وحدت نیوز (لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات مظاہر شگری نے لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے صحافی تنظیموں کے احتجاجی مظاہرے میں صحافی برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپریس نیوز کراچی پر ہونے والا حملہ دراصل آزادی صحافت پر قدغن اور سچائی کی آواز کو دبانے کی مکروہ حرکت ہے، پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین حق اور سچ کے سفر میں صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ملک کے طول عرض میں کوئی بھی محب وطن محفوظ نہیں، اب بھی دہشت گردوں سے مذاکرات کرنا اور اں کے لیے نرم گوشہ رکھنا پاکستان کی سالمیت کو داو پر لگانے کے مترادف اور معصوم بے گناہ محب وطن شہدا کے خون سے غداری کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت محب وطن عوام اور صحافی برادری کو اگر تحفظ نہیں دے سکتی تو ان کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں ان نااہل حکمرانوں کی شرمناک پالیسیوں نے پاکستان کو دنیا میں بدنامی کے سوا کچھ نہیں دیا، ہم پرامن ،مستحکم پاکستان کے لیئے جدوجہد جاری رکھیں گے اور دہشت گرودں اور اُن کے آقاوں کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرے اور صحافی برادری کی تحفظ کو یقینی بنائے۔ صحافی تنظیموں کی طرف سے کیے گئے مظاہرے میں صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، ایڈیٹر روزنامہ ایکسپریس ایاز خان، بیوروچیف اے آر وائی عارف حمید بھٹی، بیوروچیف ایکسپریس محمد الیاس، صدر کیمرہ میں ایسوسی ایشن، سیفما سمیت صحافتی تنظیموں کے درجنوں کارکنوں نے شرکت کی۔