وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ,سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کا اتحاد خوش آئند ہے ۔تینوں سیاسی جماعتوں کا اتحاد نیا نہیں بلکہ گزشتہ دس سالوں سے فکری طور پر ہم آہنگ ہیں۔مجلس وحدت مسلمین بھرپورحوصلے اور استقامت کے ساتھ تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے اورآزاد خارجہ پالیسی اور داخلی خودمختاری کی حمایت میں ان شا اللہ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ ملکی سالمیت و استحکام کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔ رجیم چینگ آپریشن کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے اور اس کے منفی نتائج پوری قوم بھگت رہی ہے ۔قومی انتخابات کے نتائج میں ردوبدل عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ہے۔وطن عزیز میں اضطرابی کیفیت پیدا کرنے کی دانستہ کوشش کی جارہی ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اچھی طرح جانتی ہیں کہ عام انتخابات میں کس جماعت کو سب سے زیادہ عوامی حمایت حاصل تھی ۔عمران خان کا بیانیہ عوامی امنگوں کی ترجمان ہے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مشترکہ جدوجہد تمام جماعتوں کی ذمہ داری بنتی ہے۔پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت نے قوم کو مہنگائی اوربےروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ جو کسر رہ گئی تھی وہ نگراں حکومت پوری کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کو ملک میں شفاف انتخابات کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے۔