وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ ناصر عباس جعفری کی کال پر کوئٹہ میں نماز جمعہ کے بعد پیڑول سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ احتجاجی جلسہ علامہ سید ہاشم موسوی کی زیرقیادت نماز جمعہ کے بعد منعقد کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ہاشم موسوی کا کہنا تھا کہ حکومت کا پیڑول سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن فعل ہے۔ پیڑول کی قیمتوں میں اضافے سے ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آئے گا جس کا بوجھ صرف غریب عوام کو ہی اُٹھانا پڑے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکمران آئی ایم ایف سے اپنی عیاشیوں کیلئے قرضہ لی رہی ہے جسکا خمیازہ عوام کو اُٹھانا پڑ رہا ہے۔
علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ ہم اس حکومتی ظالمانہ اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔ یہ عوام کے ساتھ کیسا انصاف ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تو کم ہو رہی ہیں لیکن پاکستان میں عوام کو اس کا ریلیف دینے کی بجائے مزید قیمتوں میں اضافہ کرنے کی روایت برقرار رکھی جا رہی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ اس ظالمانہ اقدام کو روکے اور اپنے فیصلے کو واپس لے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر حکومت اس فیصلے پر برقرار رہی تو دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر ایک بھرپور عوامی تحریک کا آغاز کریں گے، جس کے نتیجے میں حکومت کو عوام کے سامنے جوابدہ بنایا جائیگا اور گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائیگا۔