افضل ہے یا سخاوت ؟ تو آپ نے فرمایا کہ عدل افضل ہے کیونکہ عدل کی بنیاد پر نظام حیات کو تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ لہٰذا معاشرے سے ظلم کا خاتمہ اور عدالت کا قیام ہماری شرعی ذمہ داری ہے۔

 انہوں نے تاریخ تشیع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب عدالت کو گھر میں محصور کر دیا گیا اور ظلم وہاں جا بیٹھا جہاں کا اہل نہیں تھا تو اس وقت حضرت سیدہ فاطمہ الزھراء سلام اللہ علیھا نے ظلم کے خلاف قیام کیا۔ اور یہی بعد میں آنے والے آئمہ طاہرین کے لئے مشعل راہ بنا۔اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ظلم کے خلاف اٹھنانہ صرف مردوں بلکہ خواتین کی بھی شرعی ذمہ داری ہے۔ ہم شیعیان حیدر کرار انبیاء کرام اور آئمہ طاہرین کے مبارزات کے وارث ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نہ صرف خود کو عالمی انقلاب امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے لئے تیار کرنا چاہیے بلکہ اس انقلاب کے لئے جس میں پوری انسانیت کی فلاح ہے زمین ہموار کرنی چاہیے اور اس راستے میں مشکلات سے گھبرانا ملت جعفریہ کا شعار نہیں ہے،یہی وقت ہے منجی عالم بشریت امام مہدی عج کے عالمی انقلاب کی راہ ہموار کرنے کا، انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ دنیا کی بہترین ملت ہے اور اس کے اخلاص کا موازنہ کسی بھی دوسرے سے نہیں کیا جا سکتا ۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے آپ کو طاقتور بنائیں اور اپنی ملت کے لئے اپنی زندگیاں صرف کر دیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree