وحدت نیوز (ہٹیاں بالا) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دھڑلے سے جاری، عالمی انسانی حقوق کے ادارے خاموش تماشائی، ظلم کی انتہاء ہو چکی ،اب تو جاگا جائے۔ عاشور کے جلوسوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریاں کہاں کی جمہوریت کا اصول ہیں ،عزاداروں کو پابندسلاسل کیا گیا ، جلوس نہیں نکالنے دیئے گئے اور جب نکالے گئے تب لاٹھیاں برسائی گئیں ، مقبوضہ کشمیر کی عوام کو اب مذہبی معاملات و عبادات کی بھی گنجائش نہیں دی جارہی ۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اطلاعات مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر سید حمید نقوی نے کیا ، انہوں نے کہا کہ مجالس و جلوس ہائے عزا پر پابندی بھارتی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی ، انڈیا وقت کے یزید کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ایسی کون سی جمہوریت ہے جو لوگوں کو مذہبی عبادات سے روکے؟ کشمیری اسی لیے تو آزادی چاہتے ہیں کہ وہ حقیقی معنوں میں اپنی زندگی گزار سکیں ، اپنے مذہبی معاملات کی ادائیگی کر سکیں ، انہیں کسی طرح کی روک ٹوک نہ ہو سکے ۔ مگر ان کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا ۔ بھارت یاد رکھ لے کہ یزید نے بھی حسین ؑ کو شہید کر کے سمجھا تھا قصہ ختم ہو گیا ، مگر مظلوم سر کٹا کر بھی فتح یاب ہوئے ظالم سر بچا کر بھی نامراد ہوئے ۔ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ بھارت کو ایک دن ضرور اپنے کیئے پر حساب دینا ہو گا۔ سیکرٹری اطلاعات مولاناسید حمید نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کو روز عاشور بھارتی مظالم پر سخت تشویش ہے۔ جبکہ دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر میں کیئے جانے والے بہترین سیکورٹی انتظامات پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ، آئی جی آزاد کشمیر ، کمشر ڈویژن ہا، ڈپٹی کمشنر صاحب اور جملہ انتظامیہ ، ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ اور دعا گو ہے کہ خدا وند ان کی اس ڈیوٹی کو اپنے حضور عبادت شمار فرمائے۔