وحدت نیوز(مظفر آباد) بھارت ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے پھر سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ مختلف سیکٹرز پر فائرنگ اور گولہ باری سے بھاری نقصان ہو رہا ہے ۔ اب تو حد ہو گئی ہمارے سات جوان شہید ہو گئے ۔بھمبر سیکٹر پر شہید ہونے والے جوانوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بھارت کے اس بزدلانہ فعل کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔ مسئلہ کشمیر کو ایسے ہتھکنڈوں سے نہیں دبایا جا سکتا ۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموںو کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی نے اپنے دفتر میںکابینہ اجلاس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ جبکہ نام نہاد جمہوریہ بھارت کی کھلے الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ایسے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کو ہر گز نہیں دبایا جا سکتا۔ منزل کے حصول تک جدوجہد آزادی جاری رہے گی۔ بھارت جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ عالمی سطح پر اسے بے نقاب کیا جانا از حد ضروری ہے۔ انصاف کی عالمی عدالت کو از خود نوٹس لینا چاہیے ۔بھارت جس طرح مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے نا قابل قبول ہے پاک فوج منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔عالمی برادری دہرا معیار اپنائے ہوئے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ مسئلہ کشمیرانسانیت کا مسئلہ ہے ۔ اس کے حل اور پوری قوم پاک فوج کی پشت پر ہے۔
علامہ تصور نقوی نے مزید کہا کہ وفاقی و ریاستی حکومتیں بنکرز کی تعمیر اور دیگر حفاظتی امور کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔ کنٹرول لائن پر بسنے والے بلا تنخواہ سپاہیوںکا خیال رکھے ۔سردیوں میں بارڈرپر رہنے والے دیگر علاقوں سے کٹ کر رہ جاتے ہیں خوراک اور میڈیکل کے لیے عملی اقدامات نا گزیر ہیں۔