وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں حلقہ 10سے ایم ڈبلیوایم کے کونسلرکربلائی عباس علی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان معیاری تعلیم کی فراہمی اور امتحانی نظام کو موثر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔امتحانی نظام میں نقل کے رجحان نے ہمارے تعلیمی نظام کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ امتحانات میں غیر قانونی ذارئع استعمال کرکے زیادہ نمبر تو حاصل کر لیے جاتے ہیں لیکن جب معاملہ دیگر صوبوں سے مقابلے کا آتا ہے تو بہت کم تعداد میں امیدوار معیار پر پورا اترتے ہیں۔ بلوچستان کی پسماندگی ، اور افلاس کی بڑی وجہ غیر معیاری تعلیم ہی ہے۔ نئی نسل کی روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے تعلیم کے شعبے کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔ حکومت تعلیم کے شعبے میں مختص فنڈز میں غیر معمولی اضافہ کرنے کے ساتھ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط بہتر بنانے ، تعلیمی ماحول کے ساتھ تدریس کے عمل کو بامعنی اور مثبت بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے نقل کے رجحان کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ محکمہ تعلیم نقل کے تدارک کے خاتمے کے ساتھ ساتھ اسکولوں کی حالت زار کی بہتری اور تعلیمی معیار موثر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔بلوچستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے ہمارا ویژن پڑھا لکھا بلوچستان ہونا چاہیے۔