وحدت نیوز(نصیر آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کربلائی امام بارگاہ مسجد حسینی ڈیرہ مراد جمالی کا دورہ کیا اور اس موقع پر زیر تعمیر مسجد امام بارگاہ اور مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رابطہ دفتر کی تاسیس کے حوالے سے مشاورت کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی سیکریٹری سیاسیات سید عبدالقادر شاہ بخاری ضلعی صدر سید بہار شاہ اور پلاٹ وقف کنندہ حاجی ہدایت اللہ گورشانی و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی بلوچستان کے نصیر اباد ڈویژن کا ہیڈ کوارٹر ہونے کے سبب انتہائی اہمیت کا حامل مرکزی شہر ہے۔ یہاں پر یونیورسٹی اور تعلیمی ادارے ہونے کے سبب علاقے کے اضلاع کے لئے تعلیم کا مرکز ہے۔ ڈیرہ مراد جمالی میں حاجی ہدایت اللہ گورشانی کی جانب سے مین روڈ پر شہر کے وسط میں 26 ہزار مربع فٹ زمین مسجد امام بارگاہ اور ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹریٹ اور دینی و فلاحی کاموں کے لیے وقف کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی مومنین کے تعاون سے یہاں ایک دینی تعلیمی و تنظیمی مرکز قائم کیا جائےگا۔ اس مرکز کا قیام نصیر آباد ڈویژن اور شہر ڈیرہ مراد جمالی کے مومنین کے لئےخوشخبری ہوگی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ قائدوحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دورہ بلوچستان کے موقع پر اس پلاٹ کا جائزہ ہ لیا تھا ہم چاہتے ہیں کہ یہاں ایک بہترین دینی تنظیمی و تعلیمی مرکز قائم کیا جائے۔