وحدت نیوز ( جیکب آباد) مہدی آباد جیکب آباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی جانب سے دھشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق خوش آیند ہے مگر ملت جعفریہ کے ہزاروں شہدائے وطن کے ورثاء آج بھی اپنے پیاروں کے خون سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔ کوئٹہ سے پاراچنار تک جن دھشت گردوں نے مساجد اور امام بارگوں مظلوموں کا خون بہایا انہیں کب پھانسی پہ لٹکایا جائے گا۔شہدائے شکارپور کی تیسری برسی کے موقع پر ہم ایک دفعہ پھر ان مظلوم شہداء کے لئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں جنہیں بے جرم و خطا حالت نماز میں شہید کیا گیا اور قاتل آج بھی آزاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا تقدس اس وقت ہے جب پارلیمنٹ مجرموں کی محافظ بننے کی بجائے پاکستان کے بیس کروڑ عوام اورمظلوموں کی پناہ گاہ ہو۔ جو پارلیمنٹ وطن کے عزت وقار کی محافظ بنے ، ظالموں اور لٹیروں کو بے نقاب کرے۔ چوروں اور ڈاکووں کی محافظ پارلیمنٹ اپنا تقدس پامال کر چکی ہے۔ اراکین پارلیمنٹ ذاتی مفادات سے نکل کر ملک کے غریب عوام کا سوچیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم یوم یکجہتی کشمیر پر مظلوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت میں بھرپور آواز بلند کریں گے۔ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ نے ہمیشہ مظلوم کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء کشمیر اور فلسطین جلد آزاد ہوگا اور ظلم کی سیاہ رات کا جلد خاتمہ ہوگا۔