وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کہا ہے کہ اگر سابقہ نمائندوں نے تعلیم پر توجہ دی ہوتی تو آج ہم اتنے گھمبیر مسائل میں نہ جھکڑے ہوتے۔ اب بھی وقت ہے کہ منتخب نمائندے اپنی تمام تر توجہ تعلیم کی بہتری پر دیں۔ ہم نے تعلیمی میدان میں وہ اقدامات کئے جو ماضی میں کسی بھی نمائندے نے نہیں کئے۔ اجلاس کو آئی سیپس کے کوآرڈنیٹر نذر محمد بڑیچ نے کوئٹہ کی تعلیمی اصلاحات کے متعلق عوامی ایجنڈے کی تفصیلات پیش کیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی سید محمد رضا نے کہا کہ تعلیم ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔ جب تک ہم تعلیم اور تعلیمی مسائل پر توجہ نہیں دیں گے، اس وقت تک ہمارے مسائل روز بروز بڑھتے جائیں گے۔ منتخب نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر دیں۔ تعلیم ہی ہمارے معاشرے کی اصلاح اور ترقی کی راہ کا تعین کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوئٹہ کے تعلیمی مسائل پر ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ جہاں تک ممکن ہو وہ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کوئٹہ کی تعلیمی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت ہوتے ہوئے بھی سکولوں میں پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں۔ جس کے لئے ہم سب کو مل کر سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے آئی سیپس کی تعلیمی کاوشوں کو سراہتے ہوئے عوامی ایجنڈہ پیش کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔