وحدت نیوز( لاہور) مجلس وحدت مسلمین کی غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن کرانے کی درخواست کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے پٹیشن کو آئینی و قانونی قرار دیتے ہوئے حکومت پنجاب سے 25 ستمبرتک جواب طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے کہ حکومت اس حوالے سے اپنا واضح جواب دے اس سے پہلے کہ عدالت خود کوئی اقدام کرے۔
یاد رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے پولیٹیکل کونسل کے اجلاس میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر فیصلہ کیا گیا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کو غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کے خلاف عدالتی و عوامی سمیت ہر فورم پر آواز اٹھائی جائی گی کیونکہ غیر جماعتی بنیادوں پر الیکشن کرانا غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدام ہیں اور آمرانہ سوچ کی عکاسی ہے جس پر پہلے مرحلے میں ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے جس پر عدالت نے پنجاب حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے۔