وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید کاظمی نے کہا ہے کہ پشاور میں خفیہ اداروں کی اطلاعات پر پولیس نے بروقت کاروائی کر کے کسی بڑے ممکنہ نقصان سے بچا لیا ہے۔ بارودی مواد لے کے جانے والی دہشت گرد خاتون کی گرفتاری بلاشبہ ایک بڑی کامیابی ہے۔جس پر پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے تحسین کے مستحق ہیں۔ مذکورہ گرفتاری کے بعد دہشت گردوں کے کسی بڑے نیٹ ورک تک رسائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی ہر کاروائی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔پاک افغان سرحد پر نگرانی کے عمل کو مزید موثر اور تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تاک میں بیٹھے ملک دشمنوں کو ہر میدان میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے۔ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کامیابی کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشت گردی کے چنگل سے آزاد کرنے کے لیے ریاستی اداروں کا کردار مثالی ہے۔ وطن عزیز میں امن کے حقیقی قیام کے لیے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی گئیں ہیں جورائیگاں نہیں جائیں گی۔