وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان ضلع اسکردو کے سیکرٹری جنرل شیخ ذیشان علی نے کہا ہے کہ سکردو شہر اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے اور حکمرانوں کو ٹس سے مس نہیں ۔ سابقہ حکمرانوں نے توانائی کے شعبے کو یکسر نظر انداز کیا جس کی وجہ سے بلتستان جیسے علاقے جہاں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کرنے مواقع ہیں شدید لوڈشیڈنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانون کو چاہیے کہ وقت گزاری کی بجاے توانائی کے منصوبوں پر توجہ دیں اور حکمرانی کا حق ادا کریں۔ صوبائی حکومت اخبارات تک محدود رہنے کی بجائے اپنی کارکردگی کو بہتر بتائے۔
شیخ ذیشان نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیدنگ کا حل عارضی بنیادوں پر ڈھونڈنے کی بجائے مستقل بنیادوں پر ڈھونڈا جائے۔جنریٹر عارضی حل ضرور ہوسکتا ہے لیکن نہ یہ کوئی کارنامہ ہو سکتا اور نہ کارکردگی ، یہ عوامی بجٹ کھانے والی مشین کے سواء کچھ نہیں۔ بلتستان میں موجود بجلی گھروںکی تعمیر و مرمت کرکے پیداوار میں اضافہ کیا جائے اور انتظامی اہلی کے سبب جو بجلی گھر بند ہے انہیں فوری طور پر چلایا جائے۔ بجلی کی تقسیم عادلانہ اور منصفانہ بنیادوں پر کی جائے۔ عوام اور صارفین کو بھی چاہیے کہ متعلقہ محکموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے بھاری برقی آلات کے استعمال سے اجتناب کیا جائے اور غیر ضروری بجلی کے استعمال سے گریز کیا جائے ۔