وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کی ریاستی کابینہ کا علامہ سید تصور حسین الجوادی کی زیر صدارت اجلاس۔ ہفتہ وحدت بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ تصور جوادی نے کہا کہ حضور نبی کریم تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر آئے ، حضور صرف شیعہ سنی کی ہی نہیں بلکہ انسانیت کی میراث ہیں ، آپ نے جہالت کی غلاظت سے نکال کر ہدایت کے نور کی جانب پناہ دی، زندگی جینے کا سلیقہ و حوصلہ دیا، معاشرے کو قوانین و انصاف کا مجموعہ بنایا، حقوق اولاد ، والدین ، بہن ، بیوی بیٹا و بیٹی سے آشنا کیا، فضائل و مناقب میں آںحضرت کا کون ثانی ہو سکتا ہے کہ جب زمین کا فرش آپ کے قدموں کی زینت و آسماں کا سائباں آپ کے استقبال کے لیے شامیانہ قرار پایا ، خلق کر کے باری تعالی نے فرما دیا میرا حبیب اگر آپ نہ ہوتے تو یہ کائنات نہ ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین جملہ اہل اسلام کو عید میلاد مصطفی ص کی مناسبت سے ہدیہ تبریک پیش کرتی ہے۔ بارہ تا سترہ ربیع الاول بفرمان امام خمینی و بہدایت قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری بھرپور انداز میں منائیں گے۔ تمام اضلاع میں شیعہ سنی مشترکہ میلاد کانفرنسز کا انعقاد ہو گا جبکہ مرکزی پروگرام دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہو گا۔ علامہ تصور جوادی نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین مجلس وحدت کا بنیادی و اہم ترین مقصد ہے ، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ شیعہ و سنی نے جسطرح ملکر پاکستان بنایا اسی طرح ملکر اس مملکت خداداد پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی حدود کی محافظت یقینی بنائیں۔ تکفیریت ملک کے لیے زہر قاتل ملکر اسے شکست سے دوچار کریں۔ اجلاس میں مولانا سید طالب ہمدانی ، مولانا سید حمید نقوی ، عابد علی قریشی ، سید حسین سبزواری ، سید غفران علی کاظمی و دیگر شریک تھے۔ اجلاس کا اختتام ملک پاکستان و آزادکشمیر کی سلامتی و مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کی دعا کے ساتھ کیا گیا۔