وحدت نیوز (کراچی) انجمن ثار اللہ مارٹن روڈ کی جانب سے مسجد و امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن روڈ میں یوم انہدام جنت البقیع کےحوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، اہل سنت عالم دین جناب اعجاز الدین سہروردی، مولانا تقی مہدوی، مولانا محمد علی شاکری اور مولانا دلشاد علی مہدوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مولانا طالب موسوی بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں شیعہ سنی افراد کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق رضا تقوی نے آل سعود کے کردار پر روشنی ڈلاتے ہوئے کہا کہ آل سعود برطانوی استعمار کی ایجاد ہیں اور ان کا کام بھی مسلمانوں میں اختلافات کو ہوا دینا ہے، یہ لوگ آج بھی یہ یہی کام انجام دے رہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ شیعہ سنی دونوں مکاتب فکر کے پیروکاروں کو آپس میں دست و گریباں کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبرستان بقیع کی تعمیر کسی مکتب و فرقے سے وابستہ نہیں بلکہ یہ عالم اسلام کی عظیم شخصیات کی قبور اور مزارات مقدسہ کا منہدم ہونا پورے عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے اور اس کیلئے ہم سب مسلمانوں کو آواز اٹھانی چاہیئے۔