وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ امام زمانہ (ع) کے غیبت کے زمانے کی جو سعادت ہمیں نصیب ہوئی ہے وہ گذشتہ اُمتوں کو نہیں ہوئی۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے امام کے ظہور اور سلامتی کی دعا کریں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امام (ع) کی ظہور کی دعا ہماری نجات کا راستہ ہموار کرتی ہے۔ جب تک امام علیہ السلام کی معرفت دلوں میں نہ ہو اعمال کا فائدہ نہیں بلکہ وہ عمل جو معرفت امام (ع) کے ساتھ انجام پائے کئی درجے اہمیت کاحامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مجلس وحدت مسلمین ملتان کے زیراہتمام جامعہ شہید مطہری میں منعقدہ ''عصر غیبت میں ہماری ذمہ داریاں ''سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے گلگت میں سیاحوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ کے پیچھے پاکستان دشمن غیر ملکی استعماری قوتوں کا ہاتھ ملوث ہونا خارج از امکان نہیں ہے۔ ملک میں پے در پے دہشتگردی کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں۔ ہمارے ملک کی خفیہ ایجنسیاں، قانون نافذ کرنے والے ادارے کہاں سو رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ بھارت کی افغانستان میں موجودگی پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔