کوئٹہ، ایم ڈبلیو ایم کا انتخابی عمل سے متعلق تحفظات کا اظہار، مکمل شفاف تحقیقات کا مطالبہ

11 فروری 2024

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان نے حالیہ انتخابات سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی، ارباب لیاقت علی ہزارہ، سید عباس موسوی اور دیگر نے کہا کہ ہم حالیہ انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا عملہ جانبدار تھا۔ عوام کو انکے حق رائے دہی سے محروم کرنا بدترین خیانت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان ایک جمہوری ریاست ہے۔ جس میں ہر پاکستانی کو یکساں حقوق بلخصوص حق رائے دہی حاصل ہے۔ ملک کے نظام کو آگے بڑھانے میں انتخابات کا شفاف ہونا انتہائی ضروری ہے، وگرنہ قوم اسمبلیوں میں اپنی حقیقی آواز سے محروم ہو جائے گی اور نااہل اور مسترد شدہ افراد قوم پر قابض ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان بھر میں انتخابات ہوئے۔ اسی طرح بلوچستان کے حلقہ پی بی 42 اور 40 میں بھی پولنگ ہوئے۔ جس کے حوالے سے ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ پولنگ کے دن الیکشن کمیشن کے عملے نے حلقہ پی بی 42 اور 40 میں نااہلی کا مظاہرہ کیا اور مختلف پولنگ اسٹیشنز میں الیکشن کا عمل تاخیر سے شروع ہوا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل اور جانبدار افراد کو ہمارے حلقوں میں تعینات کیا گیا تھا۔ہمارے علاقوں میں خواتین کے لئے پولنگ بوتھ کم، جبکہ ووٹرز کی تعداد بہت زیادہ تھی، اوپر سے عملے کی نااہلی کے باعث بدنظمی ہوئی۔ جس کے باعث ہماری خواتین کو انکے بنیادی حق سے محروم رکھا گیا۔

انکا کہنا تھا کہ پولنگ عملے کی تعداد کم اور وہ انتہائی ناتجربہ کار تھے۔ جس کے باعث پولنگ شدید سست روی کا شکار رہا اور ہمارے ووٹرز ہزاروں کی تعداد میں حق رائے دہی سے محروم ہو گئے۔ پولنگ کے دوران لوڈ شیڈنگ الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث ہمارے علاقے میں پولنگ کا عمل متاثر ہوا اور چند گھنٹے تک رکھا رہا۔ ہمیں یہ بھی خدشہ ہے کہ پولنگ اسٹاف نے جانبداری کے باعث پولنگ کا عمل روکھا۔ ہمیں خدشہ ہے کہ بعض پولنگ اسٹیشنز میں ہمارے مخالفین نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے پولنگ کے عملے کو یرغمال بنایا اور دھاندلی کی۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ بیشتر پولنگ اسٹیشنز کے پریذائڈنگ آفیسرز نے فارم 45 دینے سے انکار کر دیا اور ہمارے ورکرز سے برملا کہا کہ ہم فارم 45 مہیا کرنے کے پابند نہیں ہیں۔ ہم کرپشن کے خلاف ہیں، چاہے وہ کسی بھی شکل و صورت میں ہو۔ انتخابات میں بھی بدقسمتی سے ہمیں کرپشن دیکھنے کو ملی ہے۔ جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ علامہ علی حسنین نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک جمہوریت پسند جماعت ہے اور ہم صاف اور شفاف انتخابات کی حمایت اور عوامی رائے کے احترام کے قائل ہیں۔ عوام کو انکے حق رائے دہی سے محروم کرنا بدترین خیانت ہے۔ جس کے اثرات پورے صوبے پر پڑیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ واقعات، الیکشن کمیشن کے عملے کی جانبداری اور شدید بدانتظامی کی تحقیقات کی جائے۔ ہم اس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree