اگر کفریہ نظام کہہ کر ہم انتخابات میں حصہ نہ لیتے تو تکفیری پارلیمنٹ میں پہنچنے میں کامیاب ہوجاتے، مولانا عروج زیدی

22 فروری 2024

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع شرقی کراچی کی جانب سے انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے فکر امام خمینی کے سلسلہ کی نشست "انقلاب اسلامی امام خمینی کی نظر میں" کے عنوان پر مجلس وحدت مسلمین کے دفتر سولجر بازار میں منعقد کی گئی ۔ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عروج زیدی صاحب نے کہا کہ امام خمینی نے اسلام کی مکمل شکل روشناس کروائی.امام خمینی نے  یہ فکر کربلا سے حاصل کی۔انقلاب اسلامی کربلا کا نتیجہ ہے۔امام خمینی کا قیام خالص اللہ کے لئے تھا ۔ان کی ذات میں کسی قسم کی خود پسندی نہیں تھی۔ہر کام اللہ کے لئے کرتے تھے ۔اس خوبی کے حصول  کے لئےاندر سے "میں" مارنی پڑتی ہے۔امام خمینی انتہائی مطمئن شخص تھے۔امام خمینی کی تحریک کو23 سال کا عرصہ لگا اور وہ کامیاب ہوئے بالکل اسی طرح جس طرح رسول خداؐ کی تحریک کو 23 سال کامیاب ہونے میں لگے تھے۔دس سال جو کچھ ایرانی قوم کے ذہنوں میں پہلے سے تھا اسے نکالنے میں لگے اور تیرہ سال ان کی تربیت میں امام نے صرف کئے۔امام خمینی کے سامنے تین رکاوٹیں تھیں ایک قوم پرستی ،دوسرا سوشلزم اور تیسرا سرمایہ دارانہ نظام ۔امام خمینی نے تینوں کو عبور کیا ۔

ان روایتی سلسلوں کو نکال کر  انقلاب اسلامی کو کامیاب بنایا ۔مولانا عروج زیدی نے بتایا کہ ہماری نجات تعلیم و تربیت میں ہے۔امام خمینی کے انقلاب میں خواتین نے سب سے اہم کردار ادا کیا۔ہمیں خواتین کو ایسی فرصت اور مواقع دینے چاہیے کہ وہ اپنی تربیت کریں اور حزب اللہی نوجوان تیار کریں۔خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے ۔خواتین حجاب اسلامی کے ساتھ تعلیم حاصل کرسکتی ہیں۔امام خمینی نے سب سے پہلے نعرہ لگایا کہ اسلام گم ہوچکا ہے۔اسلام گمشدہ است امام خمینی ایک ایسی قوم کو کہہ رہے تھے جو نماز روزہ کی پابند تھی ۔ تقلید کرتی تھی۔یہ وہ دور تھا کہ امام خمینی کے مقابلے میں رضا شاہ نے سفید انقلاب کا نعرہ لگایا اور عوام کو مراعات دینے کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔اس دوران امام خمینی کہتے ہیں کہ اسلام گم ہوچکا ہے۔

مولانا سید عروج زیدی نے کہا کہ جب کبھی انقلابی تحریک کسی خطے میں کامیاب ہونے لگتی ہے ،دشمن عوام کو مراعاتیں دے کر ٹھنڈا کرتا ہے اور نتیجہ میں الہی' رہبروں کو زندان میں ڈال دیا جاتا ہے یا پھر شہید کردیا جاتا ہے۔قومیں اپنی تقدیر خود لکھتی ہیں ۔انقلاب تب آتا ہے جب قوم بیدار ہوتی ہیں۔امام خمینی کا نام ہم اس لئے لیتے ہیں کہ انہوں نے ہمیں آج کے دور میں حسینیؑ بن کر جینا سکھایا ۔امام خمینی نے بتایا کہ کربلا منائی نہیں جاتی کربلا میں اتراجاتا ہے.کربلا برپا کی جاتی ہے.الہی' بصیرت رکھنے والی شخصیات ایک خطہ میں آتی ہے مگر وہ پوری دنیا کے لئے ہدایت کا باعث بنتی ہے ۔امام خمینی اسلامی رہبر ہے صرف ایرانیوں کے لیڈر نہیں ہے.رہبر معظم علامہ اقبال کے بارے میں کہتے ہیں کہ میں ایرانیوں سے شکوہ کروں گا کہ آپ نے اقبال کو دیر سے سمجھا اس لئے انقلاب بھی دیر سے آیا ۔

مولانا سید عروج زیدی نے کہا کہ انقلاب سسٹم کو بدلنا چاہتا ہے ۔انقلاب آئیڈیا لوجی کے نتیجہ میں آتا ہے ۔انقلاب عوامی تحریک ہوتی ہے ۔کسی تنظیم یا گروہ کی تحریک انقلاب نہیں کہلاتی ہے۔ اصطلاحات،کودتا یامخملی انقلاب انقلاب سے مشابہت رکھتے ہیں۔ مگر انقلاب نہیں ہوتے ہیں۔مسائل انقلاب کی بنیاد نہیں ہوتے بلکہ نظریہ انقلاب کی بنیاد ہوتا ہے ۔انقلاب سے قبل آغائے کاظم شیرازی اور سید جمال الدین کی تمباکو کی حرمت سے متعلق تحریک اورڈاکٹر مصدق کی تیل کو قومیانے کی تحریک کامیاب ہوئی تھی۔

مولانا سید عروج زیدی نے کہا کہ ہم ابھی تک آزاد نہیں ہوئے ہیں۔ ایسے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں کہ سائنسدان ہماری اپنی زمینوں پر جاکر ریسرچ نہیں کرسکتے ہیں۔یہ غلامی کی علامت ہے۔مولانا سید عروج زیدی نے کہا کہ ہر خطے کے اپنے مخصوص حالات ہوتے ہیں۔پاکستان میں تشیعوں کی بقا کے لئے جمہوریت کے سسٹم میں جانا ضروری ہے۔اگر کفریہ نظام کہہ کر  انتخابات میں حصہ نہ لیا جاتا تو تکفیری پارلیمنٹ میں پہنچنے میں کامیاب ہوجاتے ۔فکری نشست کے اختتام پر انقلاب اسلامی ایران کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ اس سے قبل برادر راشد نے تلاوت قرآن پاک سے نشست کا آغاز کیا ۔ فکری نشست کی نظارت کے فرائض برادر رضوان پنجوانی نے انجام دئیے ۔فکری نشست میں خواتین و مرد حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree