وحدت نیوز(گلگت) امسال گلگت بلتستان میں معمول سے زیادہ برف باری کی وجہ سے بالائی علاقے انتہائی خطرناک قدرتی آفات کی زد میں ہیں۔حکومت حفظ ماتقدم کے تحت قیمتی انسانی جانوں اور مالی نقصانات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے اور آفات کی زد میں رہائش پذیر خاندانوں کو دوسری جگہ منتقل کرکے عوام کے جان ومال کو محفوظ بنائے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے نلتر پائین اور کارگاہ کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور برفانی تودوں کی وجہ سے سڑکیں بلاک ہونے سے قبل بالائی علاقوں میں اشیائے ضروریہ کو سٹاک کرے خاص طور پر گندم/ آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ نلتر پائین میں برفانی تودہ گرنے سے مہدی آباد کی پوری آبادی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں حکومت فوری اقدامات کرے اور علاقے میں خوراک اور ادویات بروقت فراہم کرنے کے اقدامات کرے۔انہوں نے ڈیزاسٹر منیجمنٹ اور ایڈ منسٹریشن سے مطالبہ کیا کہ علاقے بھر کا سروے کرکے عوام کو درپیش خطرات سے آگاہ کرے اور اشیائے ضروریہ کو ان علاقوں میں پیشگی ذخیرہ کرے نیز ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی ٹیم کو تیار رکھے تاکہ بوقت ضرورت ایمرجنسی سے نمٹا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ انتہائی خطرناک علاقوں سے عوام محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ انسانی جانوں کا ضیاع کم سے کم ہو۔