وحدت نیوز (کوٹلی) محافل و مجالس ہماری عبادت ، کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں ، درود کی خوشبو سے بارود ختم ہو جائے گا،پیغام حسین ؑ و محافل میلاد مصطفی ؐ کا انعقاد عین عبادت ہے، یہ عبادت جاری و ساری رکھیں گے، ان خیالات کا اظہار ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے منڈیاری سیداں میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا ، انہوں نے کہا کہ ہم عزاداری سیدا لشہداء ؑ و میلاد خاتم الانبیاء ؐ کے ذریعے پیغام امن عام کرتے ہیں ، ہم بتاتے ہیں کہ ظالم کے خلاف ڈٹ جانا اسوہ حسینی ہے اور نعمات خداوندی کا شکر ادا کرنا کار مصطفوی ہے، تمام مشکلات کا حل امت واحدہ کی صورت میں اکٹھے ہونے میں ہے، اتحاد و اتفاق سے دشمن دین و وطن کو نابود کر دیں گے ، درود و سلام ، لبیک یا رسول ؐ اللہ و لبیک یا حسین ؑ ہمارے شعار ، بلند کرتے ہوئے دشمن کو بھگا دیں گے، علامہ تصور جوادی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اتحاد امت کے لیئے کوشاں ، ہر صورت بر سر پیکار رہے گی، مظلوم کی آواز بن کر ابھرنے والی جماعت ہر مظلوم کی آواز بنے گی ، ظالم کے مقابلے میں مظلوم کی حمایت ہی ہمارا شیوہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی دو روزہ دورے پر کوٹلی پہنچے جہاں ضلعی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین کوٹلی بردر طاہر بخاری نے اپنی کابینہ کے ہمراہ ان کا خیر مقدم کیا ، ریاستی سیکرٹری جنرل کے ہمراہ ریاستی سیکرٹری اطلاعات مولانا سید حمید نقوی ، ریاستی سیکرٹری تنظیم سازی ڈاکٹر عابد علی قریشی اور ریاستی سیکرٹری وحدت اسکاؤٹس برادر سید انصر عباس نقوی تھے، ریاستی سیکرٹری جنرل نے تنظیمی اجلاس میں خصوصی شرکت کے ساتھ ساتھ مجلس عزاو عوامی اجتماع سے خطاب کے علاوہ مختلف شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں ۔